• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مختلف شہروں میں اسرائیل مخالف مظاہرے

Updated: May 29, 2024, 10:26 AM IST | Agency | Beirut/Paris

پیرس، نیویارک، بارسلونا، تیونس، مانچسٹر اور بیروت میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاج ، تل ابیب پر سخت پابندی کا مطالبہ۔

On Monday in Beirut, the capital of Lebanon, there was a protest in support of the Palestinians. Photo: AP/PTI
پیر کو لبنان کے دارالحکومت بیروت میں فلسطینیوں کی حمایت میں کچھ اس طرح احتجاج کیا گیا۔ تصویر :اے پی/ پی ٹی آئی

پیرس، نیویارک، بارسلونا، تیونس، مانچسٹر اور بیروت میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے کئے گئے۔ ا س دوران مظاہرین نے عالمی برادری سے اسرائیل پر سخت پابندیوں کا بھی مطالبہ کیا۔ 
 پیرس میں پولیس اور فلسطین کے حامی مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ مظاہرین نے فرانسیسی حکومت سے اسرائیل کے خلاف سخت اقدامات کا مطالبہ کیا۔ 
بارسلونا میں یورپی کمیشن کے صدر دفتر اور میڈرڈ میں وزارت خارجہ کی عمارت کے باہر سیکڑوں مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف سخت پابندیوں کا مطالبہ کیا۔ 
 تیونس میں ہزاروں افراد نے فلسطینی پرچم لہرا کر فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے اسرائیلی حملے رکوانے پر زور دیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: اسپین، ناروے اور آئرلینڈ نے باضابطہ طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرلیا

اسی طرح نیویارک شہر میں فلسطینیوں کے سیکڑوں حامی مظاہرین سڑکوں پر اترے اور بارش کے باوجود مارچ کرتے ہوئے رفح میں اسرائیلی حملے پر غم و غصے کا اظہار کیا۔ ادھر مانچسٹر یونیورسٹی کے تاریخی کیمپس پر اسرائیل مخالف مظاہرین نے فلسطینی پرچم لہرا یا اور اسرائیل سے فوری طور پر رفح میں حملے روکنے پر زور دیا۔ اس دوران اسرائیل مخالف نعرے بھی لگائے گئے۔ 
دریں اثناء لبنان کے دارالحکومت بیروت میں مصر ی سفارتخانے کے سامنے  رفح میں  ہونے والے اسرائیلی حملے کیخلاف احتجاج کیا گیا۔ اس دوران اسرائیل مخالف نعرے لگائے گئے۔ 

 رفح پر حملے کے بعد اسرائیل سے جنگ بندی سے متعلق مذاکرات ممکن نہیں:حماس
حماس کے مطابق رفح پر حملے کے بعد اسرائیل سے جنگ بندی سے متعلق مذاکرات ممکن نہیں ہیں۔ میڈیا رپورٹس کےمطابق پیر کو حماس نےامن مذاکرات کے ثالثوں کو مطلع کیا ہے کہ وہ اتوار کی رات غزہ کے جنوبی شہر رفح پر اسرائیل کے حملے کے بعد غزہ پٹی میں جنگ بندی یا قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے کسی بھی مذاکرے میں حصہ نہیں لے گی۔ ذرائع کے حوالے سے خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے بتایا کہ یہ فیصلہ اسرائیلی فوج کی جانب سے رفح کے شمال مغرب میں بے گھر ہونے والے شہریوں کے خیموں کو نشانہ بنائے جانے کے جواب میں کیا گیا جس میں ۴۵؍ سے ز ائد افراد شہید اور زخمی ہوگئے تھے۔ ذرائع نے یہ بھی کہا کہ حماس کی قیادت کو مصر یا قطر کے ثالثوں کی جانب سے مذاکرات بحال کرنے سے متعلق کوئی باضابطہ اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ 
 غزہ کی وزارت صحت کے حکام نے پیر کو ایک بیان میں کہا تھا کہ رفح شہر کے نزدیک بے گھر افراد کیلئے بنائے گئے خیموں پر اسرائیلی فضائی حملوں میں بچوں اور خواتین سمیت کم از کم۴۵؍ فلسطینی شہید ہو گئے۔ 
  حماس کے سینئر اہلکار اسامہ حمدان نے پیر کو بیروت میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اسرائیل کو ہمارے ثالثوں کے سامنے ہماری شرائط ہی پر یرغمالی سونپے جائيں گے۔ حمدان نے مزید کہا کہ کسی معاہدے تک پہنچنے کیلئے حماس کی شرائط میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے جن میں  جنگ بندی بھی شامل ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK