• Fri, 03 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

غزہ جنگ ۱۲؍ویں ماہ میں داخل، جنگ بندی کیلئے دباؤ مزید بڑھ گیا

Updated: September 09, 2024, 12:23 PM IST | Agency | Gaza

اسرائیلی حملے اور ہلاکتوں کا سلسلہ بدستور جاری، مغربی کنارہ میں ترکی نژاد امریکی خاتون کوگولی ماردی گئی۔

Aysenur Ezgi Eygi. Photo: INN
ایزینور ایزگی ایگی۔ تصویر : آئی این این

غزہ جنگ سنیچر ۷؍ستمبر کو ۱۲؍ویں مہینے میں داخل ہو چکی ہے جس میں فلسطینی سرزمین کیلئے راحت یا اسرائیلی یرغمالوں کیلئے امید کی کوئی خاص علامت نظر نہیں آ رہی ہے۔ فریقین اپنے اپنے موقف پر چونکہ سختی سے قائم ہیں اس لئے جنگ بندی کے امکانات بہت کم نظر آرہے ہیں ۔ حماس اسرائیل کے مکمل انخلاء کا مطالبہ کر رہا ہے لیکن اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا اصرار ہے کہ فوجیوں کو غزہ-مصر کی سرحد کے ساتھ زمین کی ایک اہم پٹی پر موجود رہنا چاہئے۔ امریکہ، قطر اور مصر تمام جنگ بندی کیلئے ثالثی کر رہے ہیں۔ 
 واضح رہے کہ حکام کے مطابق غزہ جنگ میں اب تک کم از کم۴۰؍ہزار۹۳۹؍ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق کے مطابق ہلاک شدگان میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔ دریں اثناء گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کے حملے میں غزہ میں مزید ۳۳؍افراد کی موت ہوگئی۔ 
’’گیارہ ماہ۔ بہت ہوگیا‘‘
 اسرائیلی یرغمالوں میں سے ۳۳؍ ہلاک ہوچکے ہیں۔ یاد رہے کہ نومبر میں ایک ہفتے کی مختصر جنگ بندی کے دوران کئی یرغمالوں کو رہا کیا گیا تھا۔ ایک امریکی نژاداسرائیلی شہری سمیت ۶؍یرغمالوں کی لاشیں غزہ کی سرنگ سے برآمد ہونے کے بعد اسرائیل میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ غزہ جنگ بارہویں ماہ میں داخل ہونے پر اقوامِ متحدہ کی فلسطینی پناہ گزین ایجنسی ’اونروا‘ کے سربراہ فلپ لازارینی نے گزشتہ روز ’ایکس‘ پر پوسٹ کیا: ’’گیارہ ماہ۔ بہت ہو گیا۔ اسے مزید کوئی برداشت نہیں کر سکتا۔ انسانیت کو غالب آنا چاہئے۔ اب جنگ بندی ہونی چاہئے۔ ‘‘
’’اسرائیلی فوج نے خاتون کو سرمیں گولی ماری‘‘
 جنگ کے خاتمے کیلئے بین الاقوامی دباؤ اس وقت مزید بڑھ گیا جب جمعہ کو مقبوضہ علاقے میں اسرائیلی بستیوں کے خلاف احتجاج کرنے والی ایک ترک نژاد امریکی کارکن کو مغربی کنارے میں گولی مار دی گئی۔ ۲۶؍ سالہ ایزینور ایزگی ایگی کے اہل خانہ نے امریکی حکومت سے اس کی موت کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ 
 اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق نے کہا کہ اسرائیلی افواج نے ایگی کو سر میں گولی مار ی ہے۔ صدراردگان نے اسے ’وحشیانہ‘ حرکت قرار دیتے ہوئے سخت مذمت کی۔ واشنگٹن نے ان کی موت کو’افسوسناک‘ قرار دیا اور اپنے قریبی اتحادی اسرائیل پر تحقیقات کیلئے دباؤ ڈالا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK