Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

اسرائیلی حملے میں غزہ میں سینئرحماس لیڈر سمیت ۴۰؍ اور لبنان میں۷؍ افراد شہید

Updated: March 24, 2025, 11:22 AM IST | Ramallah

خان یونس اور رفح پرصہیونی فوج کی بمباری اورگولہ باری ،جنگ بندی کے معاہدہ کی خلاف ورزی کے بعدمسلسل چھٹے دن اسرائیل کی اہل غزہ پرجارحیت۔

Senior Hamas leader Salah al-Bardawil was martyred. Photo: INN
حماس کے سینئر لیڈر صلاح البرداویل شہید کردئیےگئے۔ تصویر: آئی این این

غزہ پٹی پر اسرائیلی افواج کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے، خان یونس میں حماس کے سینئر عہدیدار صلاح البرداویل ، ان کی اہلیہ اور بچی کو شہید کر دیا گیا، رفح میں سحری کے وقت حملے میں۲۳؍ فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ ایک اور تازہ حملے کے بعد ایمبولینس وہاں بھیجی گئی ہیں۔  نشریاتی ادارے الجزیرہ، اخبار’ ڈان ‘ اور دیگر خبررساں ایجنسیوں کے مطابق جنوبی غزہ میں  اس کے علاوہ بھی حملے کئے گئے ہیں اورمزید فلسطینیوں کی شہادت کی اطلاع ملی ہے ۔ قدس نیوز نیٹ ورک کا کہنا ہے کہ رفح کے علاقے تل سلطان پر اسرائیلی حملے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے ۔مجموعی طورپر۴۰؍سےزائد فلسطینی شہید ہوئے ہیں ۔  ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ جنوبی غزہ پٹی میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم ازکم ۴۰؍ شہری شہید ہوئے اور ان کی لاشیں خان یونس کے ناصر اور دیگر اسپتال میں پہنچائی گئیں۔ 
دوسری جانب اسرائیلی افواج جنوبی لبنان پر بھی مبینہ راکٹ حملے کے بعد بھی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں جن میں۷؍ افراد شہید ہو گئے جس کے باعث۴؍ ماہ قبل حزب اللہ کے ساتھ طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کو خطرہ لاحق ہے۔
 دریں اثنا، یمنی میڈیا کے مطابق، امریکہ نے یمن پر اپنے فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں، الحدیدہ کے ہوائی اڈے پر۳؍ اور بحیرہ احمر میں السلف کی بندرگاہ پر ایک اور حملہ کیا گیا ہے۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق غزہ پر اسرائیل  کے ذریعے مسلط کی گئی جنگ میں کم از کم۴۹؍ ہزار۷۴۷؍فلسطینیوں کی شہادت اور ایک لاکھ۱۳؍ ہزار۲۱۳؍ افرادکے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے شہیدوں کی تعداد۶۱؍ہزار۷۰۰؍ سے زائد بتائی ہے اور کہا ہے کہ ملبے تلے دبے ہزاروں فلسطینیوں کو متوفی تصور کیا جا رہا ہے۔۷؍اکتوبر ۲۰۲۳ء کو حماس کی زیر قیادت حملوں کے دوران اسرائیل میں کم از کم ایک  ہزار ۱۳۹؍افراد ہلاک ہوئے اور۲۰۰؍ سے زائد کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔
حماس کے سینئر عہدیدار کی شہادت کی تصدیق
 الجزیرہ کے مطابق حماس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کے ایک سینئر عہدیدار صلاح البرداویل اتوار کی علی الصباح خان یونس پر اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوگئے۔اس حملے میں ان کی بیوی اور بچہ بھی شہید ہوئے تھے۔حماس کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کے بعد سے اسرائیل کے حملوں کا یہ مسلسل چھٹا دن  تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK