• Tue, 22 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

لبنان اور غزہ میں اسرائیلی حملے،درجنوں افراد شہید

Updated: October 22, 2024, 12:40 PM IST | Agency | Gaza/Beirut

مغربی کنارہ میں اسرائیلی فوجیوں نے متعدد مقامات پر چھاپے مارے،لوگوں پر تشدد کیا،۲؍بچوں کو حراست میں لیا۔

There was something apocalyptic after the Israeli bombardment of a residential area of ​​Beirut on Sunday night. Photo: INN
اتوار کی رات بیروت کے رہائشی علاقے پر اسرائیلی بمباری کے بعد کچھ ایسا قیامت خیز منظر تھا۔ تصویر : آئی این این

:لبنان اور غزہ میں  اتوار کی رات سے لے کر پیر کی شب تک متعدد مقامات پر اسرائیلی فوج نے حملے کئے ہیں۔ جن میں  متعدد افراد جاں  بحق اور درجنوں  زخمی ہوئےہیں۔ یہ فضائی حملے شدید نوعیت کے رہےاور اسے بڑے پیمانے پر رہائشی علاقوں میں  نقصان پہنچا ہے۔ 
بیروت پر اسرائیل کے متعدد میزائل حملے
اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر۱۱؍ فضائی حملے کیے۔ جنوبی بیروت میں شدید دھماکوں کے بعد علاقے سے دھواں اٹھنا شروع ہو گیا۔ لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی این این اے کے مطابق، اسرائیلی جنگی طیاروں نے اتوار کی شام دارالحکومت بیروت پر کیے گئے فضائی حملوں کی تعداد۱۱؍ تک پہنچ گئی۔ خبر میں بتایا گیا کہ جنوبی بیروت میں حزب اللہ سے منسلک قرض حسن ادارے نامی ادارے کی شاخوں کو نشانہ بنایا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی نبطیہ صوبے اور مشرقی بقاع علاقے میں قرضِ حسن کی شاخوں کو بھی نشانہ بنایا، جبکہ جنوبی صور شہر میں ایک ایمبولینس پر حملے کے نتیجے میں کچھ طبی عملہ زخمی ہوا۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان اویخائی ادرعی نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ قرضِ حسن کی شاخوں کو نشانہ بنائیں گے کیونکہ یہ حزب اللہ کی اسرائیل کے خلاف سرگرمیوں کی مالی معاونت کرتی ہیں۔ 
غزہ میں ۳۳؍ فلسطینی جاں بحق
 اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے جبالیہ کیمپ اور اطراف میں پیر کو بھی بہیمانہ حملے کئے گئے۔ جن میں  تقریباً ۳۳؍ فلسطینی جاں  بحق ہوئے ہیں۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق شمالی غزہ میں  پچھلے ۱۷؍دنوں  میں  ۶۴۰؍فلسطینی جاں  بحق ہوچکے ہیں۔ 
مغربی کنارہ میں چھاپے اور تشدد
 اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران۲؍ بچوں سمیت۱۸؍ فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ فلسطینی تحریک آزادی کی کمیٹی برائے اسیران و رہا شدگان اور فلسطین جمیعت اسیران نے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوجی دریائے اردن کے مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپہ کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ 
بیان کے مطابق مغربی کنارے کے مختلف شہروں اور قصبوں میں چھاپہ کاروائیوں کے دوران۲؍ بچوں اور سابق قیدیوں سمیت۱۸؍ فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فوجیوں نے حراست میں لیے گئے فلسطینیوں کے اہلِ خانہ کو مار پیٹ کی اور دھمکیاں دی ہیں۔ واضح رہے کہ تازہ گرفتاریوں کے بعدمقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی القدس میں ۷؍ اکتوبر۲۰۲۳ء سے اب تک حراست میں لیے گئے فلسطینیوں کی تعداد۱۱؍ ہزار ۳۰۰؍ سے تجاوز کر گئی ہے۔ 
 حزب اللہ کے عبوری سربراہ قاسم نعیم ایران منتقل
حسن نصراللہ کی جگہ حزب اللہ کی قیادت سنبھالنے والے عبوری سربراہ نعیم قاسم اسرائیل کے قاتلانہ حملے کے پیش نظر لبنان سے ایران منتقل ہوگئے ہیں۔ نعیم قاسم ۵؍ اکتوبر کو لبنان اور شام کے سرکاری دورے پر آئے ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کے زیر استعمال طیارے سے بیروت سے تہران پہنچے۔ یہ دعویٰ متحدہ عرب امارات میں قائم ایرم نیوز کی ایک رپورٹ میں کیا گیا ہے، تاہم حزب اللہ اور ایران کی جانب سے اسکی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK