Inquilab Logo Happiest Places to Work

وسطی غزہ پر اسرائیلی حملوں  میں شدت

Updated: March 27, 2025, 9:48 AM IST | Gaza

۱۸؍ مارچ سے دوبارہ شروع ہونےوالی بمباری کی وجہ سے ایک لاکھ ۴۰؍ ہزارافراد نقل مکانی پر مجبور، ۲۴؍ گھنٹوں  میں   ۳۸؍ جاں بحق۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

اسرائیل نے بدھ کو وسطی غزہ پر اپنے حملے شدید تر کردیئے۔ منگل اور بدھ کی درمیانی شب اسرائیل کے حملوں  میں  کم از کم ۳۸؍ فلسطینیوں   نے جام شہادت نوش کیا۔ اقوام متحدہ کی ایجنسی ’ او سی ایچ اے‘ نے اسرائیلی حملوں   پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے بتایاہے کہ ۱۸؍ مارچ کو دوبارہ شروع ہونےوالے حملوں  کی وجہ سے پہلے ہی بے گھر ہوچکے کم از کم ایک لاکھ ۴۰؍ ہزار افراد پھر جبراً نقل مکانی پر مجبورہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو جبالیہ کا علاقہ خالی کرنے کا حکم دے دیا جس سے ہزاروں تباہ حال فلسطینی پھربے گھر ہو گئے ہیں۔ 
ہفتے بھر میں  ۲۷۰؍ بچے شہید
منگل اور بدھ کے درمیان اسرائیل کے وحشیانہ حملوں  میں  جاں  بحق ہونےوالوں   میں   ۷؍ بچے شامل ہیں۔ بین الاقوامی تنظیم ’’سیو دی چلڈرن ‘‘ نے اطلاع دی ہے کہ ’’اسرائیلی بمباری میں  ای ہفتے میں ۲۷۰؍ بچے شہید ہو چکے ہیں۔ ادھر حماس نے عالمی برادری سے اسرائیلی جارحیت رُکوانے کا مطالبہ اور عالمی برادری سے احتجاجی مظاہروں کی اپیل کی ہے۔ 
جنگ کے خاتمہ کی فلسطینیوں کا احتجاج 
اس بیچ شمالی غزہ میں سیکڑوں فلسطینیوں نے احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا اور اسرائیل سے جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ شمالی غزہ کے علاقے بیت لاہیا، بیت حانون اور جبالیہ میں سیکڑوں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے اور غزہ پر اسرائیلی حملوں اور ناکہ بندی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ وفا نیوز ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر’’ہم مرنے سے انکار کرتے ہیں ‘‘، ’ہمارے بچوں کا خون سستا نہیں ‘ اور ’جنگ بند کرو‘ کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ’’ بہت ہو گئی نقل مکانی، ہم جینا چاہتے ہیں، محاصرہ شدید ہے، نہ خوراک، نہ تحفظ، نہ پانی، یہاں تک کہ پیسے بھی نہیں ہیں، بس اب بہت ہوگیا، ہم عزت کے ساتھ جینا چاہتے ہیں۔ ‘‘
حماس کے خلاف مظاہرے؟
اسرائیلی میڈیا نے ان مظاہروں  کو ’’حماس کے خلاف مظاہروں ‘‘ کے طور پر پیش کیا ہے جسے فوری طور پر بین الاقوامی میڈیا کی بھی تائید حاصل ہوگئی۔ خبر رساں ایجنسی’’ اے ایف پی ‘‘کے مطابق کچھ مظاہرین نے حماس مخالف نعرے بھی لگائے تاہم الجزیرہ جو غزہ سے مصدقہ خبروں  کیلئے جانا جاتا ہے، نے ایسی کوئی خبر نہیں دی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK