اسرائیلی فوج نے مقبوضہ شام کے گولان میں پانی کے سب سے بڑے منترا ڈیم کا کنٹرول سنبھال لیا۔
EPAPER
Updated: January 04, 2025, 1:37 PM IST | Agency | Beirut, Damascus
اسرائیلی فوج نے مقبوضہ شام کے گولان میں پانی کے سب سے بڑے منترا ڈیم کا کنٹرول سنبھال لیا۔
اسرائیلی جنگی طیاروں نے گزشتہ روز جنوبی لبنان کے کئی علاقوں پر حملہ کیا۔ لبنان کے سرکاری اور فوجی ذرائع نے یہ اطلاع دی ہے۔ لبنان کی سرکاری قومی خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے اقلیم الطفا اور جبل الریحان کے شمالی مضافات میں البریج کے علاقے کو فضا سے زمین پر مار کرنے والے ۲؍ میزائلوں سے نشانہ بنایا۔
اسی طرح شام کے جنوبی صوبے حلب میں گزشتہ رات کو اس وقت سلسلہ وار دھماکے ہوئے جب اسرائیلی جنگی طیاروں نے دفاعی فیکٹریوں اور ایک تحقیقی مرکز پر حملہ کیا۔ مقامی میڈیا اور سیریئن ہیومن رائٹس آبزرویٹری نے یہ اطلاع دی ہے۔ مقامی خبر رساں ادارے ’الوطن آن لائن‘ نے اطلاع دی ہے کہ السفیرہ شہر میں واقع دفاعی تنصیبات میں متعدد دھماکے ہوئے۔ حملے میں شہر کے مضافات میں ایک سائنسی تحقیقی مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔
برطانیہ میں قائم جنگ پر نظر رکھنے والے سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کم از کم ۷؍بڑے دھماکوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے الصفیرہ دفاعی فیکٹریوں اور ایک تحقیقی مرکز دونوں پر بمباری کی۔ جانی نقصان کے بارے میں فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ملی۔
دریں اثناء اسرائیلی فوج نے مقبوضہ شام کے گولان میں قنیطرہ دیہی علاقوں میں ’منترا ڈیم‘ کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ ’العربیہ‘ کی خبر کے مطابق اسرائیلی فوج کے ٹینکوں اور سپاہیوں نے علاقے میں گھس کر زمینی رکاوٹوں کے علاوہ کئی مقامات پر فوجی اڈے قائم کئے۔ وہاں کے مکینوں کیلئے مخصوص اوقات کے علاوہ داخلے اور باہر جانے سے روک دیا۔
ایک عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کے۱۲۰؍ کمانڈوز نے شام میں ایران کی زیر زمین میزائل فیکٹری پر دھاوا بول دیا۔ ڈھائی گھنٹوں کے آپریشن کے دوران ایرانی میزائل یونٹ کے حصوں کو تباہ کرکے اسے مکمل طور پر غیر فعال کردیا گیا۔ اسرائیلی کمانڈوز نے یہ کارروائی۸؍ ستمبر کو کی تھی ۔ تاہم اب اس آپریشن کی ویڈیوز، تصاویر اور تفصیلات شیئر کی گئی ہیں۔