• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

غزہ اور لبنان میں اسرائیل کے سفاکانہ حملے

Updated: October 16, 2024, 1:50 PM IST | Inquilab News Network | Gaza/Beirut

۷۶؍افراد جاں بحق، حماس کے حملے میں ایک اسرائیلی فوجی ماراگیا۔حزب اللہ نے بھی اسرائیل پر حملے تیز کردئیے۔

A photo of a funeral procession for those who died in Israeli attacks in Byblos, Lebanon. Photo: INN
لبنان کے بیبلوس میںاسرائیلی حملوں میں جاں بحق افراد کے جلوس جنازہ کی تصویر۔ تصویر : آئی این این

غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے اور اسرائیلی افواج نے حماس کے خلاف کارروائی کے لیے غزہ کے شمال میں واقع جبالیہ کے گرد گھیرا تنگ کر تے ہوئے کارروائی میں مزید ۴۰؍ فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق جبالیہ میں الفلوجہ کے قریب اسرائیلی حملوں سے کم از کم ۱۱؍ افراد شہید ہوئے، دوسری جانب جنوب میں مشرقی خان یونس میں بنی سُہیلہ میں اسرائیلی میزائل نے ایک گھر کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ۱۰؍ افراد شہید ہوئے۔منگل کی صبح غزہ  کے مضافاتی علاقے سبرا میں اسرائیلی فضائی حملوں سے ۳؍ گھر تباہ ہو گئے، مقامی سول ایمرجنسی سروس کا کہنا ہے کہ انہوں نے جائے وقوع سے دو افراد کی لاشیں برآمد کی ہیں جبکہ ۱۲؍ دیگر افراد کی تلاش جاری ہے ۔وسطی غزہ کے نصیرات کیمپ میں ایک گھر پر ہونے والے حملے میں ۵؍ افراد شہید ہو گئے۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ ۲۴؍گھنٹوں کے دوران ۵۵؍ فلسطینی شہید اور ۳۲۹؍ زخمیوں کواسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ گزشتہ برس ۷؍ اکتوبر سے اب تک غزہ میں جاری صہیونی جارحیت کے نتیجے میں ۴۲؍ہزار ۳۴۴؍ فلسطینی شہید اور ۹۹؍ہزار ۱۳؍ زخمی ہوئے ہیں۔  
حماس کے حملے میں اسرائیلی فوجی ہلاک
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ غزہ کے جنوبی علاقے میں حماس کے ساتھ دوبدو جھڑپ میں اُن کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق ترجمان فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مارے گئے اہلکارکی شناخت سارجنٹ کورین بیٹن کے نام سے ہوئی ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان نے مزید بتایا کہ کورین بیٹن کا تعلق روش حائین سے تھا اور بٹالین ۴۵۰؍ کا حصہ تھے۔اسرائیلی فوج کے بقول غزہ میں حماس کے ساتھ  جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد ۳۵۳؍ ہوگئی۔
اسرائیلی فوج کے لبنان کے شمالی علاقوں پر حملے
اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے ساتھ ساتھ لبنان  میں بھی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، شمالی علاقوں کو پہلی بار فضائی  بمباری کا نشانہ بنایا گیا ہے، جس  میں۲۱؍ افراد  شہید ہوئے ہیں۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے کاز غرتا ڈسٹرکٹ  میں ایطو ٹاؤن میں۴؍منزلہ عمارت کو نشانہ بنایا، حزب اللّٰہ کے المنار ٹی  وی چینل کے دفتر پر میزائلوں سے حملہ کیا گیا۔
تل ابیب پر راکٹوں کی بارش
اسرائیل پرحزب اللہ کے حملوں میں تیزی آگئی۔ رپورٹ کے مطابق  حزب اللہ نے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب کی طرف میزائل حملے کیے جس سے لاکھوں اسرائیلی شیلٹرز میں چلے گئے جبکہ  خطرے کے پیش نظر بین گورین ائیرپورٹ بند کردیا گیا۔  حزب اللہ نےکامیئل پر بھی راکٹ برسائے ،جس میں کئی اسرائیلی زخمی ہوگئے۔ دوسری  جانب حزب اللہ نے عیتا الشعب میں بھی اسرائیلی فوج پر گائیڈڈ  میزائل سے حملے کیے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK