• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

لبنان میں پناہ گزینوں کے کیمپ پر اسرائیل کا بہیمانہ حملہ،۶؍ افراد جاں بحق

Updated: October 11, 2024, 1:24 PM IST | Agency | Beirut/Damascus

حزب اللہ کے ساتھ جھڑپ میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک، دو زخمی ۔ حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل پر راکٹ برسانے کا سلسلہ جاری ہے۔

After the Israeli attack in Beirut, the rescue team is searching for the buried people by removing the debris. Photo: INN
بیروت میں اسرائیلی حملے کے بعد ریسکیو ٹیم ملبہ ہٹاکر دبے لوگوں کی تلاش کررہی ہے۔ تصویر : آئی این این

اسرائیل کی جانب سے لبنان کے شہری علاقوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق لبنان میں جنگ زدہ علاقوں میں سفر کے دوران اسرائیل نے ایک مرتبہ پھر سے شہری آبادی پر حملہ کردیا ہے۔ جمعرات کو لبنان پر ۱۶؍ راکٹ فائر کئے گئے، ان حملوں کی وجہ سے کئی لبنانی خاندان سڑکوں پر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ کئی لبنانیوں نے اپنی گاڑیوں کو ہی عارضی گھر بنا لیا ہے۔ 
۵؍طبی اہلکار جاں  بحق
 اسرائیل کے تازہ حملوں میں لبنان میں ۵؍ ہیلتھ ورکر جاں بحق ہو گئے ہیں۔ جس وقت ان پر حملہ ہوا، یہ متاثرین کو ایمبولینس میں ڈال کر لے جا رہے تھے۔ 
عارضی پناہ گزیں کیمپ پر بمباری
  اسرائیل نے جنوبی لبنان میں وردانیہ بستی میں ایک عارضی پناہ گزین کیمپ(اسکول) پر فضائی حملہ کیا جس میں ۶؍ افراد ہلاک اور۱۵؍ دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ اطلاع ریسکیو سروس کے ایک ملازم نے اسپوتنک کو دی۔ ایک امدادی کارکن نے بدھ کو بتایا کہ ’’اس وقت اس کیمپ پر اسرائیلی حملے کے بعد، ہم ۶؍ لاشیں اور۱۵؍ زخمیوں کو نکالنے میں کامیاب ہوئے ہیں، جن میں سے کئی کو تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ‘‘اسپوتنک نے کہا کہ تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری ہیں، جن میں کئی درجن افراد شامل ہیں۔ 
دوبدو جھڑپوں میں حزب اللہ کے لڑاکے اسرائیلی فوجیوں کو ناکوں  چنے چبوارہے ہیں 
اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ جاری دوبدو لڑائی میں ریزرو فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں میں ایک فوجی زخمی بھی ہوا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق جنوبی لبنان کے علاقے میں حزب اللہ کے ساتھ جھڑپ میں ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت سارجنٹ میجر (ر)۳۶؍ سالہ رونی گنیزیٹ کے نام سے ہوئی ہے۔ اس جھڑپ میں ایک اہلکار شدید زخمی بھی ہوا جسے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسرائیل کے ملٹری اسپتال لایا گیا۔ اہلکار کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ خیال رہے کہ ستمبر سے جاری حزب اللہ کے ساتھ دوبدو جنگ میں اسرائیلی فوج کے ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی تعداد۱۲؍ ہوگئی۔ 
حزب اللہ نے اسرائیل پر۳۶۰؍ گولے داغے
 اسرائیلی ڈیفنس فورسیز (آئی ڈی ایف) نے کہا کہ لبنان کی حزب اللہ نے اسرائیل کی طرف۳۶۰؍ گولے فائر کیے، جن میں سے تقریباً ۲۲۰؍ اسرائیلی علاقے میں پہنچ گئے۔ آئی ڈی ایف نے ٹیلی گرام پران حملوں  کی تصدیق کی ہے۔ ‘
حزب اللہ کے دوکمانڈروں  کو ہلاک کرنے کا دعویٰ
 اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں فضائی حملے میں حزب اللہ کے۲؍ کمانڈرز کے مارے جانے کا دعویٰ کیا ہے، اسرائیلی فوج کے مطابق مارےگئے حزب اللہ کمانڈر احمد مستغیٰ اور محمد علی حمدان شمالی اسرائیل(کریات شیمونہ) پر حملوں میں ملوث تھے۔ اسرائیلی فوج نے بدھ کی رات جنوبی لبنان اور بیروت میں حزب اللہ کے ہتھیاروں کے ذخیرے پر حملے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ 
شام پر اسرائیل کا حملہ
  اسرائیل نے شام کے وسطی حصے میں حمص صوبے پر حملہ کیا ہے۔ ’سانا‘ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نےضلع حسیہ میں ایک موٹر ساز کارخانے پر حملہ کیاجس میں مالی نقصان ہوا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK