تل ابیب نے تل حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی اور وقت پر انخلاء نہ کرنے کا اعلان کیا۔
EPAPER
Updated: January 25, 2025, 3:59 PM IST | Agency | Tel Aviv
تل ابیب نے تل حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی اور وقت پر انخلاء نہ کرنے کا اعلان کیا۔
غزہ میں جنگ بندی کے بیچ اسرائیل نے اپنی ساری توجہ مقبوضہ مغربی کنارہ پر مرکوز کردی ہے۔ اس کے شمال میں واقع جنین شہر اور اس کے رفیوجی کیمپ پر قابض اسرائیلی فوج نے جمعہ کو بھی اپنی جارحیت جاری رکھی۔ اس دوران کئی مکانات منہدم اور نذر آتش کردیا گیا اور بڑے پیمانے پر گرفتاریاں عمل میں آئیں۔ اُدھر لبنان میں بھی اسرائیل نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا اور اعلان کیا ہے کہ وہ مقررہ وقت یعنی اتوارتک جنوبی لبنان سے اپنی پوری فوج واپس نہیں بلائے گا۔
جمعہ کو اسرائیل کی اسپیشل فورسیز نے جنین کے قباطیہ قصبے میں گھس کر گھر گھر تلاشی لی۔ اس کی فائرنگ میں گزشتہ رات ۵؍ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اس دوران انہوں نے شہر میں ایک مکان کو گھیرے میں لے لیا۔ قابض فوج نے گھر میں موجود تمام فلسطینیوں کو وہاں سے نکلنے پرمجبور کیا جب کہ اس کی فضائی حدود میں اسرائیلی ہیلی کاپٹر بھی پرواز کرتا رہا۔ پرتشدد جھڑپوں کے درمیان صہیونی فوجوں نے مذکورہ مکان پر گولے برسائے۔
قابض فوج نے قباطیہ قصبے میں محصور مکان کے قریب شہریوں کے گھروں پر بھی دھاوا بول دیا اور ایک بڑی تعداد میں شہریوں کے گھروں کی چھتوں پر چڑھ کر پوزیشن سنبھال لی۔ یہ واقعہ اس وقت ہوا جب قابض فوج نے جنین کے مغرب میں واقع یامون قصبے کے داخلی راستے پر دھاوا بول دیا اور قصبے کے داخلی راستے پر موجود انفراسٹرکچر کو تباہ کر دیا۔ بلڈوزر اور دوسری گاڑیوں کے ذریعہ یہاں کی مرکزی سڑک کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
اُدھر لبنان میں ہٹ دھرمی اور جنگ بندی کی شرائط کی خلاف ورزی کا اشارہ دیتے ہوئے تل ابیب نے امریکہ سے کہا ہے کہ وہ جنوبی لبنان سے فوج کے انخلاء کی تاریخ کو۲۶؍ جنوری کی مقررہ کو ایک ماہ کیلئے ملتوی کرے۔ اسرائیلی فوج کے ریڈیو نے وزیراعظم نیتن یاہو کے دفتر میں موجود اپنے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ اسرائیلی فوجیں ۲۶؍ جنوری سے قبل جنوبی لبنان سے مکمل انخلاء نہیں کریں گی ۔اس کا جواز یہ دیاگیاہے کہ لبنان نے جنگ بندی سے متعلق اپنی تمام ذمہ داریاں ادا نہیں کی ہیں۔ یاد رہے کہ جمعرات کو حزب اللہ نے اسرائیل سے مطالبہ کیاتھا کہ وہ جنگ بندی کے وقت طے ہونےوالے معاہدہ کا احترام کرتے ہوئے اپنی فوج کے بروقت انخلاء کو یقینی بنائے۔