ودھان بھون میں جاری بجٹ اجلاس میں بدھ کو بھیونڈی میں مد ر اینڈ چائلڈ اسپتال کی انتہائی سست رفتاری سے تعمیر کا معاملہ ایوان اسمبلی میں گونجا۔
EPAPER
Updated: March 13, 2025, 10:28 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
ودھان بھون میں جاری بجٹ اجلاس میں بدھ کو بھیونڈی میں مد ر اینڈ چائلڈ اسپتال کی انتہائی سست رفتاری سے تعمیر کا معاملہ ایوان اسمبلی میں گونجا۔
ودھان بھون میں جاری بجٹ اجلاس میں بدھ کو بھیونڈی میں مد ر اینڈ چائلڈ اسپتال کی انتہائی سست رفتاری سے تعمیر کا معاملہ ایوان اسمبلی میں گونجا۔ بھیونڈی کے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے اسپتال کی اشد ضرورت کا اظہار کرتے ہوئے اس کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرنے اور اسے عوام کیلئے شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ رئیس شیخ کے سوال پر – وزیر صحت پرکاش ابیتکرنے جواب دیتے ہوئے یقین دلایاکہ ایک ماہ کے اندر اعلیٰ افسران کے ہمراہ رکن اسمبلی کا ایک دورہ طے کیاجائےگا اور اس دوران جو بھی خامیاں پائی جائیں گی، انہیں دورکیا جائے گا۔
رئیس شیخ نے اسمبلی میں بتایاکہ ’’بھیونڈی شہر اور دیہی علاقوں کو ملا کر کل ۱۸؍ لاکھ کی آبادی کیلئے صرف ایک آئی جی ایم اسپتال ہے۔ علاج کیلئے یہ سہولت انتہائی کم ہے، اس لئے ۴؍ سال خط و کتابت کرنے کے بعد مرکزی حکومت نے مدر اینڈ چائلڈ اسپتال تعمیر کرنے کو منظوری دی اور یہ بھیونڈی شہر کا ڈریم پروجیکٹ ہےلیکن اس کی تعمیر انتہائی سست رفتاری سے ہورہی ہے۔ میرے سوال کے جواب میں یہ بتایاگیا ہےکہ اسپتال کی عمارت کی تعمیر کیلئے ڈپٹی انجینئر نے ایک رپورٹ دی جسے ایگزیکٹیو انجینئر نے قبول بھی کر لیا ہے۔ جو افسر تاخیر کیلئے ملزم ہے و ہی اپنی صفائی پیش کررہا ہے کہ اس نے غلطی نہیں کی۔ ‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’ متعلقہ محکمہ کی رپورٹ بتاتی ہے کہ مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کا پروجیکٹ ۴۰۰؍ دنوں میں مکمل کرنا تھا۔ اس کاورک آرڈر ۲۹؍ فروری ۲۰۲۴ء تھا، آج ۳۷۶؍ دن ہو گئے اور محکمہ کہہ رہا ہے ۲۷؍ فیصد کام ہوا ہے۔ اس سوال کے تحریری جواب میں کہا گیا ہےکہ جلد از جلد یہ پروجیکٹ مکمل کر لیا جائے گا توسوال یہ اٹھتا ہے کہ محض ۲۴؍ دنوں میں بقیہ۷۳؍فیصد کام مکمل ہو جائے گا کیا؟ اتنی تاخیر کے باوجود نہ کسی افسر اور نہ ہی ٹھیکیدار پر کوئی کارروائی کی گئی ہے۔ ‘‘ رئیس شیخ کے بقول سی بی سی کی گائیڈ لائن ہے اس کےمطابق کام ہونا چاہئے۔ آئی جی ایم اسپتال کے محض ۲۷؍فیصد خواتین ہی کو طبی خدمات دے پارہا ہے اور بقیہ خدمات کیلئے خواتین کو ممبئی اور دیگر شہروں کے اسپتال جانا پڑتا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا حکومت کام میں تاخیر اور ناقص معیار کا کام کرنے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے گی؟ اس منصوبے کو مکمل ہونے میں مزید کتنے دن لگیں گے؟ رئیس شیخ کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر صحت پرکاش ابیتکر نے کہا کہ ایک ماہ کے اندر ڈپٹی ڈائریکٹر (ہیلتھ) ، سپرنٹنڈنٹ انجینئر(ایس ای) اور آپ ( رئیس شیخ) ایک وزٹ کریں گے اور جو بھی کمی نظر آئے گی، اس کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ مدر اینڈ چائلڈاسپتال کا کام نومبر تک مکمل ہونے کی امید ہے۔