• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بارش ہوتی رہی، اسدالدین اویسی بولتے رہے اور لوگ سنتے رہے

Updated: September 27, 2024, 9:38 AM IST | Mumbai

ایم آئی ایم سربراہ نے دعویٰ کیا کہ ’’ امتیاز جلیل نے ترنگا ریلی میں شرکت کیلئے تمام سیکولر پارٹیوں کے لیڈران کو خط لکھا تھا لیکن کوئی نہیں آیا ‘‘

While speaking Asaduddin Owaisi, Mumbai MIM President Raees Lashkaria is also seen behind
اسدالدین اویسی تقریر کرتے ہوئے ،پیچھے ممبئی ایم آئی ایم کے صدر رئیس لشکریہ بھی نظر آ رہے ہیں

بدھ کی رات ممبئی میں زور دار بارش ہوئی حتیٰ کہ نظام زندگی درہم برہم ہو گیا۔ ٹرینیں بند پڑ گئیں ، ٹریفک جام ہو گیا اورلوگ کہیں گھٹنوں تک تو بعض مقامات پر سینے تک پانی میں پھنس گئے لیکن شہر کے جوگیشوری علاقے میں منعقدہ مجلس اتحاد المسلمین  کے جلسے پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑا ۔ یہا زور دار بارش کے دوران مجلس کے صدر اسدالدین اویسی نے تقریر کی اور لوگوں نے پورے انہماک کے ساتھ ان کی تقریر سنی۔ 
  یاد رہے کہ اس وقت مہاراشٹر کے مسلمانوں میں بابا رام گیری اور نتیش رانے جیسے بدزبانوں کی منافرت آمیز تقریروں کے سبب بے چینی ہے۔ گزشتہ دنوں جب ایم آئی ایم کے ریاستی صدر امتیاز جلیل  نے اورنگ آباد تا ممبئی ترنگا ریلی نکالی تو اس ریلی کو غیر متوقع کامیابی حاصل ہوئی۔ اسی کا اثر ہے کہ بدھ کو جب جوگیشوری میں اسدالدین اویسی کے خطاب کا اہتمام کیا گیا تو بارش کے باوجود   ایک جم غفیر وہاں موجود تھا۔ جب  اسدالدین اویسی تقریر کرنے اسٹیج پر پہنچے تو زور دار بارش ہو رہی تھی ۔ انہوں نے بارش کے دوران ہی اپنی  تقریر شروع کی ۔ اہم بات یہ ہے کہ اس دوران مجمع سے کوئی بھی شخص نکل کر باہر نہیں گیا حالانکہ مجمع میں چھتریاں بھی نظر نہیں آرہی تھیں۔ 
 منافرت آمیز بیانات کے خلاف کارروائی کا مطالبہ 
  اویسی نے کہا ’’ ہم نے آپ ( حکومت ) سے کبھی کوئی مطالبہ نہیں کیا۔ ہم نے کبھی کوئی عہدہ نہیں مانگا، کبھی کوئی انعام نہیں مانگا،   ہم آپ سے صرف ایک چیز مانگ رہے ہیں کہ جن لوگوں نے ہمارے نبی ؐ کی شان میں گستاخی کی کوشش کی ہے ان پر قانونی کارروائی کی جائے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ ہمارا یہ مطالبہ پوری طرح سے درست ہے کیونکہ ہم آپ سے قانون کے استعمال کا مطالبہ کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے وزیراعلیٰ  شندے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’  یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ ان لوگوں پر کارروائی کریں۔‘‘ اویسی نے کہا کہ ’’آپ ( مسلمان) کبھی یہ نہ کہیں کہ فلاں نے ہمارے نبی ؐ کی شان میں گستاخی کی بلکہ یہ کہیں کہ گستاخی کی کوشش کی ۔ کیونکہ کوئی اگر سورج پر تھوکنے کی کوشش کرتا ہے تھوک سورج تک کبھی پہنچ ہی نہیں سکتا الٹا وہ اسی پر گر جاتا ہے۔  اسلئے وہ صرف کوشش کر سکتا ہے کامیاب کبھی نہیں ہو سکتا۔‘‘ 
 سیکولر لیڈران ترنگا ریلی میں نہیں آئے 
  مجلس کے صدر نے دعویٰ کیا کہ ترنگا ریلی کے انعقاد سے قبل ایم آئی ایم نے تمام سیکولر پارٹیوں کے لیڈران کو خط لکھ کر مدعو کیا تھا کہ یہ کوئی سیاسی ریلی نہیں ہے بلکہ اللہ کے نبی ؐ کا معاملہ ہے اسلئے آپ تمام لوگ اس میں شرکت کریں لیکن سیکولر پارٹیوں کا کوئی لیڈر اس ریلی میں شریک نہیں ہوا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اگر خاطیوں کو گرفتار نہیں کیا گیا تو  جلد ہی ممبئی کے آزاد میدان پر دھرنا دیا جائے گا۔  انہوں نے اپیل کی کہ اس دھرنے میں تمام لوگ شریک ہوں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK