• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آتشزدگی کے واقعات کو روکنے کیلئے عوام کا با خبر ہونا بھی بے حد ضروری ہے

Updated: April 17, 2024, 9:26 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

اس سال نیشنل فائر سیفٹی ڈے کے بجائے نیشنل فائر سیفٹی ویک منایا جا رہا ہے ،ممبئی میں فائرعملے کے درمیان مختلف قسم کی مقابلہ آرائی اور تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

A competition between fire crews was held in Mumbai on Tuesday. Photo: PTI
منگل کو ممبئی میں فائر عملے کے درمیان مقابلہ آرائی کاانعقاد کیا گیا۔ تصویر: پی ٹی آئی

برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ان دنوں فائرسروس ویک منایا جا رہا ہے۔ ۱۴؍ اپریل کو اس مہم کا آغازکیا گیا جس کے تحت ۲۰؍ اپریل تک مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ یاد رہے کہ ہر سال ۱۴؍ اپریل کو نیشنل فائر سروس ڈے منایا جاتا ہے جس میں اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جان قربان کرنے والے فائربریگیڈ عملے کے جوانوں کو یاد کیا جاتا ہے۔   
 ۱۴؍ اپریل ،اتوار کوبائیکلہ ہیڈآفس پرایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے خطاب کرتے ہوئے فائر عملے کے تعلق سے کہاکہ ’’ممبئی میٹروپولیس نے متعدد قدرتی آفات کا کامیابی سے سامنا کیا ہے اور ممبئی فائر بریگیڈ نے بھی اس میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ کسی بھی بحران کا سامنا کرنے میں ذہنی پختگی اہم کردار ادا کرتی ہےلہٰذا ممبئی فائر بریگیڈکے وسائل اور افرادی قوت کے ساتھ ذہنی سختی کی تربیت کو بھی ترجیح کے طور پر سمجھا جائے گا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: آئرش ٹائمز کے اداریہ میں مودی پر شدید تنقید، ہندوستانی سفیر کا اخبار کو جواب

 واضح رہےکہ ۱۴؍ اپریل ۱۹۴۴ء کو ممبئی کی بندرگاہ  پر ایس ایس فورٹ پراسٹکن نامی پانی کے جہاز میں گولہ بارود کے ذخیرہ میں آگ لگ گئی تھی جس میں ممبئی فائر بریگیڈ کے ۶۶؍افسران اور جوانوں نے بھڑکتی آگ پر قابو پانے کی کوشش میں اپنی جان قربان کردی تھی۔ اس واقعہ کی یاد میں، `نیشنل فائر سروس ڈے ہر سال ۱۴؍ اپریل کو ملک بھر میں منایا جاتا ہے۔ اس سال  ۱۴؍ سے ۲۰؍ اپریل تک تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ اس موقع پر ممبئی فائر بریگیڈ کی جانب سے خدمات انجام دیتے ہوئےاپنی جان قربان کرنے والے اب تک کےتمام افسران اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ فائر سروس ویک کا  آغاز کیا گیا۔ 
 میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے کہا کہ’’ ممبئی فائر بریگیڈ ممبئی میں مختلف چیلنجوں کا سامنا کرنے کیلئے جدید نظام، مواد اور آلات کے ساتھ ممبئی والوں کی حفاظت کیلئے زیادہ موثر طریقے سے تیار رہے گی۔ فائر سیفٹی کے بارے میں عوامی آگاہی بھی ضروری ہے کیونکہ جب تک ہم احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کریں گے، آگ کے سبب ہونے والے حادثات کا خطرہ برقرار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ  ہمارے فائر مینوں کی حفاظت بھی اتنی ہی اہم ہے۔ آگ لگنے کے واقعے کے بعد، ممبئی فائر بریگیڈ فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ کر اقدامات کرتی ہے۔ ساتھ ہی آتشزدگی کے واقعات کو روکنے کیلئے وسیع پیمانے پر عوامی آگاہی سے ایسے حادثات کو روکا جا سکتا ہے۔ عام ممبئی والوں کیلئے تربیت جیسی سرگرمیوں کو نافذ کرنا بھی ضروری ہے۔ ‘‘منگل کو ممبئی میں فائر عملے کے درمیان مقابلہ آرائی رکھی گئی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK