’حضور محمدؐ سب کیلئے‘ مہم کے تحت اسلام جمخانہ میں غیر مسلم سینئر صحافیوں کیساتھ پروگرام، امن اور بھائی چارے پر زور۔
EPAPER
Updated: September 11, 2024, 5:49 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
’حضور محمدؐ سب کیلئے‘ مہم کے تحت اسلام جمخانہ میں غیر مسلم سینئر صحافیوں کیساتھ پروگرام، امن اور بھائی چارے پر زور۔
’حضور محمد ؐ سب کیلئے‘سالانہ مہم کے تحت منگل کو اسلام جمخانہ میں شہرومضافات کے برادرانِ وطن سینئر صحافیوں کے ساتھ ایک اہم پروگرام منعقد کیا گیا ۔تقریب کی صدارت شاہد لطیف نے کی ۔ پروگرام میں ہندی اور اُردو کے معروف شاعر ڈاکٹر ساگر ترپاٹھی ،ڈاکٹر لکشمن شرما واحد اور معروف غزل سنگر اور نعت خواں انوشکا نکم بھی موجود تھے۔
ان مہمانان نے مہم کی اہمیت اور افادیت سے متعلق سیر حاصل گفتگو کی ۔ یہاں موجود غیر مسلم صحافیوں نے بھی آپ ؐ کی زندگی کے مختلف اوصاف پر روشنی ڈالی اور مہم سے متعلق کچھ سوالات کئے۔
معروف صحافی امتیاز خلیل نے پروفیٹ فار آل مہم کا مقصد، سیرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے انفرادی، اجتماعی اور معاشرتی پہلو سے برادرانِ وطن کو روشناس کرایا۔
صدارتی خطاب میں شاہد لطیف نے کہا کہ ’’ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب میں مسلمان صدیوں سے برادران وطن کے ساتھ ہم مل جل کر رہتے آئے ہیں، مگر ہم نے برادران وطن تک رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے مختلف پہلوؤں کو اس طرح نہیں پہنچایا جس طرح پہنچانے کی ضرورت ہے ۔ فرقہ پرستوں کی تمام تر کوشش کے باوجود اب بھی اکثریت اور مسلم اقلیت میں بڑے پیمانے پر محبت اور بھائی چارہ برقرار ہے۔ مذکورہ مہم کے ذریعے امن و محبت کے اسی پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘
اس موقع پر مہم کے روح رواں ایڈوکیٹ یوسف ابراہانی ، کور کمیٹی کے رکن عامر ادریسی، رابطہ کار علی بھجوانی، کورکمیٹی کے رکن فرید خان، ڈاکٹر قاسم امام، پرنسپل زیباملک، نظام الدین راعین ، عابد احمد اور سرفرازآرزو وغیرہ اس اجلاس میں شریک تھے۔ ڈاکٹر قاسم امام نے رسم شکریہ ادا کی۔