Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

تہواروں کے موقع پر بھی مذہبی جھنڈے لگانے کیلئے بی ایم سی سے اجازت لینا لازمی!

Updated: March 15, 2025, 10:43 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

کسی سیاسی ، سماجی ، ثقافتی یا فلاحی تقریب کے دوران پوسٹرس، بینرس یا ہورڈنگزلگانے کے علاوہ پرچم(مختلف پروگرام کا جھنڈا ) لگانے والے  ہوشیار رہیں۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

کسی سیاسی ، سماجی ، ثقافتی یا فلاحی تقریب کے دوران پوسٹرس، بینرس یا ہورڈنگزلگانے کے علاوہ پرچم(مختلف پروگرام کا جھنڈا ) لگانے والے  ہوشیار رہیں۔ بی ایم سی نے مختلف تقاریب کے موقع پر جھنڈے لگائے جانے کے ضمن میں داخل کردہ عرضداشت پر حلف نامہ داخل کرتے ہوئے بامبے ہائی کورٹ کو اطلاع دی ہے کہ جس طرح سے کسی بھی سیاسی، سماجی، ثقافتی یا مذہبی پروگرام کے سلسلہ میں پوسٹرس اور بینرس اور ہورڈنگز لگانے کی اجازت طلب کی جاتی ہے اور فیس ادا کی جاتی ہے اسی طرح مذہبی جھنڈے لگانے کی بھی اجازت لینا لازمی ہے۔
 ممبئی کے رہنے والے ہریش گگلانی نےبنا اجازت سوسائٹیوں اور دیگر مقامات پر جھنڈے لگائے جانے پر اعتراض کرتے ہوئے بامبے ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضداشت داخل کی تھی ۔ اس پر بامبے ہائی کور ٹ کی ۲؍ رکنی بنچ کے جسٹس ریوتی موہیتے ڈیرے اور جسٹس نیلا گوکھلے نے اس ضمن میں بی ایم سی کو حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی تھی۔  مذکورہ معاملہ میں ہونے والی شنوائی کے دوران بی ایم سی کے  لائسنسنگ ڈپارٹمنٹ کے سینئر انسپکٹر گنیش مڈلے نے سیاسی، سماجی ، ثقافتی، ملی یا مذہبی تقریب کے موقع پر جھنڈے لگانے کے تعلق سے بی ایم سی کے قواعد کا حوالہ دیتے ہوئے حلف نامہ داخل کیا۔
  بی ایم سی نے اپنے حلف نامہ میں دعویٰ کیا ہے کہ میونسپل انتظامیہ کی اجازت کے بغیر جھنڈا لگانا میونسپل ایکٹ اور مہاراشٹر پریوینشن آف ڈیفیسمنٹ آف پراپرٹی ایکٹ کے تحت قابل جرم عمل ہے۔حلف نامہ کے مطابق میونسپل کارپوریشن کی جانب سے۲۰؍ مارچ۲۰۱۳ءکوبنائے گئے قواعد کے مطابق ایک سرکیولر   جاری کیا گیا تھا ۔ اس کے مطابق میونسپل کارپوریشن کی حدود میں سڑکوں ، فٹ پاتھوں یا سوسائٹیوں پربھی کسی بھی قسم کے بل بورڈز، پوسٹرس زاور بینرس لگانے کی اس وقت تک اجازت نہیں ہے جب تک کے بی ایم سی کے لائسنس ڈپارٹمنٹ سے اس کی اجازت حاصل نہ کر لی جائے اور اس کی فیس ادا نہ کر دی جائے۔
 حلف نامہ کے مطابق جاری کردہ سرکیولر میں جھنڈے  لگانے پر بھی یکساں قانون نافذ کئے گئے ہیں۔ تاہم، میونسپل کمشنر حکومت یا میونسپل کارپوریشن جیسے حکام کی طرف سے منعقدہ تقریبات کیلئے، یا کمشنر مناسب سمجھے جانے والےپروگراموں کیلئے  جھنڈے  لہرانے کی اجازت دے سکتا ہے۔وہیں ذاتی ملکیت پر جھنڈا لگانے سے قبل این او سی لینا ضروری ہے ۔اس کے علاوہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی مدت کے دوران نافذ کردہ احکامات کے مطابق نجی املاک پر جھنڈے لہرانے کی اجازت دی گئی ہے۔یہی نہیں ریاست میں منائے جانے والے مختلف تہواروں کے موقع پر بھی تنظیموں یا سیاسی جماعتوں کو پوسٹر بینرس ، ہورڈنگز لگانے کے ساتھ جھنڈے لگانے کی اجازت دی جاتی ہے لیکن اس کیلئے پہلے سے بی ایم سی کے لائسنس ڈپارٹمنٹ سے اجازت لینا اور فی ادا کرنا ضروری ہے۔ بنا اجازت جھنڈے لگانے والوں پر بھی کارروائی کی  جاتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK