حضورؐ کی سیرت مبارکہ پرعمل اوراسےعام کرنا وقت کی ضرورت

Updated: September 18, 2023, 11:06 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

۱۲؍ربیع الاول تک سنی جمعیۃ العلماء، رضا‌ اکیڈمی، دعوت اسلامی، سنی دعوت اسلامی کے ذریعے الگ الگ امور خیر کی انجام دہی۔ آج’ پرو فیٹ فار آل‘ مہم کے تحت طلبہ کی ریلی۔

Food was distributed at the Children`s Home. Photo: INN
چلڈرن ہوم میں کھانا تقسیم کیا گیا۔ تصویر:آئی این این

حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی دنیا میں تشریف آوری کی مناسبت سے ۱۲؍دنوں تک مختلف سماجی اور رفاہی کاموں کو انجام دینے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اس کے لئے باقاعدہ الگ الگ ترتیب بنائی گئی ہے۔ سنی جمعیۃ العلماء اور رضا اکیڈمی کی جانب سے اتوار کو ڈونگری چلڈرن ہوم میں بچوں کو کھانا کھلایا گیا۔ اتوار کو بعد نماز مغرب مخدوم بابا ٹرسٹ (ماہم )کی جانب سے بلند دروازے کے پاس پرچمِ رسالت لہرایا گیا۔ دعوت اسلامی انڈیا کی جانب سے ایف جی این چینل پر رات میں ۹؍بجے آقائے دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ کے حوالے سے’ باتیں پیارے نبی کی‘ عنوان پر پروگرام نشر کیا جائے گا۔
  سنی دعوت اسلامی کی جانب سے امیر سنی دعوت اسلامی مولانا محمد شاکر علی نوری کا ویڈیو پیغام جاری کیا گیا جس میں ۱۲؍ربیع الاول تک درود پاک کا خصوصی اہتمام ، غرباء و مساکین کی حاجت روائی اور مریضوں کی عیادت اور ان کی خبر گیری کی جانب متوجہ کیا گیا ہے۔’ پروفیٹ فار آل‘ مہم کے تحت ۱۲؍ربیع الاول تک مختلف پروگرام ترتیب دئیے گئے ہیں ۔ اسی ترتیب کے مطابق آج ۱۸؍ستمبر پیر کے دن اسکولی طلبہ کی ریلی نکالی جائے گی ۔ اس میں طلبہ الگ الگ پلے کارڈ لئے ہوئے ہوں گے۔ اس ریلی کے ذریعے حضورؐ کی تعلیمات کے حوالے سے پیغام دیا جائے گا۔ اس کی تفصیلات ۳؍ دن قبل پریس کانفرنس کے دوران بھی ایڈوکیٹ یوسف ابرہانی نے صحافیوں کو بتائی تھی ۔ 
پرچم رسالت لہرایا گیا
 ماہم درگاہ کے ٹرسٹی سہیل کھنڈوانی نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ اتوار کو مغرب کی نماز کے بعد بلند دروازے کے پاس پرچم رسالت لہرایا گیا۔ اس کا مقصد انہوں نے یہ بتایا کہ اس طرح سے ہم حضورؐ کی دنیا میں تشریف آوری کے لئے جشن منانے کا آغاز کر رہے ہیں ۔ اس کے ذریعے ۱۲؍ ربیع الاول تک مختلف طریقوں سے حضور کی سیرت اور آپؐ کے اخلاق کریمانہ کی جھلکیاں پیش کی جائیں گی ۔
 انہوں نے یہ بھی کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم خود سیرت مصطفےؐ کی روشنی میں اپنی زندگی کو ڈھالیں اور اس کی عملی تصویر دنیا کے سامنے پیش کریں تاکہ غلط فہمیوں کا ازالہ ہو اور لوگوں تک اسلام کی صحیح اور حقیقی تصویر پہنچ سکے ۔ 
محتاجوں کے مدد نبوی مشن کا اہم حصہ
سنی جمعیۃ علماء اور رضا اکیڈمی کی جانب سے ڈونگری چلڈرن ہوم میں اتوار کو بچوں کو کھانا کھلایا گیا ۔ معین میاں نے خود بچوں میں کھانا تقسیم کیا ۔انہوں ‌نے کہا کہ بچوں کے ساتھ شفقت، کمزوروں اور محتاجوں کی مدد ، مشن نبوی کا اہم حصہ ہے ۔ آپؐ نے کمزوروں ، محتاجوں ، دبے کچلے اور ستائے ہوئے لوگوں کی نہ صرف خبر گیری فرمائی بلکہ ان کے سروں پر دست شفقت رکھا اور یہ بتایا کہ ان مبارک اعمال کے ذریعے اللہ کو راضی کیا جاسکتا ہے۔ اس لئے یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم سرکار کی آمد کے اس انتہائی خاص اور اہم موقع پر اس نبوی مشن پر عمل پیرا ہوں اور ۱۲؍دنوں تک مسلسل اس جانب توجہ دیں تاکہ جہاں کمزوروں کی مدد ہو سکے وہیں اس کے ذریعے ان کی مشکل آسان ہو اور وہ راحت محسوس کریں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK