معطل افسر رنجیت کاسلے کےنئے ویڈیو سےسیاسی حلقوں میں مزید سنسنی، سنجے رائوت اور جتیندر اوہاڑ نے معاملے کی جانچ کا مطالبہ کیا، ترپتی دیسائی نے بھی خدشہ ظاہر کیا
EPAPER
Updated: April 15, 2025, 11:07 PM IST | Beed
معطل افسر رنجیت کاسلے کےنئے ویڈیو سےسیاسی حلقوں میں مزید سنسنی، سنجے رائوت اور جتیندر اوہاڑ نے معاملے کی جانچ کا مطالبہ کیا، ترپتی دیسائی نے بھی خدشہ ظاہر کیا
ایک روز قبل بیڑ پولیس کے معطل افسر رنجیت کاسلے نے یہ کہہ کر سنسنی پھیلا دی تھی کہ انہیں والمیک کراڈ کا انکائونٹر کرنے کے عوض ۵۰؍ کروڑ روپے کی پیش کش کی گئی تھی۔ اب انہوں نے نیا ویڈیو جاری کیا ہے او ر اس سنسنی میں یہ کہہ کر اضافہ کر دیا ہے کہ انہیں خود (برطرف) وزیر دھننجے منڈے ہی نے والمیک کراڈ کا انکائونٹر کرنے کی پیش کش کی تھی۔ یاد رہے کہ کاسلے کے پہلے والے بیان پر بیڑ کے ایس پی نے کوئی جواب دینے سے انکار کر دیا تھا جبکہ خاتون سماجی کارکن انجلی دمانیا نے کہا تھا کہ رنجیت کاسلے کے بیان پر توجہ دینے کی ضرورت نہیں ہے لیکن اب جبکہ کاسلے نے دھننجے منڈے کا نام لیا ہے سیاسی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے اور معطل افسر کے بیان کی جانچ کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر مسلسل ویڈیو پوسٹ کرکے متنازع انکشاف کرنے والے معطل پولیس سب انسپکٹر رنجیت کاسلے نے اپنا نیا ویڈیو جاری کیا ہے جس میں وہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ انہیں والمیک کراڈ کا انکائونٹر کرنے کیلئے خود دھننجے منڈے نے پیش کش کی تھی۔ انہوں نے کہا ’’ دھننجے منڈے کو اب والمیک کراڈ کی ضرورت نہیں تھی اور کرڈ پولیس کے سامنے دھننجے منڈے کے سارے ’انڈے ۔ بچے‘ باہر نکالنے والا تھا ۔ اگر ایسا ہوتا تو آج وہ بھی سنتوش دیشمکھ قتل کے معاملے میں ملزم بنائے گئے ہوتے ۔ اسی لئے وہ کراڈ کو راستے سے ہٹانا چاہتے تھے۔ ‘‘ کاسلے نے کہا ’’لیکن وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کی دھننجے منڈے کو مکمل حمایت حاصل ہے۔ اسی لئے وہ بچے ہوئے ہیں۔ سنتوش دیشمکھ قتل معاملے میں کئی ثبوت دبائے گئے ہیں۔ اب دھننجے منڈے کو اس معاملے میں ملزم نہیں بنایا جائے گا۔‘‘
معاملے کی جانچ کا مطالبہ
رنجیت کاسلے کے نئے ویڈیو کے بعد سیاسی اور سماجی حلقوں میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔ شیوسینا ( ادھو) کے ترجمان سنجے رائوت نے ممبئی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’’ معطل افسر دعویٰ کر رہا ہے کہ اسے والمیک کراڈ کو فرضی مڈبھیڑ میں مارنے کیلئے پیش کش کی گئی تھی۔ اس بیان سے مہاراشٹر میں اس سے پہلے جو فرضی مڈبھیڑ ہوئی ہیں ان کی تصدیق ہوتی ہے۔ اس لئے اس معاملے کی جانچ ہونی ضروری ہے۔ ‘‘ رائوت نے کہا ’’ معطل افسر کا کہنا ہے کہ اس نے خود اس معاملے کو ایک پولیس اسٹیشن کی ڈائری میں درج کیا تھا۔ اس لئے یہ معاملہ مزید سنگین ہو جاتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ جب پولیس اسٹیشن کی ڈائری میں یہ معاملہ درج تھا تو اب تک اس پر کارروائی کیوں نہیں ہوئی؟‘‘
دھننجے منڈے کی بیوی کرونا منڈے نے اس معاملے میں بیان دیا ہے کہ میں نے یہ کبھی نہیں کہا کہ میرا شوہر یا میرے بچوں کا باپ قصور وار ہے التہ میں یہ کہہ سکتی ہوں کہ دھننجے منڈے کے پاس ۱۱؍ موبائل نمبر ہے۔ اگر پولیس ان نمبروں کے کال ریکارڈ اور واٹس ایپ چیٹ کی جانچ کرے تو اسے اصلیت معلوم ہو جائے گی۔ کرونا نے کہا وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اگر چاہیں تو میں یہ ۱۱؍ نمبر پولیس کو فراہم کر سکتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دھننجے منڈے والمیک کراڈ کو راستے سے ہٹا سکتے ہیں لیکن یہ بات پولیس کی جانچ کے بعد ہی سامنے آ سکتی ہے۔ سماجی کارکن ترپتی دیسائی نے بھی الزام لگایا ہے کہ والمیک کراڈ دھننجے منڈے کیلئے مصیبت بن سکتا ہے اسلئے اس کی لاش کبھی بھی جیل سے باہر آ سکتی ہے۔ اس معاملے کی جانچ ہونا ضروری ہے۔ اسی طرح کا مطالبہ رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ نے بھی کیا ہے۔