• Sun, 05 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’ماتوشری کے باہر ہنگامہ کرنے والے وزیر اعلیٰ کے لوگ تھے‘‘

Updated: August 13, 2024, 10:44 AM IST | Agency | Mumbai

سنجے رائوت نے تصاویر دکھا کر دعویٰ کیا کہ وقف بورڈ معاملے میں احتجاج کرنے والوں کو پیسہ دے کر بھیجا گیا تھا۔

Sanjay Raut showing a picture of the protestors. Photo: Agency
سنجےرائوت احتجاج کرنے والوں کی تصویر دکھاتے ہوئے۔ تصویر :ایجنسی

گزشتہ دنوں پارلیمنٹ میں وقف بورڈ  ایکٹ ترمیمی بل پیش ہوا تو شیوسینا (ادھو) کے اراکین نے اس کی مخالفت نہیں کی بلکہ وہ ایوان سے باہر چلے گئے۔ ان کے اس اقدام کے خلاف ۲؍ روز قبل کچھ مسلمانوں نے ممبئی میں ادھو ٹھاکرے کی رہائش گاہ ’ماتوشری‘ کے باہر احتجاج کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں نے لوک سبھا الیکشن میں شیوسینا (ادھو) کو یکطرفہ طور پر ووٹ دیا لیکن ایوان میں آواز اٹھانے کی باری آئی تو انہوں نے مسلمانوں کی طرف سے منہ پھیر لیا۔ پیر کو سنجے رائوت نے ایک پریس کانفرنس  میں اس الزام کو مسترد کیا اور الزام لگایا کہ احتجاج کرنے والوں کو پیسے دے کر بھیجا گیا تھا۔  انہوں نے کہا کہ ماتوشری کے باہر احتجاج کرنے والے وزیراعلیٰ کے بھیجے ہوئے لوگ تھے۔ 
سنجے رائوت نے کہا ’’ آج کل ممبئی میں سپاری کا پروگرام چل رہا ہے۔  دہلی سے سپاری دی جاتی ہے اس کے بعد یہاں واقعات پیش آتے ہیں۔  وقف بورڈ معاملے میں ایسے ہی سپاری باز لوگ احتجاج کرنے آئے تھے۔ ‘‘ سنجے رائوت نے کہا ’’ وقف بورڈ ایکٹ ترمیمی بل ابھی بحث کیلئے پیش نہیں کیا گیا ہے۔ ابھی اس پر بحث نہیں ہوئی ہے۔ کس کی کیا رائے ہے یہ ابھی معلوم نہیں ہوا ہے۔ البتہ تیلگو دیشم پارٹی نے اس بل کی مخالفت کی ہے۔‘‘  انہوں نے الزام لگایا کہ ’’ جن لوگوں نے ماتوشری کے باہر ہنگامہ کیا ان میں  آدھے لوگ جرائم پیشہ ہیں۔ یہ سب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے بھیجے ہوئے لوگ تھے۔‘‘ اس موقع پر سنجے رائوت نے کچھ تصاویر بھی پیش کیں۔ 
انہوں نے کہا جو ۱۰۔۱۲؍ لوگ ماتوشری آئے تھے  ان میں سے بیشتر یا تو وزیراعلیٰ کے بنگلے ورشا پر رہتے ہیں یا پھر تھانے میں ان کے نجی بنگلے پر رہتے ہیں۔ انہوں نے تصویر میں نظر آ رہے ایک داڑھی والے شخص کو نشان زد کرتے ہوئے کہا کہ ’’ یہ دیکھ لیجئے یہ اکبر سید ہے جو احتجاج کر رہا تھا۔ یہ وزیر اعلیٰ کے تھانے والے بنگلے پر موجود رہتا ہے۔‘‘  ایک اور تصویر دکھاتے ہوئے انہوں نے کہا ’’ یہ دیکھئے سلمان شیخ ،یہ کس کے ساتھ ہے ؟ وزیراعلیٰ کے ساتھ ‘‘ ایک اور شخص کا نام لیتے ہوئے انہوں نے کہا’’ یہ اشتیاق صدیقی ہے جو تصویر میں وزیر اعلیٰ کی اہلیہ کے ساتھ دکھائی دے رہا ہے۔ ‘‘ الیاس شیخ اور اکرم شیخ نامی افراد کا نام لیتے ہوئے سنجے رائوت نے دعویٰ کیا کہ یہ سب وزیراعلیٰ کے آدمی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سارے لوگ سپاری گینگ  میں شامل ہیں۔  ان لوگوںنے ادھو ٹھاکرے کے گھر کے باہر احتجاج کیا تھا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK