Updated: September 19, 2024, 4:42 PM IST
| Rome
اٹلی کے ایمیلیا رومانیا میں موسلادھار بارش اور شدید سیلاب کے سبب ہزاروں افراد کا انخلاء کیا گیا ہے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اسکولیں بند کی گئی ہیں اور ٹرینیں معطل کردی گئی ہیں۔ دریا میں طغیانی کے سبب راوینا میں تقریباً ۸۰۰؍ رہائشی اور بولونیا صوبے میں تقریباً ۲۰۰؍ رہائشی افراد نے اسکولوں یا اسپورٹس سینٹرز میں رات گزاری تھی۔
اٹلی کی سڑکوں پر پانی دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: ایکس
ایمیلیا رومانیا، اٹلی میں موسلادھار بارش اور رات بھر شدید سیلاب کے سبب ہزاروں رہائشی افراد کا انخلاء کیا گیا ہے۔ ایمیلیا رومانیا کے تین صوبوں راوینا، بولونیااور فینزا میں دریا میں طغیانی کے سبب مقامی میئر نے شہریوں سے اوپری منزلوں میں رہنے یا اپنے گھر چھوڑ دینے کی اپیل کی ہے۔ دریا میں طغیانی کے سبب راوینا میں تقریباً ۸۰۰؍ رہائشی اور بولونیا صوبے میں تقریباً ۲۰۰؍ رہائشی افراد نے اسکولوں یا اسپورٹس سینٹرز میں رات گزاری تھی۔
متاثرہ علاقوں میں ٹرین کی خدمات معطل کر دی گئی تھیں اور اسکولوں کو بند کردیا گیا تھا، رہائشی افراد سے گھروں میں رہنے اور گھر سے کام کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔ خیال رہے کہ فینزا صوبہ حال ہی میں تباہ کن سیلاب سے دوچار ہوا تھا جس نے ایمیلیا رومانیا کو مئی ۲۰۲۳ء میں اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ اس سیلاب کے نتیجے میں ۱۷؍ افراد نے اپنی جانیں گنوائی تھیں جبکہ بلین یورو کا نقصان ہوا تھا۔
فینزاکی میئر ماسمیموایسولا نےریاستی ٹی وی رے نیوز کوبتایا کہ ’’رات کافی خوفناک تھی ، ہم دریا میں طغیابی کے ختم ہونے کا انتظار کر رہے تھے۔دریا کی سطح آب کافی زیادہ ہوگئی تھی لیکن گزشتہ سال کئے گئے کام کی وجہ سے شہر میں پانی نہیں بھرا۔‘‘ خیال رہے کہ متعدد مرکزی اور مشرقی یورپی ممالک حالیہ دنوں میں سیلاب کا شکار ہوئے ہیں جن میں آسٹریا، چیک جمہوریہ، پولینڈ اور رومانیہ شامل ہیں۔