مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کو ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا، این آئی اے اس حملے کی ہر پہلو سے تحقیقات کرے گی۔ تاکہ پتہ چل سکے کہ اس حملے کے پیچھے کوئی بڑی سازش ہے یا نہیں۔
EPAPER
Updated: June 17, 2024, 3:59 PM IST | New Delhi
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کو ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا، این آئی اے اس حملے کی ہر پہلو سے تحقیقات کرے گی۔ تاکہ پتہ چل سکے کہ اس حملے کے پیچھے کوئی بڑی سازش ہے یا نہیں۔
وزارت داخلہ نے جموں کشمیر میں ریاسی دہشت گردانہ حملے کا معاملہ قومی تحقیقاتی ایجنسی کو سونپ دیا ہے۔ این آئی اے نے۱۵؍ جون کے دہشت گردانہ حملے کا معاملہ اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے اور وزارت داخلہ کے حکم کے بعد ایک نئی ایف آئی آر درج کی ہے۔ یہ قدم مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی اعلیٰ سطحی میٹنگ کے بعد اٹھایا گیا ہے۔ این آئی اے نے اس معاملے میں یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ این آئی اے اس حملے کی ہر پہلو سے تحقیقات کرے گی۔ تاکہ پتہ چل سکے کہ اس حملے کے پیچھے کوئی بڑی سازش ہے یا نہیں۔ حکام نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں پولیس نے گزشتہ ہفتے دہشت گردانہ حملے کی تحقیقات کے سلسلے میں کل ۵۰؍ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا اور ان سے پوچھ گچھ کی ہے۔
ریاسی میں کیا ہوا؟
۹؍جون کو دہشت گردوں نے شیو کھودی مندر سے ماتا ویشنو دیوی مندر جانے والی۵۳؍ سیٹوں والی بس پر فائرنگ کی۔ جس کی وجہ سے بس گہری کھائی میں گر گئی۔ بس میں اتر پردیش، راجستھان اور دہلی کے زائرین سوار تھے۔ اس حادثے میں ۹؍ افراد ہلاک اور ۴۲؍ زخمی ہو گئے تھے۔ جموں کشمیر پولیس نے حملے میں ملوث تین دہشت گردوں میں سے ایک کا خاکہ جاری کیا ہے۔ عینی شاہدین کے بیانات کی بنیاد پر پولیس نے ان کے متعلق کوئی بھی معلومات فراہم کرنے والے کو ۲۰؍ لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
امت شاہ نے میٹنگ میں دہشت گردی کو کچلنے کی ہدایات دیں
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کو ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی تھی۔ اس ملاقات میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو کچلنا ضروری ہے اور اسے کسی قیمت پر دوبارہ پنپنے نہیں دیا جا سکتا۔ عہدیداروں کو پیغام دیتے ہوئے شاہ نے یہاں تک کہہ دیا کہ دہشت گردی کے حامیوں کو بخشا نہیں جا سکتا اور ان کے خلاف سخت ترین کارروائی کرنی ہوگی۔ اس وقت جموں و کشمیر میں آنے والے دنوں میں امرناتھ یاترا اور انتخابات جیسے بڑے پروگرام ہونے والے ہیں۔ اس کا تذکرہ کرتے ہوئے امیت شاہ نے عہدیداروں سے کہا ہے کہ وہ مکمل سیکوریٹی فراہم کریں، سفری راستوں پر سیکوریٹی کو مزید مضبوط بنائیں اور ضرورت پڑنے پر اضافی فورس تعینات کریں۔