• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جے کسان کے بعد جے پہلوان کے آثار نمایاں، جیتیں گے

Updated: June 03, 2023, 11:18 AM IST | New Delhi

سرکار نرم پڑتی اور حرکت میں آتی ہوئی دکھائی دینے لگی، برج بھوشن کو چپ رہنے کا آدیش، ایودھیا کی ریلی منسوخ، کسان اور کھاپ کا دباؤ، گاوسکر، کپل دیو اور راجر بنی جیسے شہرہ آفاق کھلاڑیوں کی حمایت

Rakesh Tikit and other Khap Chowdhurys can be seen in the Maha Panchayat in Kurukshetra, Haryana. (PTI)
ہریانہ کے کروکشیتر میں  مہا پنچایت میں راکیش ٹکیت اور دیگر کھاپ چودھریوں کو دیکھا جاسکتاہے۔ ( پی ٹی آئی)

کسانوں کے احتجاج کی طرح  مودی حکومت پہلوانوں کے احتجاج کے آگے بھی جھکنے پر مجبور ہوتی نظر آرہی ہے۔جمعہ کو  ایک طرف جہاں کروکشیتر میں  کھاپوں کی مہا پنچایت  ہوئی اور  برج بھوشن کی گرفتاری کیلئے حکومت کو ۹؍ جون تک کی مہلت دینے کا اعلان کیاگیا وہیں  دوسری طرف حکومت کے تیور نرم پڑتے نظر آئے۔  وزیر کھیل  انوراگ ٹھاکر نے پہلوانوں کو انصاف ملنے کی تائید کی نگر ’’قانونی عمل‘‘ کی تکمیل کا جواز پیش کیا۔ اتنا ہی نہیں بلکہ برج بھوشن کو بھی خاموش رہنے کے ’’آدیش‘‘ دیئے گئے ہیں جبکہ   ۵؍ جون کو ایودھیا میں ان کی مجوزہ ریلی کو اجازت نہیں دی گئی جس کے بعد وہ ملتوی کردی گئی۔ اتنا ہی نہیں بلکہ  میناکشی لیکھی  اور پریتم منڈے سمیت بی جےپی کے چند اراکین پارلیمان  نے بھی پہلوانوں کو انصاف ملنے کی تائید کی ہے جو حکومت کے رویے میں آنے والی نرمی کے اشاریے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔  واضح رہے کہ یہ معاملہ اب عالمی سطح پر سرخیوں میں آچکا ہے اور مودی حکومت کو اپنی عزت بچانے کا چیلنج کرنا پڑ رہاہے۔
 گرفتاری کے مطالبے میں شدت
  بی جےپی کے  رکن پارلیمنٹ اورکشتی فیڈریشن کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ کےخلاف خواتین پہلوانوںکے جنسی استحصال اور ہراساں  کرنے کے معاملہ میں درج ۲؍ ایف آئی آرز کی تفصیلات  جمعہ کو سامنے آگئیں جس  کے بعد برج بھوشن بری طرح  سے گھر گئے ہیں اورانہیںفوری طور پر گرفتار کرنے کے مطالبہ نے شدت اختیار کرلی ہے۔ ایف آئی آر میں برج بھوشن کے خلاف سنگین الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ خواتین پہلوانوںکی ایف آئی آرز میں چھیڑ چھاڑ اور جنسی استحصال کے کم ازکم ۱۰؍معاملوں کا ذکر ہے۔ اس میں خواتین پہلوانوں پر ان کے کریئر کو آگے بڑھانے کیلئے جنسی تعلقات قائم کرنے کا دباؤ قائم کرنے کاالزام بھی شامل ہے۔ 
  راہل گاندھی نے امریکہ سے ٹویٹ کیا
 انڈین ایکسپریس  نے  خاتون پہلوانوں کی ایف آئی آر کی بنیاد پر برج بھوشن کی حرکتوں کی جو تفصیل شائع کی ہے اس پر سخت ردعمل کااظہا رکرتے ہوئے راہل گاندھی نے امریکہ سے ٹویٹ کیا ہے۔  انہوں نے لکھا ہےکہ’’۲۵؍ بین الاقوامی تمغے لانے والی بیٹیاں سڑکوں پر انصاف کی التجاکررہی ہیں۔دو ایف آئی آرز میں جنسی استحصال کے ۱۵؍ گھناؤنے معاملوں کا سامنا کرنے والا رکن پارلیمنٹ وزیر اعظم کے تحفظ میں ہے۔ بیٹیوں کے ان حالات کی ذمہ داری مودی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔‘‘ 
کھاپ  پنچایت کا  ۷؍ دن کا الٹی میٹم
دوسری طرف خواتین پہلوانوں کی حمایت میں ہریانہ کے کروکشیتر میں منعقدہ کھاپ پنچایت میںکسان لیڈروں  نے مرکزی حکومت کوالٹی میٹم دیاکہ برج بھوشن شرن سنگھ کو۹؍جون تک گرفتار کیا جائے ورنہ دہلی میں سخت احتجاج کیا جائے گا۔ کھاپ پنچایت میں کہا گیا کہ۹؍جون کے بعد جنتر منتر پر دھرنا دیا جائے گا۔کسان لیڈروںنے مرکز کو الٹی میٹم دیاکہ وہ برج بھوشن کوگرفتار کرے یا بڑے پیمانے پر احتجاج کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہے۔ راکیش ٹکیت نے کہاکہ’’ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ حکومت پہلوانوں کی شکایات کا ازالہ کرے اوربرج بھوشن شرن سنگھ کو گرفتار کیا جائے، ورنہ ہم۹؍ جون کو دہلی کے جنتر منتر پر پہلوانوں کے ساتھ پنچایت کریں گے۔‘‘
۱۹۸۳ء کی ورلڈ چمپئن ٹیم نے بھی حمایت کی
 اس بیچ ۱۹۸۳ء میں کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے رکن سنیل گاوسکر، کپل دیو اور بی سی سی آئی کے موجودہ صدر راجر بنی سمیت ٹیم کے بیشتر کھلاڑیوں نے بھی پہلوانوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے خاتون پہلوانوں سے  اپیل کی ہے کہ وہ اپنےتمغے گنگا ندی میں پھینکنے جیسا کوئی سخت فیصلہ نہ کریں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ خاتون پہلوانوں  کی شکایات کا جلد ازالہ ہو جائے گا۔

 

jai kisan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK