• Thu, 28 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جلگائوں میونسپل کارپوریشن کی ٹیکس وصولی مہم، ساڑھے ۴؍ ہزار لوگوں کو نوٹس

Updated: November 27, 2024, 10:36 AM IST | Sharjeel Qureshi | Jalgaon

ایک ہفتے کے اندر بقایا ٹیکس ادا نہ کیا گیا تو نل کنکشن کاٹ دینے کا انتباہ، ۳۱؍ مارچ ۲۰۲۵ء تک ۸۰؍ فیصد ٹیکس وصول نہ ہوا تو افسران پر کارروائی۔

Jalgaon Municipal Corporation. Photo: INN
جلگائوں میونسپل کارپوریشن۔ تصویر : آئی این این

جلگائوں میونسپل کارپوریشن نے پراپرٹی ٹیکس  وصول کرنے کی مہم شروع کی ہے۔ میونسپل کمشنر دنیشور دھیرے نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ  ۳۱؍ مارچ ۲۰۲۵ءتک ۸۰؍  فیصد ٹیکس وصول کر لیا جائے۔ اگر ایسا نہ ہوا تو  متعلقہ افسران اور ملازمین کی تنخواہ میں ہوئے اضافہ روک دیا جائے گا۔ اس دوران انتظامیہ کی جانب سے ٹیکس  ادا نہ کرنے والے ساڑھے ۴؍ ہزار پراپرٹی مالکان کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں جن میں انتباہ دیا گیا ہے کہ بقایا ٹیکس ادا نہ کرنے کی صورت میں نل کنکشن کاٹ دیا جائے گا۔ 
کمشنر دھیرے نے کارپوریشن کے محکمہ ریونیو کے افسران کے ساتھ گزشتہ روز ایک میٹنگ کی جس میں اب تک ہوئی وصولی، اور ٹیکس وصولی کیلئے کی گئی کاروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں ڈپٹی میونسپل کمشنر دھن شری شندے، اسسٹنٹ میونسپل کمشنر گنیش چاٹے اور انچارج افسران نے شرکت کی۔ انتظامیہ نے مختلف علاقوں کے ۷؍ ہزار ۶۳۲؍  افراد کی کی فہرست تیار کی گئی ہے جن پر ۲؍ سال کا ٹیکس یا ۲۵؍ ہزار روپے سے زائد کا ٹیکس باقی ہے۔  انہی افراد کو نوٹس بھیجے گئے ہیں جن کی تعداد کم وبیش ساڑھے ۴؍ ہزار بتائی جا رہی ہے۔ ان سب کو ایک ہفتے کی مہلت دی گئی ہے۔اگر اس مدت کے اندر ٹیکس ادا نہیں کیا گیا تو نل کنکشن بند کر دیا جائے گا۔
جن افسران  نے ٹیکس وصولی میں کوتاہی برتی ہے یا اب تک وصولی شروع نہیں کی ہے انہیں میونسپل کمشنر دنیشور دھیرے انتباہ دیا ہے کہ وہ آئندہ ۴؍ ماہ کے اندر۸۰؍فیصد ٹیکس  وصولی کریں ورنہ ان کی تنخواہ میں کیا گیا اضافہ روک دیا جائے گا۔ اطلاع کے مطابق  پراپرٹی مالکان ’ابھے شاستی یوجنا‘ کا انتظار کر رہے ہیں۔ ملی تفصیلات کے مطابق چند افراد کے ذمہ واجب الادارقم بہت زیادہ ہے جس کا  ایک ساتھ ادا کرنا ممکن نہیں ہے۔ اس لئے وہ ابھے شاستی یوجنا کے نافذ ہونے کا انتظار کررہے ہیں  جو ہر سال دسمبر کے مہینے میں نافذ  ہوتی ہے، لیکن اس سال اس کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے ہیں۔ اگر یہ اسکیم نافذ ہوئی تو پراپرٹی کے مالکان کی بڑی تعداد  بقایا جات ادا کرتی ہے۔ اس وقت زیادہ تر پراپرٹی مالکان جلگاوں سے باہر ہیں، اگر ان کے نل کے کنکشن کو بند کر دیا گیا تو اسکا ان پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK