• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جلگاؤں ٹرین حادثہ: آگ کی افواہ، مسافر پٹری پر کود کر سامنے والی ٹرین کی زدمیں

Updated: January 23, 2025, 2:41 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

جلگائوں کے پاچورہ گائوں میں دردناک حادثہ ، ۱۲؍ افراد ہلاک ، ۱۷؍ زخمی، ٹرین کے نیچے دھواں دکھائی دیا تو کسی نے ’ آگ‘ کا شور بلند کیا جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا

Crowd of passengers on the tracks after the accident. Photo: PTI
حادثے کے بعد پٹریوں پر مسافروں کا ہجوم۔ تصویر: پی ٹی آئی

یہاں لکھنؤ ۔ ممبئی پشپک ایکسپریس کے مسافروں کے  ساتھ ایک دردناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں ۱۱؍ لوگوں کی موت ہو گئی ہے جبکہ ۱۷؍ مسافر زخمی ہیں۔ یہ حادثہ ٹرین میں آگ لگنے کی افواہ اڑنے کے سبب پیش آیا جس کی وجہ سے مسافر پٹری پر کود گئے اور سامنے سے آنے والی تیزرفتار ٹرین کی زد میں آگئے۔ 
 اطلاع کے مطابق لکھنؤ۔ ممبئی پشپک ایکسپریس شام ۵؍ بجے کے قریب ممبئی کی طرف آ رہی تھی۔ ابھی اس نے جلگائوں اسٹیشن پار کیا تھا  کہ ٹرین  کا بریک لگا، جس کی وجہ سے جھٹکا لگا ۔ دروازے کے پاس بیٹھے کچھ لوگوں نے اس پر شور مچانا شروع کیا کہ ’ آگ لگ گئی‘ غالبا ً انہیں کسی ڈبے کے نیچے کی طرف دھواں دکھائی دیا تھا جس کی وجہ سے یہ شور مچایا گیا۔ ’آگ ‘ کا شور سنتے ہی مسافروں نے ٹرین کی زنجیر کھینچی،موٹر مین نے ٹرین روک دی تو مسافر آگے پیچھے دیکھے بغیر پٹری پر کودنے لگے۔ ٹھیک اسی وقت  منماڑ سے بھساول کی طرف جانے والی کرناٹک ایکسپریس پوری رفتار کے ساتھ وہاں سے گزری جس کی زد میں کئی مسافر آگئے۔ دیکھتے ہی دیکھتے ۱۱؍ مسافر ٹرین کے نیچے آکر ہلاک ہو گئے۔ جبکہ تقریباً ۱۷؍ افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ زخمیوں کو الگ الگ اسپتالوں میں بھرتی کروایا گیا ہے۔  
 حادثے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ کی جانب سے ۸؍ ایمبولنس پاردھاڑا روانہ کی گئیں۔  پاچورہ سے پہلے یہی وہ مقام ہے جہاں پر یہ حادثہ پیش آیا تھا۔  حادثے کے بعد افراتفری مچ گئی۔ ڈاکٹروں کی ٹیم موقع پر پہنچی۔ مقامی لوگوں نے بھی  زخمیوں کو اسپتال پہنچنے میں مستعدی دکھائی۔ اطلاع کے مطابق  پاچورہ کے ورنداون اسپتال میں ۵؍ زخمیوں کو داخل کیا گیا  جبکہ وگھن ہرتا اسپتال میں ۴؍ زخمی بھرتی ہیں باقی ۸؍ کو جلگائوں کے ڈسٹرکٹ اسپتال پہنچایا گیا  لیکن علاج کے دوران ڈسٹرکٹ اسپتال میں ایک اور زخمی کی موت ہو گئی ۔ اس طرح مہلوکین کی تعداد ۱۲؍ ہو گئی۔ مہلوکین کی لاشیں بھی جلگائوں کے ڈسٹرکٹ اسپتال  لے جائی گئی ہیں۔ 
 گریش مہاجن  موقع پر پہنچے
  وزیر گریش مہاجن جو خود جلگائوں سے تعلق رکھتے ہیں خبر ملتے ہی جائے حادثے پر پہنچے۔  انہوں نے موقع پر موجود حکام سے ملاقات کی اور انہیں زخمیوں کے علاج پر توجہ دینے کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی پاچورہ کے ورنداون اسپتال جا کر زخمیوں کی خیریت دریافت کی۔
 معاملے کی جانچ کی جائے گی
  اس دوران مہاراشٹر کے وزیر محصول چندر شیکھر باونکولے نے ٹویٹ کرکے اعلان کیا کہ آگ لگنے کی افواہ کیسے پھیلی اس کی جانچ کی جائے گی۔  انہوں نے لکھا ہے ’’جلگائوں میں پشپک ایکسپریس کے ساتھ پیش آیا حادثہ دل دہلا دینے والا ہے۔  آگ لگنے کی افواہ کیسے پھیلی یا کسی نے پھیلائی اس کی جانچ ریلوے انتظامیہ یقینی طور پر کرے گا۔ ‘‘  انہوں کہا ’’ فی الحال ہماری پوری توجہ  جنگی پیمانے پر زخمیوں کو مدد پہنچانے پر ہے۔ حکومت نے فوری طور پر زخمیوں کو علاج فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اس وقت دائوس میں ہیں لیکن اس حادثے پر ان کی نظر ہے اور وہ باقاعدہ اس تعلق سے خبر گیری کر رہے ہیں۔   
 دیویندر فرنویس کا دائوس سے پیغام 
  اسی دوران وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے دائوس سے ٹویٹر کے ذریعے پاچورہ حادثے پر اظہار افسوس کیا اور ضروری ہدایت کے تعلق سے اطلاع دی ۔ انہوں نے لکھا ’’ جلگائوں ضلع میں پاچورہ کے قریب  ایک انتہائی افسوسناک حادثے میں کچھ لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔  میں مہلوکین کو  خراج عقیدت پیش کرتا ہوں ۔ میرے رفیق کار  اور وزیر گریش مہاجن اور ضلع ایس پی موقع پر پہنچ گئے ہیں اور ضلع انتظامیہ نیز ریلوے انتظامیہ کو ضروری ہدایت دیدی گئی ہیں۔  دیویندر فرنویس نے اپنے ٹویٹ میںو ہ سارے انتظامات بھی شمار کروائے جو حکام نے ہنگامی طور پر کئے ہیں۔   اسی دوران نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے اعلان کیا ہے کہ مہلوکین کے اہل خانہ کو ۵؍ لاکھ روپے معائوضہ دیا جائے گا جبکہ زخمیوں کا علاج سرکاری خرچ پرکرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔   

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK