• Thu, 14 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جتیندر اوہاڑ کی انتخابی مہم کو تقویت، جماعت اسلامی نے تائید کا اعلان کیا

Updated: November 13, 2024, 11:12 PM IST | Mumbai

۸۰؍ تا ۹۰؍ ملی تنظیموں پر مبنی مہاراشٹر ڈیموکریٹک فورم(ایم ڈی ایف) کے لیٹر ہیڈ پر حمایتی لیٹر دیا گیا، چند مسائل بھی پیش کئے گئے

Scholars have assured their support to Jitendra Ohar
جتیندر اوہاڑ کو علمائے کرام نے اپنی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے

مہاراشٹر اسمبلی انتخاب میں ممبرا کلوا  اسمبلی حلقہ سے راشٹریہ وادی کانگریس (شرد چندر پوار) پارٹی کے امیدوار کو جتیندر اوہاڑ کو ممبرا کلوا کی ملی سماجی تنظیموں کی جانب سے اپنی بھرپور حمایت دینے کااعلان کیا گیا ہے۔  گزشتہ روز خطہ کوکن و رتنا گری کی درجنوں تنظیموں نے ایک اجلاس منعقد کیا تھاجس میں کوکن سماج کی جانب سے جتیندر اوہاڑ کی حمایت کا اعلان کیا گیا  اور اس کے بعد جماعت اسلامی ہند (ممبرا)کے دفتر میں بھی جتیندراوہاڑ کو ایک حمایتی لیٹر  دیا گیا۔اس  موقع پر  متعدد مسائل حل کرنے کی جانب جتیندر اوہاڑ کی توجہ بھی مبذول کرائی گئی۔
  اس سلسلے میں جماعت اسلامی ہند (ممبرا)کے سرگرم رکن مولانا ایوب نے بتایا کہ لوک سبھا انتخاب میں۸۰؍ تا ۹۰؍ ملی تنظیموں پر مبنی ایک غیر سرکاری تنظیم مہاراشٹر ڈیموکریٹک فورم(ایم ڈی  ایف) تشکیل دی گئی تھی، اسی کے لیٹر ہیڈ پرہمارے حلقہ سے مسلسل تین مرتبہ ایم ایل اے رہ چکے اور چوتھی مرتبہ کے امیدوارجتیندراوہاڑ سے ملاقات کی گئی اورانکے سامنے کچھ شرائط اور کچھ باتیں رکھنے کے بعد انھیں حمایت کا لیٹر دیا گیا۔ یعنی جماعت اسلامی ہند نے مکمل طور پر جتیندر اوہاڑکو ووٹ دینے کا  اور ان کی حمایت کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ اس موقع پر جماعت کے معظم آسرے، شاکر صاحب، عبدالرشید  ،مصعب اجمل خان،مولانا ایوب موجود تھے وہیں جتیندر اوہاڑ کے ہمراہ این سی پی ۔شرد پوار کے ممبرا کلوا اسمبلی حلقہ کےصدر شمیم خان اور تھانے میونسپل کارپوریشن میںسابق اپوزیشن لیڈر اشرف(شانو) پٹھان، صادق شیخ ، مشتاق کپاڈیہ  اور دیگر موجود تھے۔
 ایم ڈی ایف کی جانب سے جن مسائل کو اجاگر کیا گیا اور جتیندر اوہاڑ  سے انہیںدورکرنے کا مطالبہ کیا گیاوہ درج ذیل ہیں: ۱۔پانی کی قلت کو حل کرنا اور مساوی تقسیم کو یقینی بنانا،۲۔ نوجوانوں میں بڑھتے ہوئے منشیات کے مسائل کو حل کریں،۳ ۔ گارڈن، اسپتال اور کمیونٹی سینٹرز جیسے عوامی پلاٹ کا تحفظ کریں، ۴۔حکیم اجمل خان اسپتال سمیت صحت  کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کریں،۵ ۔ ممبرا /کلوامیں لڑکیوں کیلئےڈگری کالج قائم کریں ،اسکالرشپ اور پیشہ ورانہ پروگراموں میں اضافہ کر کے نوجوانوں کو بااختیار بنائیں، ۶ ۔ ٹریفک اور بنیادی ڈھانچے میں بہتری لائیں جس کے تحت  سڑک کی بھیڑ کم ہو اور عوامی ٹرانسپورٹ کو بہتر بنائیں تاکہ آمد و رفت کے مسائل کو دور کیا جا سکے، ۷۔روزگار اور اقتصادی ترقی کو  فروغ دینے کیلئے چھوٹے کاروبارکی حمایت کریں اور مقامی معیشت کو فروغ دینے کیلئے مہارت کی تربیت کے پروگرام شروع کریں،۸۔ فضلہ کا مؤثر  انتظام اور ری سائیکلنگ کیلئے منظم طریقہ کار اپنائیں۔

mumbra Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK