سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ’’ باطل طاقتیں مسلمانوں کو ان کے اصل مقصد سے ہٹانے کیلئے اشتعال دلانا چاہتی ہیں، تاکہ مسلمان اپنے دفاع میں مصروف ہو کر اپنی توانائیاں ضائع کر دیں۔‘‘
EPAPER
Updated: October 14, 2024, 1:36 PM IST | ZA Khan | Aurangabad
سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ’’ باطل طاقتیں مسلمانوں کو ان کے اصل مقصد سے ہٹانے کیلئے اشتعال دلانا چاہتی ہیں، تاکہ مسلمان اپنے دفاع میں مصروف ہو کر اپنی توانائیاں ضائع کر دیں۔‘‘
یہاں حج ہاؤس میں جماعت اسلامی ہند کی شہر یونٹ کی جانب سے اجتماع عام کا انعقاد کیا گیا۔ ’’بدلو کہ بدلنا ہے زمانے کو تمہیں ‘‘کے زیرعنوان منعقدہ اجتماع کی صدارت جماعت اسلامی کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے کی۔ اس اجتماع میں امیر جماعت اسلامی مہاراشٹر مولانا الیاس خان فلاحی، عبدالحسیب بھاٹکر، زبیر احمد خان (جوائنٹ سیکریٹری حلقہ)، شیخ متین، ڈاکٹر سلمان مکرم صدیقی سمیت دیگر اہم ذمہ داران نے خصوصی شرکت کی۔
امیر مقامی ڈاکٹر سلمان مکرم صدیقی نے افتتاحی کلمات میں کہا کہ’’ اسلام ہمیں زندگی کا مقصد سمجھاتا ہے، دنیا اور آخرت کی حقیقی کامیابی کی راہیں دکھاتا ہے اور مشکل حالات میں استقامت کا جذبہ عطا کرتا ہے۔ ‘‘ عبدالحسیب بھاٹکر نے اپنے خطاب میں محبت رسولؐ کی اہمیت پر زور دیا اور اس کے تقاضے بیان کیے۔ امیر حلقہ مولانا الیاس خان فلاحی نے اپنے خطاب میں مسلمانوں کو باہمی اختلافات کو بھلا کر متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔
امیر جماعت سید سعادت اللہ حسینی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ’’ قوم کے حالات اس وقت تک نہیں بدلتے جب تک وہ خود اپنی اصلاح کی کوشش نہ کرے۔ ‘‘انہوں نے کہا کہ یہ اللہ کی سنت ہے کہ جب کوئی قوم اپنے حالات بدلنے کے لیے تیار ہو جاتی ہے تو اللہ بھی ان کی غیب سے مدد کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ باطل طاقتیں مسلمانوں کو ان کے اصل مقصد سے ہٹانے کے لیے اشتعال دلانا چاہتی ہیں، تاکہ مسلمان اپنے دفاع میں مصروف ہو کر اپنی توانائیاں ضائع کر دیں۔ سید سعادت اللہ حسینی نے مسلمانوں کو ہمت اور حوصلے کے ساتھ حالات کا مقابلہ کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ اسلام کی نشر و اشاعت کے لیے ہمیں اپنی پوری کوشش کرنی چاہیے اور پھر اللہ پر بھروسہ رکھنا چاہیے۔ انہوں نے فلسطین کے حالات پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ اجتماع میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ مولانا الیاس خان فلاحی کی دعا کے ساتھ اجتماع کا اختتام ہوا۔