• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جموں کشمیر :حملوں اور انکاؤنٹر کا سلسلہ دراز ، ایک جوان شہید،۲؍ جنگجو ہلاک

Updated: June 13, 2024, 12:38 PM IST | Srinagar

۳؍ دن قبل ریاسی میں یاتریوںپر حملے کے بعد جموں کشمیر کے متعدد اضلاع میں دہشت گردانہ سرگرمیاں، کٹھوعہ میںتصادم کے دوران سی آر پی ایف جوان کی موت ،پونچھ میںتلاشی آپریشن ، ڈوڈہ میں بھی انکاؤنٹر

Police team in Kathua during ongoing operation against terrorists.(PTI)
کٹھوعہ میںپولیس کی ٹیم دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران ۔(پی ٹی آئی )

جموں کشمیر میں گزشتہ تین دنوںکے دوران ۳؍ بڑے حملوں میں ایک سی آر پی ایف جوان فوت ہوا ہےجبکہ دوشدت پسند بھی مارے گئے ۔ اس کے علاوہ۹؍ یاتریوں کی بھی موت ہوئی جن پر۳؍ دن قبل ریاسی میںحملہ ہوا تھا ۔ ریاسی میں ہوا یہ بہت بڑا حملہ تھا جس کے بعد سے جموں کشمیر میں پے درپے دہشت گردانہ حملے ہورہے ہیں اور شدت پسندوں کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔ ان حملوں کے بعدسے پورے صوبے میںہائی الرٹ جاری کردیاگیا ہے جبکہ انکاؤنٹر کے مقامات پر فورسیز کارروائی کررہی ہیں اور جنگجوؤں کی تلاش  جاری  ہے۔ 
  جموں وکشمیر کے کٹھوعہ ضلع کے سیدا سکھل علاقے میں جنگجوؤں اور سیکوریٹی فورسیز کے مابین جاری تصادم میں ایک اور شدت پسند مارا گیا جس کے بعد ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد ۲؍ ہوگئی ہے۔اطلاعات کے مطابق کٹھوعہ ضلع کے سیدا سکھل علاقے میں سیکوریٹی فورسیز اور ملی ٹینٹوں کے مابین منگل سے تصادم جاری ہے اور منگل کی شام ہی فورسیز کےہاتھوں ایک شدت پسند مارا گیا تھا ۔ بدھ کو دوسرے کی موت ہوئی ۔واضح رہےکہ کٹھوعہ کے ساتھ ساتھ ڈوڈا اورپونچھ میںبھی سیکوریٹی فورسیز کا آپریشن جاری ہے۔
 واضح رہے کہ منگل کی شام دیر گئے دہشت گردوں کا ایک گروپ کٹھوعہ کے سیدا سکھل گاؤں میں  داخل ہوا اور رہائشی مکان میں زبردستی گھس کر اہل خانہ سے پانی مانگا جب مکینوں نے پانی دینے سے انکار کیا تو ملی ٹینٹوں نے فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں مالک مکان زخمی ہوگیا۔
 مقامی لوگوں نے پولیس کو دہشت گردوں کے بارے میں جانکاری  دی تو فوری طورپر سیکوریٹی فورسیز کے اہلکار موقع پر پہنچے جس کے دوران دہشت گردوں اور سلامتی عملے کے درمیان گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔سیکوریٹی فورسیز کی ابتدائی فائرنگ میں ایک شدت پسند مارا گیا اور اس کا ساتھی جنگلی علاقے کی طرف بھاگ گیا تاہم فورسیز نے  اس کا تعاقب جاری رکھا اور بدھ کی صبح جنگل  میں ہی  اسےبھی مارا گرایا۔ ذرائع نے بتایا کہ مہلوک  شدت پسند کے قبضے سے امریکی ساخت کی رائفل برآمد کی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔
سی آر پی ایف جوان اسپتال میں دم توڑ بیٹھا 
 جموں وکشمیر کے کٹھوعہ ضلع کے سیدا سکھل علاقے میں جنگجوؤں کے خلاف جاری آپریشن کے بیچ زخمی سی آرپی ایف جوان اسپتال میں دم توڑ بیٹھا۔ سی آر پی ایف جوان کی شناخت کانسٹیبل کبیر داس کے طور پر ہوئی ہے جو فائرنگ میں  شدید زخمی ہوگئےتھے۔معلوم ہوا ہے کہ زخمی سی آر پی ایف جوان کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ وہاں پر جانبر نہ ہو سکا ۔
پونچھ میںبڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن 
 جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع میں سیکوریٹی فورسیز نے کئی علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بدھ کو سیکوریٹی فورسیز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد پونچھ کے متعدد علاقوں کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دیئے۔ ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے مین ٹاؤن میں فورسیز نے گھر گھر تلاشی لی جس دوران مکینوں کے شناختی کارڈباریک بینی سے چیک کئے جارہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جموں صوبے میں ملی ٹینٹ حملوں میں آئی تیزی کو دیکھتے ہوئے خط پیر پنچال میں بھی ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پونچھ اور راجوری اضلاع میں سرگرم شدت پسندوں اورا ن کے مدد گاروں کی بھی تلاش شروع کی گئی ہے۔
ڈوڈہ میں بھی انکاؤنٹر،جنگجوؤںکافوجی چیک پوسٹ پر حملہ 
 اسی کے ساتھ جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں بھی  شدت پسندوں اورفورسیز کے درمیان انکاؤنٹر جاری ہے۔ ڈوڈہ میں فائرنگ کے تبادلے میں تین سیکوریٹی اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔ ڈوڈہ میں بھدرواہ پٹھان کوٹ روڈ پرچٹیرگلاکے قریب ایک مشترکہ چیک پوسٹ پر شدت پسندوں نے حملہ کردیا جس میںراشٹریہ رائفلز اور اسپیشل پولیس آفیسر (ایس پی او) کے ۵؍ اہلکارزخمی ہوگئے ۔
کپواڑہ سے گولہ بارود برآمد
 سرحدی ضلع کپواڑہ میں بی ایس ایف اور جموں وکشمیر پولیس نے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد کیا ہے۔بی ایس ایف نے ایکس پر  اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ جموں وکشمیر پولیس اور بارڈر سیکوریٹی فورس کی ایک ٹیم نے کپواڑہ میں مشترکہ آپریشن کے دوران جنگجوؤں کے ایک معاون کو دھر دبوچ کر اس کے قبضے سے ایک پستول ، چار ہینڈ گرینیڈ، دو آئی ای ڈی برآمد کی ہے۔ پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK