• Sun, 29 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جموں کشمیر: سری نگر اور دیگر میدانی علاقوں میں رواں سیزن کی پہلی برف باری

Updated: December 28, 2024, 12:05 PM IST | Sri Nagar

جمعہ کی دوپہر سے برف باری شروع ہوئی اور شام ۵؍ بجے تک پوری وادی میں برف کی سفید چادر بچھ گئی۔ کسانوں نے بھی خوشی کا اظہار کیا ، سیاح بھی مسرور نظر آئے۔

People fire during first snowfall in Srinagar. Photo: PTI
سری نگر میں پہلی بر ف باری کے دوران لوگ آگ۔ تصویر: پی ٹی آئی

سری نگر اور وادی کشمیر کے دوسرے میدانی علاقوں میں رواں سیزن کی پہلی برف باری ہوئی جس سےعوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ کسانوں نے بھی خوشی کا اظہار کیا ۔ وادی کے میدانی علاقوں میں جمعہ کی دوپہر برف باری شروع ہوئی جس وجہ سے پوری وادی میں برف کی سفید  چادر بچھ گئی۔تازہ برف باری کے بعد سنتھن شاہراہ اور مغل روڈ پر آمدورفت کو روک گیا ۔
 موصولہ اطلاعات کے مطابق جمعہ کو شام ۵؍ بجے تک کولگام میں ۳؍انچ، پلوامہ میں ۲؍ انچ، پہلگام میں ۴؍ انچ، قاضی گنڈ میں ۵؍انچ، اننت ناگ میں ۴؍ انچ، سری نگر میں ایک انچ، چرار شریف میں ۳؍ انچ، یوسمرگ میں ۴؍ انچ اور شوپیاں میں ۲؍انچ کے قریب برف ریکارڈ ہوئی۔  شمالی کشمیر کے بارہ مولہ ، سوپور ، پٹن، بانڈی پورہ ، سمبل ، شادی پورہ میں بھی ۲؍ سے۳؍ انچ برف ریکارڈ کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ہندوستانی خواتین ٹیم نے ویسٹ انڈیز کا مکمل صفایا کردیا

 کشمیر کے سیاحتی مقامات شہرہ آفاق گلمرگ، یوسمرگ ، سونہ مرگ اور پہلگام میں اچھی خاصی برف باری ہوئی جس سے وہاں پر موجود سیاحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ سری نگر میں رواں سیزن کی پہلی برف باری ہے۔
 سری نگر اور دیگر اضلاع کے میدانی علاقوں میں برف باری سے  لوگ پھولے نہیں سمائے۔  خاص طور پر کسانوں کی جان میں جان آگئی ۔اعجاز احمد نامی ایک باغبان نے بتایا،’’یہ برف باری نہیں بلکہ ہماری زندگی ہے، ہمارے باغ زندہ ہوئے ہیں اور یہ ہمارے لئے باعث خوشی ہے۔‘‘انہوں نے کہا ،’’ موسم سرما میں برف باری نہیں ہوگی تو اس کے کئی شعبوں پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ  جموں کشمیر برف باری کے لئے بھی دنیا بھر میں اپنی منفرد شناخت رکھتاہے اور برف باری سے اس کی خوبصورتی مزید نکھرتی ہے۔
سری نگر کے فیاض احمد نامی ایک شہری نے بتایا’’ بالآخر لوگوں کی دعائیں اور نمازیں رنگ لائیں اور برف باری ہوئی جس سے ہر سو خوشی کا ماحول چھا گیا۔‘‘انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں برف باری کے بغیر کشمیر  کا مزہ ہی کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا ،’’ اب پانی کی قلت بھی دور ہوگی اور ہمارے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی بھیڑ بھی بڑھ جائے گی جس سے مختلف شعبہ ہائے حیات سے وابستہ افراد کا روز گار بڑھ جائے گا۔‘‘
دریں اثنا تازہ برف باری کے بعد سنتھن شاہراہ اور مغل روڈ پر آمدورفت رک گئی۔ ٹریفک حکام کے مطابق برف باری کی وجہ سے ان شاہراوں پر پھسلن پیدا ہونے کی وجہ سے آمدورفت کو روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ موسم بہتر ہونے کی صورت ہی میں شاہراہ پر گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔
علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کے میدانی اور بالائی علاقوں میں مزید برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مغربی ہوائیں وادی میں داخل ہو چکی ہیں جن کے زیر اثر سری نگر اور وادی کے دوسرے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں برف باری متوقع ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK