کسی بھی تخریبی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے فوج کا سی آر پی ایف اور پولیس کے ساتھ مشترکہ گشت جاری۔
EPAPER
Updated: May 01, 2024, 1:00 PM IST | Agency | Jammu And Kashmir
کسی بھی تخریبی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے فوج کا سی آر پی ایف اور پولیس کے ساتھ مشترکہ گشت جاری۔
پڑوسی ملک کی سرزمین سے ممکنہ دراندازی کے خطرے کے پیش نظر جموں میں سرحد وں پر فوج کی چوکسی بڑھائی گئی ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جا سکے۔ ذرائع نے بتایا کہ بین الاقوامی سرحد پر فوج کو مستعد رہنے کے احکامات دئیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سرحد پر مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے اور ملک دشمن عناصر کی طرف سے کسی بھی تخریبی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے فوج کا سی آر پی ایف اور پولیس کے ساتھ مشترکہ گشت بھی جاری ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سانبہ میں سبھی بارڈر چوکیوں پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا ہے جبکہ علاقے میں جگہ جگہ ناکے بھی لگائے گئے ہیں۔ دفاعی ذرائع نے بتایاکہ لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پرچوکیوں پر تعینات فوجی اہلکار دن رات نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ سرحد پار سے کوئی بھی ایل او سی کو پار نہ کر سکے۔ ذرائع نے بتایا کہ ہم انتہائی مستعد ہیں کیونکہ شدت پسندوں نے دراندازی کرکے کشمیر میں داخل ہونے کے ارادے ترک نہیں کئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ قیام امن کو یقینی بنانے کے لئے جموں کشمیر کے ۳۵۰؍کلومیٹر سرحد پر چوکسی بڑھائی گئی ہے۔ دفاعی ذرائع نے مزید بتایاکہ سرحدوں پر تعینات افواج کو ۲۴؍ گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
ان کے مطابق سرحدوں پر تعینات افواج دن رات فرائض انجام دے رہے ہیں۔
اس دوران منگل کے روز سانبہ میں بین الاقوامی سرحد کے نزدیکی علاقوں کو سیکوریٹی فورسیز نے محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ بین الاقوامی کنٹرول لائن پر فوج کی چوکسی بڑھائی گئی ہے جبکہ ممکنہ دراندازی کے پیش نظر سرحدوں پر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ایل او سی پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔