چناب اور پیرپنچال کے علاقوں میں کئی مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیاہے ۔این آئی اے کی ٹیم نے مڈبھیڑکے مقام کا دورہ کیا.
EPAPER
Updated: December 23, 2023, 8:34 AM IST | Agency | Srinagar
چناب اور پیرپنچال کے علاقوں میں کئی مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیاہے ۔این آئی اے کی ٹیم نے مڈبھیڑکے مقام کا دورہ کیا.
جموں وکشمیر کے ضلع راجوری کے تھنہ منڈی بفلیاز کے جنگل علاقے جہاں جمعرات کی سہ پہر جنگجوؤں کے ۲؍ فوجی گاڑیوں پر حملہ میں۴؍ فوجی جوانوں کی موت ہوئی جبکہ ۲؍ زخمی ہوئے تھے، میں جمعہ کو دوسرے روز بھی وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کی تلاش کیلئے علاقے میں وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ’’ وہاں چھپے دہشت گردوں کا سراغ لگانے کے لئے فضائی نگرانی کی جا رہی ہے اور کھوجی کتوں کو بھی کام پر لگایا گیا ہے۔ محاصرے کو سخت کرنے کیلئے فوج کی اضافی کمک کو طلب کیا گیا ہے۔‘‘ ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کی سہ پہر تھانہ منڈی راجوری کے بفلیاز علاقے میں جنگجوؤں نے فوج کی د و گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں۶؍اہلکار شدید طورپر زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ گولیوں کی آوازیں سنتے ہی آس پاس تعینات اہلکار جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے۴؍ فوجیوں کو مردہ قرار دیا۔ ذرائع نے متوفی فوجی جوانوں کی شناخت بی سنگھ ، کے کمار، سی کمار اور جی کمار کے بطور کی جبکہ زخمیوں کی پہچان سندیپ کمار ، ایس ایس داس اور ٹی ڈی بھاسکراو کے بطور ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک اور فوجی جوان زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا ہے جس سے مہلوک جوانوں کی تعداد ۵؍ ہوئی ہے۔
خطہ چناب اور پیرپنچال میں سرچ آپریشن ، کئی گرفتار
جموںکشمیر کے راجوری، کشتواڑ اور پونچھ اضلاع کے سرحدی علاقوں میں سیکوریٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکوریٹی فورسیز نے ملی ٹینٹ مخالف آپریشن کے دوران کئی مشتبہ افراد کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔ بتادیں کہ بفلیاز میں جمعرات کے روز ملی ٹینٹوں نے دو فوجی گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں پانچ فوجی جاں بحق جبکہ تین دیگر زخمی ہوئے۔
این آئی اے کی ایک ٹیم نے جائے وقوع کا دورہ کیا
سری نگر(ایجنسی): قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی ایک ٹیم نے جمعہ کے روز جموں کشمیر کے ضلع راجوری کے تھنہ منڈی بفلیاز کے جنگل علاقے میں جائے انکائونٹر کا دورہ کیا۔معلوم ہوا ہے کہ مرکزی ایجنسی کی ایک خصوصی ٹیم ڈپٹی انسپکٹر جنرل اور ایس پی رینک کے ایک افسر کی قیادت میں جائے وقوع کے دورے کے نتائج کی نگرانی کرے گی۔