کئی علاقوں میں سیاح پھنس گئے، ہریانہ میں حد نگاہ ۱۰؍ میٹر تک محدود، دہلی میں ۲۰؍ سے زائد ٹرینیں تاخیر کا شکار، راجستھان میں بارش کے آثار
EPAPER
Updated: December 26, 2024, 4:01 PM IST | Agency | Sri Nagar
کئی علاقوں میں سیاح پھنس گئے، ہریانہ میں حد نگاہ ۱۰؍ میٹر تک محدود، دہلی میں ۲۰؍ سے زائد ٹرینیں تاخیر کا شکار، راجستھان میں بارش کے آثار
جموں کشمیر ،ا ترا کھنڈ اور منالی میں شدید برفباری ہوئی ہے۔اس کی وجہ سے جہاں سیاحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے وہیں کچھ سیاح مختلف علاقوں میں پھنس گئے ہیں۔ ۳؍ قومی شاہراہوں سمیت ۲۲۳؍ سڑکیں برف کی تہہ جم جانے کی وجہ سے بند ہوگئی ہیں۔ منگل اور بدھ کی درمیانی شب لاہول اور اسپیتی کےکوکوم سیری علاقہ میں درجہ حرارت منفی ۶ء۹؍ ریکارڈ کیاگیا۔اس طرح یہ سب سے سرد علاقہ رہا۔ ہماچل میں برف باری کی وجہ سے سب سے زیادہ سڑکیں شملہ میں بند کی گئیں۔ یہاں ۱۴۵؍ سڑکوں پر آمدورفت روک دی گئی ہے جبکہ کُلو میں ۲۵؍ اور منڈی میں ۲۰؍ سڑکیں بند کی گئی ہیں۔ راجستھان اور دہلی میں ہلکی بارش کے بعد درجہ حرارت میں مزید کمی آنے کا اندیشہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی محکمہ آثار قدیمہ نے شمالی ہند کی ۹؍ ریاستوں میں گھنے کہرے کی پیش گوئی کی ہے۔ ہریانہ میں کہرے کی وجہ سے کچھ اضلاع میں حد نگاہ ۱۰؍ میٹر تک محدود ہوگئی ہے۔ دہلی میں بدھ کو حد نگاہ کئی علاقوں میں ۱۰۰؍ میٹر تک رہی۔ یہاں ایئر پورٹ کی جانب سے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے کہ موسم کی وجہ سے کچھ پروازیں متاثر ہوسکتی ہیں۔ یہاں پہلے ہی ۲۰؍ سے زائد ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں۔ کشمیر کے’’اسنو بیلٹ‘‘ کہلانےوالے خطے میں برف باری کے بعد پارہ صفر سے کافی نیچے چلا گیا ہے۔ یہاں نشیبی علاقوں میں ہلکی بارش بھی ہوئی ہے۔جمعرات کو ہماچل میں پھر ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ کئی ریاستوں میں سردی کی لہر اور بارش کا امکان ظاہر کیاگیاہے۔