• Fri, 08 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جاپان: ایس جے شنکر اور بلنکن کی ملاقات، دو طرفہ امورپر تبادلہ خیال

Updated: July 29, 2024, 10:30 AM IST | Tokyo

ہندوستانی وزیرخارجہ نے ٹوکیو کے شہر ایڈوگاوا کے فریڈم پلازہ میں مہاتماگاندھی کے مجسمے کی نقاب کشائی کی۔ آج ’کواڈ‘ میں شامل ممالک کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔

S JaiShankar and Antony Blanken in discussion in Tokyo. Photo: PTI.
ٹوکیو میں ایس جے شنکر اور انٹونی بلنکن تبادلہ خیال کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جے شنکر جو ’کواڈ‘ میں شامل ممالک (ہندوستان، امریکہ، جاپان اور آسٹریلیا) کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ میں شرکت کیلئے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو پہنچ گئے جہاں اتوار کوانہوں نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات کی۔ انہوں نے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ دونوں نے علاقائی اور عالمی مسائل پر وسیع پیمانے پر بات چیت کی۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’آج ٹوکیو میں مسٹر بلنکن سے مل کر بہت اچھا لگا۔ ہمارا دوطرفہ ایجنڈا آگے بڑھ رہا ہے۔ علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی بات چیت کی گئی۔ کل ۴؍ وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کا منتظر ہوں۔ 
اس ملاقات میں امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ معاون وزیر (جنوبی اور وسطی ایشیائی امور) ڈونالڈ لو اور امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر بھی موجود تھے۔ ایس جے شنکر کے ساتھ جاپان میں ہندوستان کے سفیر سبی جارج بھی تھے۔ ہندوستان کی مودی حکومت میں وزیر خارجہ کی ذمہ داری ملنے کے بعد ایس جے شنکر اور انٹونی بلنکن کے درمیان یہ پہلی ملاقات ہے۔ 
دریں اثناء ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اتوار کوٹوکیو کے شہر ایڈوگاوا کے فریڈم پلازہ میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر مجمع سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہاکہ ’’گاندھی جی کے پیغامات لازوال ہیں۔ میں آج کہوں گا کہ ایسے وقت میں جب ہم دنیا میں اتنا تصادم، اتنا تناؤ، اتنا پولرائزیشن، اتنی خونریزی دیکھ رہے ہیں، گاندھی جی کا پیغام بہت اہم ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ حل میدان جنگ سے نہیں نکلتے۔ کوئی بھی دور ہو جنگ کا دور نہیں ہونا چاہئے۔ یہ پیغام آج بھی اتنا ہی متعلقہ ہے جتنا ۸۰؍ سال پہلے تھا۔ ‘‘
ایس جے شنکر لاؤس کے وینٹیانے سے ٹوکیو پہنچے ہیں جہاں انہوں نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی اسوسی ایشن ’آسیان‘ سے متعلق کئی اجلاس میں شرکت کی اور کئی وزرائے خارجہ کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔ پیر کو ٹوکیو میں وہ’ کواڈ‘ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK