وزیر داخلہ امیت شاہ نے سنکلپ پتر کا اجراء کیا، حکومت بننے پر ریاست میں یکساں سول کوڈ نافذ کرنے اور قبائلیوں کو اس سےباہر رکھنے کا اعلان۔
EPAPER
Updated: November 04, 2024, 10:21 AM IST | Ranchi
وزیر داخلہ امیت شاہ نے سنکلپ پتر کا اجراء کیا، حکومت بننے پر ریاست میں یکساں سول کوڈ نافذ کرنے اور قبائلیوں کو اس سےباہر رکھنے کا اعلان۔
جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کیلئے بی جے پی کا انتخابی منشور’ سنکلپ پتر‘ جاری کردیا گیا۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے برسا منڈا کے ۱۵۰؍ویں یوم پیدائش پر ۱۵۰؍ وعدوں پر مشتمل یہ انتخابی منشور جاری کیا ہے جس میں خواتین اور نوجوانوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ انتخابی منشور کے اجراء کے موقع پرآسام کےو زیراعلیٰ ہیمنت بسواشرما، مرکزی وزراء شیوراج سنگھ چوہان، سنجےسیٹھ اورجھارکھنڈ بی جے پی کے صدر بابولال مرانڈی بھی موجود تھے۔ انتخابی منشور جاری کرتے ہوئےامیت شاہ نے کہا کہ جھارکھنڈ میں بی جے پی کی حکومت بننے پریکساں سول کوڈ(یو سی سی)نافذ کیاجائے اورقبائلیوں کو اس کے دائرہ سے باہر رکھا جائے گا۔ امیت شاہ نے کہا ہیمنت سورین اور ان کی پارٹی جھارکھنڈ مکتی مورچہ یہ جھوٹا پروپیگنڈہ کررہے ہیں کہ یو سی سی سے قبائلیوں کے حقوق، ان کی تہذیب اور ان سے متعلقہ قوانین متاثر ہوں گے۔ یہ سب بے بنیاد ہے کیونکہ قبائلیوں کویوسی سی کے دائرہ سے باہر رکھاجائے گا۔
اس کے ساتھ یہ بھی وعدہ کیا گیا کہ خواتین کو ہر مہینے کی ۱۱؍ تاریخ کو گوگو دیدی اسکیم کے تحت ۲۱۰۰؍ روپے دیے جائیں گے۔ دیوالی اور رَکشا بندھن کے دوران گیس سلنڈر مفت ہوں گے، ۵؍ سا ل میں ۵؍ لاکھ نوجوانوں کو روزگار دیا جائے گا۔ ۲؍ لاکھ۸۷؍ہزار۵۰۰؍ سرکاری اسامیوں پر بھرتیاں کی جائیں گی، سالانہ کیلنڈر ہر سال جاری کیا جائے گا۔
سنکلپ پتر کے کچھ اہم نکات
قبائلی ثقافت کی بحالی اور حوصلہ افزائی کیلئے سدھو کانہو ریسرچ سینٹر قائم کیا جائے گا۔ نوجوانوں کو کریئر میں مدد کیلئے ۲؍ سال تک ۲۰۰۰؍روپے ماہانہ کی ترغیبی رقم ملے گی۔
۲۱؍ لاکھ خاندانوں کو اپنا مستقل مکان، مفت بالو اور نل کے کنکشن کا تحفہ دیں گے۔
گوگو دیدی اسکیم کے تحت خواتین کو ہر ماہ ۲۱۰۰؍ روپے ملیں گے۔
بی جے پی کی حکومت بنتے ہی دراندازوں کو روکنے اور مقبوضہ زمینوں کو واپس کرنے کیلئے سخت قوانین نافذ کئے جائیں گے۔
صرف ایک روپے کے اسٹامپ ڈیوٹی کے رجسٹریشن کے ساتھ خواتین با اختیار بنانے والی اسکیموں سے استفادہ کرسکیں گی۔
ھارکھنڈ میں بے گھر ہونے سے پہلے بازآبادکاری کو یقینی بنانے کیلئے بحالی کمیشن تشکیل دیا جائے گا۔
بی ایڈ، نرسنگ اور دیگر پروفیشنل کورسیز کیلئے سرکاری اداروں میں مفت تعلیم ملے گی۔
۲۰۲۷ءتک جھارکھنڈ کو انسانی اسمگلنگ سے پاک بنانے کے لیے آپریشن تحفظ شروع کیا جائے گا۔
۲؍ سال کے اندر نکسل ازم کو ختم کردیا جائے گا۔
مکھیاؤں کی تنخواہیں دُگنی کر کے ۵۰۰۰؍ روپے کر دی جائیں گی۔
نجی اداروں میں ٹیوشن فیس معاف ہوگی۔
۷۰؍ سال سے زیادہ عمر کے افراد کو ۱۰؍ لاکھ روپے تک کا مفت علاج ملے گا۔
ہر ضلع میں ۱۰؍ نئے سرکاری میڈیکل کالج اور ایک نرسنگ کالج قائم کیا جائے گا۔
میٹرنٹی پروٹیکشن اسکیم کے تحت ہر حاملہ خاتون کو۶؍ نیوٹریشن کٹس اور۲۱۰۰۰؍ روپے کی امداد فراہم کی جائے گی۔
جھارکھنڈ کو سیاحت کا مرکز بنانے کیلئے قبائلی سرکٹس، ایکو ٹورازم اور ثقافتی مراکز تیار کئے جائیں گے۔
قبائلی برادری کو یکساں سول کوڈ کے دائرہ سے باہر رکھا جائے گا، مکھیاؤں اور پنچایتی راج اداروں کو’پیسا‘ قانون کے ذریعے بااختیار بنایا جائے گا۔
دیہی روزی روٹی کو فروغ دینے کے لیے ایم ایس پی میں ارہر اور مڑوا کو بھی شامل کیا جائے گا۔
معمر افراد، بیواؤں اور معذوروں کیلئے۲۵۰۰؍تک کی ماہانہ پنشن لاگو ہوگی۔
اس موقع پرامیت شاہ نے کہا کہ جھارکھنڈ کا یہ الیکشن نہ صرف حکومت بدلنے کا انتخاب ہے بلکہ یہ جھارکھنڈکا مستقبل محفوظ بنانے کا بھی انتخاب ہے۔ جھارکھنڈ کے لوگوں کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ بدعنوانی میں ڈوبی حکومت چاہتے ہیں یا مودی کی قیادت میں ترقی کی راہ پر گامزن بی جے پی کی حکومت۔