Updated: November 06, 2024, 11:23 AM IST
| Ranchi
وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے کہا کہ ہماری حکومت بننے کے بعد سے اعلان کردہ اسکیموں پر کام شروع کردیاجائے گا، ملکارجن کھرگے نے مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ضمانتوں کا اعلان کیا ہے جنہیں پورا کیاجائے گا، کانگریس اپنی ضمانتوں کو پورا کرتی ہے، مودی پورا نہیں کرتے۔
انڈیا اتحاد کے لیڈران جھارکھنڈ میں اپنے انتخابی منشور کے اجراء کے موقع پر۔ تصویر:پی ٹی آئی۔
جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس کی سربراہی میں انڈیا الائنس نےمنگل کو اپنا انتخابی منشور جاری کیا۔ کانگریس کے اس منشور میں خواتین کو ۲۵۰۰؍ روپے ماہانہ دینے کی بات کہی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ ریاست میں سلنڈر ۴۵۰؍ روپے میں دیا جائے گا۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے منگل کو اس منشور کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔
جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات۲۰۲۴ء کے حوالے سے انڈیا اتحاد کے اس مشترکہ منشور میں ۷؍ بڑے وعدے کئےگئے ہیں۔ ہر ماہ۷؍ کلو راشن/فی شخص اور۴۵۰؍روپے میں ایل پی جی سلنڈر دیا جائے گا۔ ریزرویشن کی حد بڑھائی جائے گی (ایس ٹی ۲۸؍فیصد، ایس سی ۱۲؍ فیصد، اوبی سی ۲۷؍فیصد)، خواتین کو ۲۵۰۰؍روپےماہانہ دیئے جائیں گے، سرنا دھرم کوڈ نافذ کیاجائیگا (سرنا کو علاحدہ مذہب کا درجہ دینے سے متعلق)، ۱۰؍ لاکھ سرکاری نوکریاں دی جائیں گی جبکہ ۱۵؍لاکھ کے ہیلتھ انشورنس کی بھی سہولت ہوگی۔ دھان کی ایم ایس پی۳۲۰۰؍فی کوئنٹل کی جائے گی۔ ہر ضلع میں ایک انجینئرنگ کالج، ایک میڈیکل کالج اور ایک یونیورسٹی قائم کی جائے گی۔
جھارکھنڈ میں کانگریس جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے ساتھ اتحاد میں الیکشن لڑ رہی ہے۔ یہاں کل۸۱؍اسمبلی سیٹیں ہیں جن میں سے کانگریس نے ۳۰؍سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں جبکہ جھارکھنڈ مکتی مورچہ۴۰؍ سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی آر جے ڈی نے ۷؍ سیٹوں پر امیدوار کھڑے کئے ہیں۔
کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور ریاست کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین مشترکہ منشور کے اجراء کے دوران موجود تھے۔ سورین نے کہا کہ گرینڈ الائنس کے تمام قائدین آج یہاں جمع ہوئے تاکہ ریاست میں حکومت کی تشکیل کے بعد ترجیحی بنیادوں پر کام کے سلسلے میں ۷؍ ضمانتیں جاری کی جائیں۔
سورین نے یہ بھی کہا کہ انتخابات میں ووٹروں کو یہ بتانا ضروری ہے کہ وہ کسی پارٹی کے حق میں ووٹ کیوں دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آپ کو۷؍ ضمانتیں دی ہیں کہ ہم انتخابات کے بعد آنے والی حکومت میں کیا آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی مدت مزید ایک ماہ تک چلنی تھی لیکن کون جانے کون سی سنگین صورتحال پیدا ہو گئی ہے کہ ایک ماہ قبل الیکشن ہو رہے ہیں۔ آج الیکشن کمیشن کے حکم کے مطابق۲؍ مرحلوں میں انتخابات ہو رہے ہیں جو پہلے۵؍ مرحلوں میں ہوتے تھے۔ موجودہ حکومت میں ہم نے ان لوگوں تک پہنچنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے جن تک آواز، عوام اور حصولیابیاں نہیں پہنچتیں۔ سورین نے کہا کہ ہماری حکومت بننے کے بعد سے ہی ان اعلان کردہ اسکیموں پر کام شروع کردیاجائے گا۔
کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ ہم نے ضمانتوں کا اعلان کیا ہے جنہیں پورا کیاجائے گا۔ جب بھی ہم گارنٹی کی بات کرتے ہیں مودی صاحب اس پر تبصرہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل وہ جھارکھنڈ میں تھے، تقریر کے دوران انہوں نے میرا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی طرف سے دی گئی ضمانتوں پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اپنی ضمانتیں پوری کرتی ہے ، مودی پورا نہیں کرتے۔
واضح رہےکہ اتوار کو بی جے پی نے اپنا انتخابی منشور جاری کیا تھا۔ انتخابی منشور جاری کرتے ہوئےامیت شاہ نے کہا تھا کہ جھارکھنڈ میں بی جے پی کی حکومت بننے پریکساں سول کوڈ(یو سی سی)نافذ کیاجائے گا اورقبائلیوں کو اس کے دائرہ سے باہر رکھا جائے گا۔ امیت شاہ نےہیمنت سورین اور ان کی پارٹی جھارکھنڈ مکتی مورچہ پر یہ جھوٹا پروپیگنڈہ کر نے کا الزام لگایا تھاکہ بی جےپی یو سی سی نافذ کرکے قبائلیوں کے حقوق، ان کی تہذیب اور ان سے متعلقہ قوانین متاثر کرنا چاہتی ہے ۔ یہ سب بے بنیاد ہے کیونکہ قبائلیوں کویوسی سی کے دائرہ سے باہر رکھاجائے گا۔ بی جےپی کے سنکلپ پتر میں مجموعی طورپر۱۵۰؍وعدے شامل ہیں۔ بی جےپی نے خواتین کوگوگودیدی اسکیم کے تحت ۲۱۰۰؍ روپے ماہانہ دینے کا وعدہ کیا ہے۔