• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جھارکھنڈ: کروڑوں کے ریلوے پروجیکٹ کا سنگ بنیاد

Updated: September 16, 2024, 10:43 AM IST | Ranchi

وزیراعظم مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جمشید پور میں ۶۶۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے مختلف ریلوے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا اور قوم کے نام وقف کیا، اس کے علاوہ رانچی سے۶؍ نئی وندے بھارت ٹرینوں کوآن لائن ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔

Prime Minister Modi held a rally in Jamshedpur (Tata Nagar). Photo: PTI.
وزیر اعظم مودی جمشید پور(ٹاٹا نگر)میں جلسے کےد وران۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی سے ملک کو ۶؍ وندے بھارت ٹرینوں کا تحفہ دیا جس میں ٹاٹا نگر-پٹنہ بھی شامل ہے۔ وزیر اعظم نے ان ۶؍ وندے بھارت ٹرینوں کو رانچی سے آن لائن ہری جھنڈی دکھا کر شروع کیا۔ وزیراعظم نے اس کے علاوہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جھارکھنڈ کے ٹاٹا نگر(جمشید پور) میں ۶۶۰؍کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے مختلف ریلوے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا اور قوم کے نام وقف کیا۔ انہوں نے پردھان منتری آواس یوجنا-گرامین (پی ایم اے وائی-جی) کے۳۲؍ ہزار مستحقین کو منظوری نامے بھی تقسیم کیے۔ وزیراعظم مودی نے ویڈیو کانفرنس نگ کے ذریعے ٹاٹا نگر جنکشن ریلوے اسٹیشن پر ۶؍ وندے بھارت ٹرینوں کو جھنڈی دکھا ئی۔ 
وزیر اعظم نے اپنے خطاب کا آغاز بابا بیدیا ناتھ، بابا باسوکی ناتھ اور بھگوان برسا منڈا کی سر زمین کے سامنے جھک کر کیا۔ انھوں نے جھارکھنڈ میں ’کرما پرو‘ کے مبارک موقع کا ذکر کیا جو فطرت کی پوجا کے لیے وقف ہے اور آج رانچی ہوائی اڈے پر ان کے استقبال کا ذکر بھی کیا جہاں ایک خاتون نے انہیں ’کرما پرو‘ کی علامت پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ’کرما پرو‘ کے حصے کے طور پر اپنے بھائیوں کے لیے خوشحال زندگی کے متمنی ہیں ۔ انہوں نے اس مبارک موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ جھارکھنڈ کو آج ۶؍ نئی وندے بھارت ٹرینوں، ۶۰۰؍کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے ترقیاتی پروجیکٹوں اور وزیر اعظم آواس یوجنا کے تحت ریاست کے لوگوں کے لیے پکے مکانات سے نوازا گیا ہے۔ مودی نے جھارکھنڈ کے عوام کو آج اور دیگر ریاستوں کے پروجیکٹوں کے لیے مبارکباد پیش کی جنہیں آج وندے بھارت کنیکٹیوٹی ملی۔ 
اس وقت کو یاد کرتے ہوئے جب جدید ترقی صرف چند ریاستوں اور شہروں تک محدود تھی اور جھارکھنڈ جیسی ریاستیں پیچھے رہ گئی تھیں ، وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ’سب کا ساتھ سب کا وکاس‘ کے منتر نے ملک کی سوچ اور ترجیحات کو بدل دیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کی ترجیحات میں غریب، آدیواسی، دلت، محروم، خواتین، نوجوان اور کسان شامل ہیں۔ 
وزیر اعظم نے کہا کہ آج ہر شہر اور ہر ریاست رابطہ کاری کو فروغ دینے کیلئے وندے بھارت ٹرین چاہتی ہے۔ انہوں نے کچھ دن پہلے ہندوستان کے شمال اور جنوب کی ریاستوں کے لیے تین نئی وندے بھارت ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھانے کا ذکر کیا اور آج(بروزاتوار) ۶؍ نئی وندے بھارت ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کرنے کا ذکر کیا جو پہلے ہی اپنا سفر شروع کر چکی ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے اس بات پر زور دیا کہ مشرقی ہندوستان میں ریل رابطے کی توسیع سے خطے کی معیشت مضبوط ہوگی اور کاروباروں ، پیشہ ور افراد اور طلبہ کو بہت فائدہ ہوگا۔ ۶؍ نئی وندے بھارت ٹرینوں کے نتیجے میں ثقافتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے خطے میں سیاحت کو فروغ ملے گا اور ٹاٹا نگر کی صنعتی ترقی کی بھی حوصلہ افزائی ہوگی جس سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ 
مودی نے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ تیز رفتار ترقی کیلئے ریلوے کا جدید بنیادی ڈھانچہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے دیوگھر ضلع میں مدھوپور بائی پاس لائن کا سنگ بنیاد رکھنے کا ذکر کیا جس سے ہاوڑہ-دہلی مین لائن پر ٹرینوں کو روکنے میں مدد ملے گی اور گریڈیہ اور جسیڈیہ کے درمیان سفر کے وقت کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ مودی نے کہا کہ کرکورا-کناروآن لائن کو دُہرا کرنے سے جھارکھنڈ میں ریل رابطے کو فروغ ملے گا اور اسٹیل کی صنعتوں سے رابطہ مضبوط ہوگا۔ مودی نے مزید کہا کہ جھارکھنڈ کو اس سال کے بجٹ میں ریاست کے ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئے ۷؍ ہز ارکروڑ روپے سے زیادہ کی رقم دی گئی ہے جو۱۰؍ سال پہلے مختص بجٹ کے مقابلے میں ۱۶؍گنا زیادہ ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK