جھارکھنڈ کے گورنرسنتوش کمار گنگوار نے چوتھی میعاد کیلئے حلف دلایا ،راہل گاندھی ،کھرگے، کیجریوال اور ممتا بنرجی کی شرکت۔
EPAPER
Updated: November 29, 2024, 10:33 AM IST | Agency | Ranchi
جھارکھنڈ کے گورنرسنتوش کمار گنگوار نے چوتھی میعاد کیلئے حلف دلایا ،راہل گاندھی ،کھرگے، کیجریوال اور ممتا بنرجی کی شرکت۔
جھارکھنڈ کے گورنر سنتوش کمار گنگوار نے جمعرات کو شام ۴؍ بجے رانچی کے مورہابادی میدان میں منعقدہ ایک پروگرام میں ہیمنت سورین کو وزیر اعلیٰ کے عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ ہیمنت سورین نے ریاست کے۱۴؍ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر عہدے اور رازداری کا حلف لیا۔ یہ ۴۹؍ سالہ جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کے سربراہ کی بطور وزیر اعلیٰ چوتھی میعاد ہوگی۔ اس موقع پر کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی، سابق وزیر اعلیٰ شیبو سورین اور ان کی اہلیہ روپی سورین، بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، سابق وزیر اعلیٰ شیبو سورین اور دیگر موجود تھے۔ دہلی اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ اروند کجریوال اور بھگونت سنگھ مان، اترپردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو، کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار، تمل ناڈو کے سابق نائب وزیر اعلیٰ ادے اسٹالن، ایم اے ایس کے جنرل سیکریٹری دیپانکر بھٹاچاریہ، کپل سبل، کانگریس کے جھارکھنڈ انچارج غلام احمد میر، ایم پی پپو یادو، سنجے سنگھ، کلپنا سورین، اسمبلی اسپیکر رویندر ناتھ مہتو اور گورو چڈھا سمیت دیگر کئی لیڈران موجود تھے۔
سورین نے چوتھی بار جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی جھارکھنڈ کی سیاسی تاریخ میں کئی ریکارڈ ان کے نام درج ہوئے۔ وہ ریاست کی ۲۴؍ سالہ تاریخ میں چار بار وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لینے والے پہلے سیاستداں بن گئے۔
یہ بھی پڑھئے:درگاہِ اجمیریؒ پر شرانگیز دعویٰ، کروڑوں عقیدتمند شدید برہم
اس سے پہلے ان کے والد شیبو سورین اور بی جےپی کے ارجن منڈا تین تین بار وزیر اعلیٰ کی کرسی پر بیٹھ چکے ہیں۔ ہیمنت سورین نے جے ایم ایم، کانگریس اور آر جے ڈی اتحاد کی حمایت سے تشکیل دی گئی حکومت میں ۱۳؍ جولائی ۲۰۱۳ء کو پہلی بار وزیر اعلیٰ کا حلف لیا تھا۔ اس حکومت کی میعاد۲۳؍ دسمبر۲۰۱۴ء تک تھی۔ انہوں نے ۲۹؍ دسمبر۲۰۱۹ء کو دوسری بار حلف اٹھایا۔ ۳۱؍ جنوری ۲۰۲۴ء کو ای ڈی کے ذریعے گرفتار ہونے کے بعد انہیں وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑاتھا۔ ضمانت پر باہر آنے کے بعد انہوں نے۴؍ جولائی۲۰۲۴ء کو تیسری بار حلف لیا۔ ہیمنت سورین کا نام جھارکھنڈ کے پہلے وزیر اعلیٰ کے طور پر درج کیا جا رہا ہے جو مسلسل دوسری بار حکومت میں واپس آئے ہیں۔
سورین نے حال ہی میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں برہیٹ سے مسلسل تیسری بار جیت حاصل کی۔ سورین نے بی جے پی کے گملیل ہیمبرم کو۳۹۷۹۱؍ووٹوں کے فرق سے شکست دے کر برہیٹ سیٹ برقرار رکھی۔ جے ایم ایم کی قیادت والے اتحاد نے۸۱؍ رکنی اسمبلی میں ۵۶؍ نشستیں حاصل کرکے اپنی اکثریت برقرار رکھی، جبکہ بی جے پی کی زیرقیادت نیشنل این ڈی اے کو۲۴؍ نشستیں ملیں ۔ حلف برداری کی تقریب کو منظم کرنے کیلئے پورے رانچی میں انڈیا اتحاد کے لیڈروں کے کٹ آؤٹ لگائے گئے تھے۔ کانگریس کی جھارکھنڈ یونٹ کے انچارج اور پارٹی جنرل سیکریٹری غلام احمد میر نے کہا کہ ہیمنت سورین کی قیادت والی حکومت کی حلف برداری کے پیش نظر رانچی شہر میں اسکول بند رہے۔ حلف لینے سے چند گھنٹے قبل ہیمنت سورین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ کہا ’’ اتحاد ریاست کے لوگوں کا سب سے بڑا ہتھیار ہے جسے نہ تو تقسیم کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی خاموش کیا جاسکتا ہے۔ ‘‘بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے سورین نے یہ بھی کہا کہ جب بھی `وہ ہمیں خاموش کرنے کی کوشش کرتے ہیں، انقلاب زیادہ شدید ہو جاتا ہے۔ ہیمنت سورین نے پوسٹ میں مزید کہا ’’اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارا اتحاد ہمارا سب سے بڑا ہتھیار ہے۔ ہم نہ تو تقسیم ہو سکتے ہیں اور نہ ہی خاموش ہو سکتے ہیں۔ جب بھی وہ ہمیں پیچھے دھکیلتے ہیں، ہم آگے بڑھتے ہیں۔ جب بھی وہ ہمیں خاموش کرنا چاہتے ہیں، ہماری چیخ و پکار اور انقلاب کی آواز بلند ہو جاتی ہے کیونکہ ہم جھارکھنڈی ہیں اور جھارکھنڈی جھکتے نہیں۔ ‘‘ اس دوران جھارکھنڈ بی جے پی کے ریاستی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ بابولال مرانڈی نے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو چوتھی بار ریاست جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے پر مبارکباد دی اور امیدظاہر کی کہ وہ اپنا وعدے پورے کرینگے۔