• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جیتن سہنی قتل کیس: کلیدی ملزم کاظم انصاری کی گرفتاری کا دعویٰ

Updated: July 19, 2024, 10:55 AM IST | Agency | Patna

دربھنگہ پولیس کے مطابق ملزم نے جیتن سہنی سے قرض لیا تھا اور سود کم کرنے پرہوئے جھگڑے میں قتل کی واردات انجام دی۔

The police have claimed to solve the Jitan Sohni murder case within 24 hours. Photo: INN
جیتن سہنی قتل کیس کو پولیس نے ۲۴؍ گھنٹے میں سلجھانے کا دعویٰ کیا ہے۔ تصویر : آئی این این

بہار کے سابق وزیر مکیش سہنی کے والد جیتن سہنی کے قتل کیس میںپولیس نے کاظم انصاری نامی کلیدی ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔جیتن سہنی کو۱۶؍ جولائی کوان کے ہی گھر میں بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا۔ شروع سے ہی پولیس کو اس معاملے میں کسی ذاتی دشمنی کا شبہ تھا۔ قتل کے بعد ریاست میں امن و امان پر اٹھنے والے سوالات کے درمیان دربھنگہ پولیس نے آئی پی ایس کامیا مشرا کی قیادت میں تین رکنی  ایس آئی ٹی تشکیل دی تھی۔ اس ٹیم نے۲۴؍ گھنٹے کے اندر کیس کو سلجھا کر ملزم کا ظم انصاری کو گرفتار کر نے کا دعویٰ کیا  ہے۔
ایس ایس پی جگناتھ ریڈی نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملزم کاظم انصاری نے مکیش سہنی کے والد جیتن سہنی سے ڈیڑھ لاکھ روپے کا قرض لیا تھا۔ کاظم انصاری نے قرض ادا نہ کرنے اور سود کم کرنے پرہوئے جھگڑے کے سبب جیتن سہنی کو قتل کیا۔ ایس ایس پی جگناتھ ریڈی کے مطابق ملزم نے  پوچھ گچھ کے دوران واقعہ کی تفصیلی جانکاری دی ہے۔
کاظم انصاری کے تعلق سے بتایا جا رہا ہے کہ وہ مکیش سہنی کے گاؤں کے بیرول تھانہ کے افضلہ گاؤں کا رہنے والا ہے۔ اس نے جیتن سہنی سے پچاس ہزار کی تین قسطوں میں ڈیڑھ لاکھ روپے قرض لیاتھا اور اس رقم کے بدلے میں ان کے پاس زمین گروی رکھ دی تھی۔ کاظم انصاری نے پولیس کو بتایا کہ وہ جیتن سہنی کا قرض ادا کرنے کے قابل نہیں  تھا تو اس نے جیتن ساہنی کے گھر جانے کا منصوبہ بنایا اور اس کیلئے اس نے اپنے کچھ دوستوں کے ساتھ صبح پیر ۱۵؍ جولائی کی رات تقریباً ڈیڑھ بجے پچھلے دروازے سے سہنی کے گھر میں داخل ہوا، گھر کا دروازہ اندر سے بند نہیں تھا۔ گھر میں داخل ہونے کے بعد ملزم نے گھر میں جیتن سہنی کو جگایا اوران سے زمین اور قرض کے کاغذات مانگے۔ اس پر جیتن سہنی نے پیپر دینے سے انکار کر دیا۔ کاغذات دینے سے انکار پر ملزم کا اس سے جھگڑا ہوا۔ اس بحث کے دوران ملزم نے چاقو سے پے درپے حملہ کرکے جیتن سہنی کو قتل کردیا۔ اس کے سا تھی بھی وہاں موجود تھے۔ قتل کے بعد ان لوگوں نے گھر میں قرض کے کاغذات تلاش کئے لیکن الماری کی چابی نہ ملنے پر پوری الماری   تالاب میں پھینک دی تاکہ اس میں رکھے  شواہد برباد ہو جائیں۔ ملزم گھر کے پیچھے تالاب میں الماری پھینک کر ساتھیوں کے ساتھ فرار ہوگیا۔ ایس ایس پی جگناتھ ریڈی نے یہ واقعات بیان کئے ہیں ۔ ان کا کہنا ہےکہ کا ظم نے اپنے ساتھیوں کے بھی نام بتائے ہیں۔ابتدائی تفتیش میں پولیس نے تالاب سے ایک لال بکس بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK