آزادی ٔ اظہار رائے پر قدغن اور امریکہ سے ہندوستانیوںکی واپسی پر احتجاج درج کرایا
EPAPER
Updated: March 03, 2025, 10:52 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
آزادی ٔ اظہار رائے پر قدغن اور امریکہ سے ہندوستانیوںکی واپسی پر احتجاج درج کرایا
پیر کومہاراشٹر اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے پہلے ہی دن این سی پی(شرد پوار) کے گروپ لیڈر و رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ ہتھکڑی لگا کر ودھان بھون پہنچے اور سبھی کو چونکا دیا۔انہیں اس حالت میں دیکھ کرذرائع ابلاغ کے نمائندے ان کے پاس پہنچے۔ اوہاڑ نے کہا کہ ’’اظہار رائے کی آزادی پر حملہ کیا جا رہا ہے۔ اپنی رائے کا اظہار کرنے والوں اور کارکنوں کے خلاف جس طرح مقدمات درج کر کے خاموش کروایا جا رہا ہے وہ غلط ہے۔ اظہار رائے کی آزادی ہمارا بنیادی حق ہے۔اس حق کی حفاظت کے لئےہتھکڑیاں پہن کر احتجاج کر رہا ہوں۔‘‘
این سی پی لیڈر نے مزید کہا کہ’’ یہ ہتھکڑیاں اس لئے بھی ہیں کہ ہندوستانیوں کو امریکہ میں ناانصافی کا سامنا ہے اورانہیں جس طرح ہندوستان واپس بھیجا جارہاہے وہ ظالمانہ ہے۔‘‘ جتیندر اوہاڑ نے نشاندہی کی کہ ’’ ہندوستانیوں کو جس طرح زبردستی بھیجا گیا، ان کے پاؤں میں بیڑیاں اور ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگائی گئیں، بیت الخلاء کی سہولت نہیں دی گئی ،بھوکے پیاسے ذلیل کرکے بھیجا گیا جو شرمناک ہے۔ ‘‘اپنے ہاتھوں پر لگی ہتھکڑیاں دکھاتے ہوئے جتیندر اوہاڑ نے کہا کہ اگر ہم ان ہتھکڑیوں کی وجہ سے خاموش رہے اور امریکہ میں ہندوستانیوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف آواز نہیں بلند کی تو امریکہ ہمیں نگل جائے گا۔ انہوں نے اپنے احتجاج کا مقصد مذکورہ افرادکے ساتھ اظہار یکجہتی اوران کی آواز بلند کرنا بتایا ۔
مہاراشٹر میں صرف ۲؍غنڈے !ایک
کوکاٹے دوسرے منڈے! کا نعرہ بھی بلند ہوا
ودھان بھون میں اپوزیشن کے لیڈروں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی کہ’’ مہاراشٹر میں صرف ۲؍ غنڈے، ایک کوکاٹے دوسرے منڈے!‘‘ اس دوران اپوزیشن نے سنتوش دیشمکھ قتل کیس اور محکمہ زراعت میں بدعنوانی کے معاملے میں دھننجے مندے کو نشانہ بنایا ہے ۔ گزشتہ تین ماہ سے مخالفین ان کے استعفے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اس کے ساتھ ہی وزیر زراعت مانیکراؤ کوکاٹے کو ناسک کی عدالت نے ایک پرانے دھوکہ دہی کے معاملے میں ۲؍سال قید کی سزا سنائی ہے، جس کی وجہ سے اپوزیشن نے بھی ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔