میٹر نیٹی ہوم کو منہدم کرکے۱۱۷؍ کروڑ روپے کے بجٹ سے ۱۵۱؍ بیڈ کا اسپتال بن رہا ہے ۔ اس میں متعدد امراض کے علاج کی سہولتیں مہیا کرائی جائیں گی
EPAPER
Updated: June 19, 2023, 11:23 AM IST | Kazim Shaikh | Jogeshwari
میٹر نیٹی ہوم کو منہدم کرکے۱۱۷؍ کروڑ روپے کے بجٹ سے ۱۵۱؍ بیڈ کا اسپتال بن رہا ہے ۔ اس میں متعدد امراض کے علاج کی سہولتیں مہیا کرائی جائیں گی
یہاں جوگیشوری کے مغربی علاقے میں واقع اوشیوارہ میونسپل میٹرنیٹی ہوم (دواخانہ) کو منہدم کرکے اوشیوارہ میونسپل جنرل اسپتال کا تعمیراتی کام شروع ہو چکا ہے ۔ تعمیر ہونے والےاس اسپتال کا کام ۳؍ سال میں مکمل ہوگا اور اس میں زچگی سے لے کر عام بیماریوں کو نہ صرف علاج ہوگا بلکہ اس اسپتال میں کئی خصوصی بیماریوں کا علاج کیا جائےگا ۔
جوگیشوری میں مقیم اور آر ٹی آئی رضاکار منصور درویش نے دعویٰ کیا کہ جوگیشوری میں اوشیوارہ بی ایم سی گارڈن کے سامنے واقع اوشیوارہ میٹرنیٹی ہوم پہلے ۴؍ منزلہ تھااور اس میں زچگی کے علاوہ موسمی بیماروں کی دوائیں دی جاتی تھیں ۔اگرکسی حاملہ خاتون کو آپریشن کی ضرورت پڑتی تو انھیں کوپر اسپتال بھیج دیا جاتا تھا ۔میں جب بھی اوشیوارہ دواخانہ میں جاتا تو میٹرنیٹی ہوم کی خالی پڑی جگہوں کا صحیح طریقے سے استعمال کیا جانا چاہئے ۔ اس بنیاد پر ہم نے اوشیوارہ دواخانہ کو مکمل طور پر جنرل اسپتال میں تبدیل کرنےکیلئے متعدد مرتبہ اس وقت کے حکمراںاور بی ایم سی افسران سے تحریری طورپر درخواست کی تھی ۔اللہ کا شکر ہے کہ محنت رنگ لائی اور جوگیشوری کے سابق کارپوریٹر راجو پڈنیکر کی کوششوں سے اوشیوارہ میٹرنیٹی ہوم کو منہدم کرکے ۸؍ مارچ ۲۰۲۲ء جنرل اسپتال کا تعمیراتی کام شروع ہوگیا ہے اور آنے والے دنوں میں علاقے کے غریبوں کا اس اسپتال سے کافی فائدہ پہنچے گا ۔
جوگیشوری میں مقیم اور وارڈ نمبر ۶۲؍ کے سابق کارپوریٹر راجو پڈنیکر سے اوشیوارہ جنرل اسپتال کے بارے میں بات چیت کی گئی تو انھوں نے تعمیر ہونے والے اسپتال کا معائنہ کراتے ہوئے کہا کہ اوشیوارہ میٹر نیٹی ہوم میں موسمی بیماریوں کی دوائیں دی جاتی تھیںاور زچگی وغیرہ کا انتظام تھا لیکن بچے کی پیدائش میں آپریشن کی ضرورت پڑتی تو یہاں سے کافی دور ولے پارلے میں واقع کوپر بی ایم سی اسپتال منتقل کیا جاتا تھا ۔ چوں کہ میٹرنیٹی ہوم میں جگہ کافی تھی اس لئے میں نے سوچا کہ اس کو اسپتال میں تبدیل کرکے کیوں نہ کہ غریبوں کیلئےجنرل اسپتال تعمیرکرایا جائے ۔
ایک سوال کے جواب میں راجو پڈنیکر نے کہا کہ بی ایم سی میں ہم نےجنرل اسپتال کا پرپوزل ( تجویز ) ڈالااور اس کی منظوری مل گئی لیکن اس سے پہلے یہاں کے سماجی کارکن منصور درویش بھی میٹرنیٹی ہوم کو اسپتال میں تبدیل کرانے کیلئے متعدد لیڈران کو خطوط لکھ چکے تھے ۔ بہر حال میری تجویز کارپوریشن نے منظور کی اور ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ ۱۱۷؍ کروڑ روپے کے بجٹ سے۱۵۱؍ بیڈ کا ۱۱؍ منز لہ اسپتال تعمیر کیاجارہا ہے۔ بلڈنگ کے بیس منٹ میں گاڑیوں کی پارکنگ وغیرہ کی سہولت ہوگی ۔ اس کے علاوہ ۲۴؍ گھنٹے ڈاکٹروں کی موجودگی ، آپریشن تھیٹر، بلڈبینک، نوزائیدہ کیلئے انتہائی نگہداشت این آئی سی یو انکیو بیٹر ، ڈائلیسس اور حاملہ خواتین کی جانچ اور زچگی کے خصوصی وارڈ کے علاوہ عام بیماریوں کے علاج کی سہولت ہوگی ۔اسپتال کے تعمیر ی کام کیلئے ۳؍ سال کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ البتہ اسپتال میں علاج شروع کرنےکیلئے تقریباً ۴؍ سال کا عرصہ درکار ہے۔