بازار میں منشیات فروشی کی مقامی افراد کی شکایت پر سابق کارپوریٹر نے شہری انتظامیہ کی مدد لی۔
EPAPER
Updated: June 25, 2024, 10:05 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
بازار میں منشیات فروشی کی مقامی افراد کی شکایت پر سابق کارپوریٹر نے شہری انتظامیہ کی مدد لی۔
پیر کو آگری پاڑہ پولیس اور بی ایم سی کے ’ای وارڈ‘ کے مختلف ڈپارٹمنٹ کے افسران نے مدنپورہ میں جھولا میدان سے متصل فینسی مارکیٹ میں سڑکوں اور فٹ پاتھ پر لگنے والے ٹھیلوں اور باکڑوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے پورا بازار خالی کروادیا۔ اس کارروائی کا مقصد بازار کا فائدہ اٹھاکر منشیات فروشی کرنے والوں پر قدغن لگانا بتایا گیا ہے اور اگر سب کچھ انتظامیہ کے منصوبہ کے مطابق رہا تو اب سے یہ بازار روزانہ صبح ۱۰؍ بجے سے شام ۴؍ بجے تک ہی کھلا رہے گا۔
انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے لیڈر رئیس شیخ نے کہا کہ ’’اس کارروائی کے ذریعہ بازار بند نہیں کیا گیا ہے بلکہ بازار کو نظم و ضبط کے تحت جاری رکھنے کیلئے ایسا کیا گیا ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’مقامی افراد کی جانب سے کئی دنوں سے شکایات موصول ہورہی تھیں کہ بازار کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سماج دشمن عناصر یہاں منشیات فروشی کرنے لگے ہیں۔ اس کے علاوہ آہستہ آہستہ عارضی ٹھیلوں اور باکڑوں کو پکے ڈھانچوں کی شکل دینے کی شروعات ہوگئی تھی اور فٹ پاتھ پر بھی مکمل طور پر قبضہ کرلیا گیا تھا جس کی وجہ سے نہ تو فٹ پاتھ پر چلنے کی جگہ بچی تھی اور نہ ہی سڑکوں پر جس کی وجہ سے ٹریفک کا مسئلہ بھی بہت بڑھ گیا تھا۔‘‘
یہاں حکیم اجمل خان دوا خانہ ہے اور ۴؍ مختلف اسکول ہیں جن کی وجہ سے بھیڑ بھاڑ رہتی ہے اور دوا خانہ آنے والے مریضوں، اسکولی طلبہ اور ان کے والدین کو بھی شدید پریشانیاں ہورہی تھیں جس کی وجہ سے بازار کے آس پاس رہنے والے سخت پریشان تھے۔ تقریباً روزانہ کوئی نہ کوئی مقامی شخص یا وفد اس سلسلے میں شکایت کررہا تھا۔
رئیس شیخ کے مطابق یہ کارروائی اچانک نہیں کی گئی ہے بلکہ تقریباً ۲؍ ماہ قبل بہت بڑی تعداد میں مقامی افراد کے ساتھ انہوں نے پہلے بی ایم سی وارڈ آفس میں جاکر میونسپل افسران سے اور پھر پولیس اسٹیشن جاکر سینئر انسپکٹر اور بعد میں ڈی سی پی سے بھی اس سلسلے میں گفتگو کی تھی۔ اُس روز بھی چھوٹی موٹی کارروائی کی گئی تھی لیکن پیر کو جو کارروائی کی گئی ہے، اس کیلئے کافی تحریری کام کئے گئے تھے۔
پیر کو پولیس کے علاوہ بی ایم سی کے ’اینٹی انکروچمنٹ‘، ’مینٹیننس‘ اور دیگر ڈپارٹمنٹ کے افسران بھی موجود تھے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ دوبارہ یہاں ناجائز قبضہ نہ ہو، اس کیلئے پولیس کے بیٹ افسر کو چند دنوں کے وقفہ سے اچانک کسی بھی دن کسی بھی وقت تصویریں لینے کی ہدایت تو دی گئی ہے ساتھ ہی سینئر پولیس انسپکٹر، علاقے کےڈی سی پی اور خود رئیس شیخ بھی ۱۵؍ دن یا مہینے کے وقفہ سے کسی بھی دن اچانک اس مقام کا دورہ کرتے رہیں گے۔
حالانکہ اس نمائندے نے یہاں سڑک پر چادر بچھا کر اشیاء فروخت کرنے والے ایک شخص سے جب گفتگو کی تو اس نے کہا کہ ’’بازار ۲؍ دن کیلئے بند کیا گیا ہے ۲؍ دن بعد ہم دوبارہ معمول کےمطابق کاروبارکر سکتے ہیں۔‘‘