• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بنارس میں’انڈیا‘ اتحاد کی مشترکہ ریلی، راہل اور اکھلیش کی شرکت

Updated: May 29, 2024, 8:05 AM IST | Ali Imran | Lucknow

کانگریس لیڈر نے کہا کہ دل وجان کی بازی لگا کر ہم آئین کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے، ایس پی لیڈر نے اسے ملک اور آنے والی نسل کے مستقبل کا الیکشن قرار دیا۔

Rahul Gandhi and Akhilesh Yadav at a joint rally of the India Alliance in Banaras. Photo: PTI
بنارس میں انڈیا اتحاد کی مشترکہ ریلی میں راہل گاندھی اور اکھلیش یادو۔ تصویر: پی ٹی آئی

اترپردیش میں لوک سبھا انتخابات کے آخری مرحلے کی سرگرمیوں میں ایک بار پھر راہل گاندھی اور اکھلیش یادو کی جوڑی میدان میں اُتری۔دونوں لیڈران نے بی جے پی حکومت کی کارکردگی پر سوال کھڑے کئے اورکہا آئین پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔راہل گاندھی نے کہا کہ وہ دل وجان کی بازی لگا کر آئین کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔اکھلیش یادو نے کہا کہ ہندوستانی آئین انصاف، حقوق، عزت اور نوکریاں فراہم کرتا ہے۔ تفریق کو ختم کرتا ہے اورہم سب کیلئے لائف لائن ہے جبکہ بی جے پی آئین کو بدلنا چاہتی ہے۔
 کشی نگر ، دیوریا اور بنارس میں انڈیا اتحاد کی ریلیوں میں  ایک بار پھر عوام کا جم غفیر دکھائی دیا۔ اس موقع پرراہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی آئین کو ختم کرنا چاہتی ہے لیکن یہ نہیں بھولنا چاہئے کہڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر نے اپنی پوری زندگی آئین بنانے کیلئے وقف کر دی تھی،اسلئے ہم مرجائیں گے، کٹ جائیں گے لیکن آئین پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، اسےبدلنے نہیں دیں گے اور ریزرویشن کو مزید مضبوط کریں گے۔
بنارس میں منعقدہ ریلی سے قبل بانس گاؤں لوک سبھا حلقہ میں منعقدہ مشترکہ انتخابی جلسے سےاکھلیش یادو اور راہل گاندھی نے خطاب کیا۔کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ’’ یہ نظریات کی لڑائی ہے اور آئین کو بچانے کی جنگ ہے۔ بی جے پی لیڈران کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت آئے گی اور آئین میں ترمیم کردے گی لیکن میں کہتا ہوں کہ بی جے پی کی حکومت نہیں آئے گی،اسلئے آئین کی تبدیلی کا کوئی سوال نہیں اٹھتا۔‘‘  راہل گاندھی نے مزیدکہا کہ انڈیا اتحاد ریزرویشن کی حد کو ۵۰؍ فیصد سے زیادہ بڑھانے کیلئےکام کرے گا اور اگنی ویر اسکیم کو ختم کیا جائےگا۔
 سماجوادی پارٹی کے قومی صدراکھلیش یادو نے کشی نگر میں منعقدہ جلسہ عام میں کہا کہ بی جے پی حکومت کے خلاف عوام کا غصہ سڑکوں پر نظر آرہا ہے۔ بی جے پی نے دس برسوں میں سب کو دھوکہ دیا ہے۔اس نے کسی کو بھی نہیں بخشا ہے۔ ہر طبقے کے ساتھ امتیازی سلوک کیا  ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی آئین کو بدلنا چاہتی ہے جبکہ یہ آئین انصاف، حقوق، عزت اور نوکریاں فراہم کرتا ہے اور تفریق کو ختم کرتا ہے۔ انہوں   نے کہا کہ بی جے پی کی نیت ٹھیک نہیں ہے۔ اس لڑائی میں ایک طرف انڈیا اتحاد کے لوگ ہیں جو آئین کو بچانا چاہتے ہیں تو دوسری طرف بی جے پی کے لوگ ہیں جو آئین کو بدلنے کی بات کر رہے ہیں۔ اس لوک سبھا الیکشن میں عوام آئین اور جمہوریت کو بچانے کیلئے انڈیا اتحاد کے ساتھ کھڑے ہیں۔
 اکھلیش یادو نےاس الیکشن کو ملک اور آنے والی نسل کے مستقبل کاالیکشن قرار دیا۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ انڈیا اتحاد کی حکومت کسانوں کی مدد کرے گی اورغریبوں کو اچھے معیار کا راشن فراہم کرے گی۔ اسی کے ساتھ انہوں نے کہا کہ راشن دگنا کیا جائے گااور موبائل استعمال کرنے کیلئے مفت انٹرنیٹ ڈیٹا دیا جائے گا۔ ملازمتوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ  بی جے پی نے نوجوانوں کو صرف خواب دکھائے ہیں لیکن انڈیا اتحاد کی حکومت بنتے ہی ترجیحی بنیاد پر خالی  آسامیوں پر نوجوانوں کی بھرتی کا عمل شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے لاکھوں نوجوانوں کا مستقبل تباہ کر دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK