• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جونیئر ڈاکٹر اب راج بھون سے بھی ناراض، گھنٹوں انتظار کےبعد بھی وفد کوگورنرسےملاقات کی اجازت نہیں ملی

Updated: October 15, 2024, 10:18 PM IST | Kolkata

کولکاتا کے آر جی کر میڈیکل کالج میں ٹرینی ڈاکٹر کی آبروریزی اور قتل کے بعد مظاہرہ کرنے والے جونیئر ڈاکٹروں کو یہ کہہ کر راج بھون سے ٹرخا دیا گیا کہ صاحب ابھی آرام فرما رہے ہیں، مظاہرین میں مایوسی

The hunger strike of junior doctors in Kolkata has completed 10 days (Photo: PTI)
کولکاتا میں جونیئر ڈاکٹروں کی بھوک ہڑتال کے ۱۰؍ دن مکمل ہوچکے ہیں (تصویر: پی ٹی آئی)

مغربی بنگال میں ممتا بنرجی کی حکومت کے خلاف مظاہرہ کرنےوالے جونیئر ڈاکٹر اَب راج بھون سے بھی ناراض ہوگئے ہیں۔ دراصل منگل کو مظاہرین کے ایک وفد نے گورنر سے ملاقات کی کوشش کی تھی لیکن انہیں کامیابی نہیں ملی۔مظاہرین نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں یہ کہہ کر وہاں سے ٹرخا دیا گیا کہ گورنر صاحب ابھی سو رہے ہیں۔ بعد ازاں وفد سے میمورنڈم لے کر انہیں واپس کردیا گیا۔ راج بھون کے اس رویے سے جونیئر ڈاکٹروں میں سخت مایوسی اوربرہمی پائی جارہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی مظاہرین نے ریاستی حکومت کے خلاف اپنی تحریک کو جاری رکھنے کااعلان کیا ہے۔
 کولکاتا میڈیکل کالج اینڈ اسپتال کے جونیئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر ایس کے محبوب حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا  کہ پہلے راج بھون کے افسران نے ہمیں بتایا کہ گورنر سو رہے ہیں اسلئے ہم ان سے نہیں مل سکتے۔اس کی وجہ سےہم شام تک انتظار کرتے رہے۔ اس کے بعد افسران نے ہمارے کچھ نمائندوں کو اندر جانے کی اجازت دی لیکن تب بھی ملاقات کی کوئی سبیل نہیں نکل سکی۔ بالآخر وہ  وہاں سے  واپس چلے آئے۔
  خیال رہے کہ۹؍اگست کو آر جی کر میڈیکل کالج اور اسپتال میں پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹر کی آبروریزی اور قتل کے بعد کئی جونیئر ڈاکٹر اس معاملے میں انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے گزشتہ ۱۱؍ دنوں سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔سی بی آئی کی جانچ میں پیش رفت نہ ہونے پر ان کا ایک نمائندہ وفدگورنرسے ملاقات کرنا چاہتا تھا، لیکن یہ لوگ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکے۔
 اس کے ساتھ ہی منگل کو فیڈریشن آف آل انڈیا میڈیکل اسوسی ایشن (فیما) نےبھی جاری بحران پر ریاستی حکومت کے ردعمل سے عدم اطمینان کا اظہار کیااور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کوایک بار پھر  الٹی میٹم پیش کیا۔’ فیما‘نے جونیئر ڈاکٹروں کی غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کے حوالے سے چیف سیکریٹری کے دفتر کی طرف سے فراہم کردہ نامکمل اور غیر تسلی بخش اسٹیٹس رپورٹ پر رد عمل کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اطمینان بخش نہیں ہے۔فیما  نے ہڑتالی ڈاکٹروں کی بگڑتی ہوئی صحت کا حوالہ دیا، جن میں سے۵؍ اب انتہائی نگہداشت کے یونٹوں میں داخل ہیں۔
   دریں اثنا ریاستی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی طرف سے جونیئر ڈاکٹروںکے۱۰؍ میں سے ۷؍ مطالبات پر عمل درآمد کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ مظاہرین اپنے تمام مطالبات پر عمل آوری چاہتے ہیں،اسلئے ہڑتال جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK