کارگزار وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا ڈونالڈ ٹرمپ کو دو ٹوک جواب۔
EPAPER
Updated: January 09, 2025, 1:32 PM IST | Agency | Ottawa
کارگزار وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا ڈونالڈ ٹرمپ کو دو ٹوک جواب۔
کناڈاکے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے نومنتخب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے کناڈا کو امریکہ کی۵۱؍ویں ریاست بنانے کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’قیامت تک اس بات کا کوئی امکان بھی نہیں ہے کہ کینیڈا، امریکا کا حصہ بن جائے گا۔‘‘ ’رائٹرز‘ کے مطابق جسٹن ٹروڈو نے ’ایکس‘ پر جاری کردہ پوسٹ میں کہا کہ ’’ہمارے دونوں ممالک (امریکہ اور کینیڈا) میں کارکن اور برادریاں ایک دوسرے کے سب سے بڑے تجارتی اور سیکوریٹی پارٹنر ہونے کی وجہ سے فائدہ اٹھاتی ہیں۔ ‘‘
منگل کو کناڈین وزیر خارجہ میلانیا جولی نے کہا تھا کہ’’ ٹرمپ کا بیان ظاہر کرتا ہے کہ وہ سمجھ نہیں سکے کہ کناڈا کیوں ایک مضبوط ملک ہے، ہم دھمکیوں کے سامنے کبھی خود کو نہیں جھکائیں گے۔‘‘ جسٹن ٹروڈو نے پیر کے روز اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی لبرل پارٹی کی غیر مقبولیت سے پریشان قانون سازوں کے دباؤ کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے آنے والے مہینوں میں عہدہ چھوڑ دیں گے۔ اگلے انتخابات۲۰؍ اکتوبر تک ہونے چاہئیں اور رائے عامہ کے جائزوں میں سرکاری طور پر حزب اختلاف کی کنزرویٹو پارٹی کی زبردست جیت کی پیش گوئی کی گئی ہے۔‘‘
دوسری جانب کنزرویٹو پارٹی کے لیڈر پیئر پوئیلییور نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’کناڈاکبھی بھی امریکہ کی۵۱؍ویں ریاست نہیں بنے گا، ہم ایک عظیم اور آزاد ملک ہیں۔‘‘
ڈونالڈ ٹرمپ ،کناڈا کا امریکہ کیساتھ انضمام کیوں چاہتے ہیں؟
نومبر۲۰۲۴ء میں صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد ماراے لاگو میں منعقدہ عشائیہ میں نومنتخب امریکی صدر نے کینیڈا کو ۵۱؍ویں ریاست بنانے کا شوشہ چھوڑا تھا۔ ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ اگر کناڈا اور میکسیکو نے منشیات اور امریکہ میں داخل ہونے والے غیر قانونی تارکین وطن پر قدغن لگانے کیلئے اقدامات نہیں کیے توکناڈا کی درآمدات پر۲۵؍ فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔ مار لاگو میں خطاب کے دوران نومنتخب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے پوچھا گیا تھا کہ کیا وہ کینیڈا پر قبضہ کرنے کیلئے فوجی طاقت استعمال کرنے پر غور کر رہے ہیں؟ انہوں نے جواب دیا تھا کہ ’’نہیں، ہم ’اقتصادی طاقت‘ استعمال کریں گے، کیونکہ کناڈا اور امریکہ ایک ہوجائیں تو عظیم مملکت بن جائیں گے۔‘‘ ٹرمپ طویل عرصے سے امریکہ کیساتھ کینیڈا کے تجارتی سرپلس کے متعلق شکایت کر رہے ہیں۔