کلیان کے اہم چوراہوں پر ’آئیڈیا‘ کی جانب سے’ نشے کا ناش‘ ڈراما پیش کیاگیا۔
EPAPER
Updated: January 07, 2025, 11:09 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan
کلیان کے اہم چوراہوں پر ’آئیڈیا‘ کی جانب سے’ نشے کا ناش‘ ڈراما پیش کیاگیا۔
ہر گزرتے وقت کے ساتھ نہ صرف منشیات کاکاروبار فروغ پا رہا ہے بلکہ نشے کے عادی افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔اس سنگین مسئلہ کے پیش نظر معروف ڈراما نگار مجیب خان کے گروپ’ ` آئیڈیا‘ ` نے شہر کے ۲؍ اہم چوراہوں پر ’نشے کا ناش‘ نامی نکڑ ناٹک پیش کیا۔
مہاتما پھلے پولیس کی جانب سے ریزنگ ڈے منایا جارہا ہے جس کے تحت مختلف تربیتی، اصلاحی اور سماجی پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر آئیڈیا کے با صلاحیت اداکاروں نے کلیان ریلوے اسٹیشن کے باہر اور بیل بازار چوک پر نکڑ ناٹک پیش کئے۔ ’نشے کا ناش‘ مجیب خان کا تحریر کردہ ناٹک ہے جسے انہوں نے ہی ڈائریکٹ بھی کیا ہے۔
اس موقع پر مجیب خان نے بتایا کہ اس نکڑ ناٹک میں ہر طرح کے نشے اور اس سے پیدا ہونے والی خرابیوں کو پیش کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ منشیات کے استعمال سے نہ صرف خاندان بلکہ پورا سماج تنزلی کا شکار ہوتا ہے۔ بقول مجیب خان نشے کے خلاف صرف انتظامیہ یا پولیس کو ہی پہل نہیں کرنی چاہیے بلکہ ہر آدمی کو اس کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے تاکہ اس سماجی برائی کا خاتمہ ہو سکے۔اس موقع پر مہاتما پھلے پولیس کے اہلکاروں نے بتایا کہ منشیات خریدنا اور فروخت کرنا قانون کی دفعہ ۱۵؍ کے تحت جرم ہے۔