• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

الہاس نگر: بی جے پی لیڈر گنپت گائیکواڈ، شیوسینا (شندے) لیڈر مہیش گائیکواڈ پر فائرنگ کیلئے گرفتار

Updated: February 03, 2024, 2:01 PM IST | Mumbai

الہاس نگر میں پولیس نے زمین کے تنازعہ کے معاملے میں بی جے پی ایم ایل اے کو مبینہ طور پر وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیوسینا لیڈر مہیش گائیکواڈ پر فائرنگ کرنے کیلئے گرفتار کیا ہے۔ گنپت گائیکواڈ نے قبول کیا کہ انہوں نے فائرنگ کی ہے کیونکہ ان کے بیٹے کو پولیس اسٹیشن میں مارا پیٹا جا رہا تھا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

تھانہ میں پولیس نے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیوسینا کے ایک لیڈر کو مبینہ طور پر شوٹ کرنے اور زخمی کرنے کیلئے بی جے پی کے ایم ایل اے گنپت گائیکواڈ کو حراست میں لیا ہے۔ایڈیشنل کمشنر آف پولیس دتیارا شندے نے میڈیا کو بتایا کہ بی جےپی سے تعلق رکھنے والے کلیان کے ایم ایل اے گنپت گائیکواڈ نے مہیش گائیکواڈ، جوکلیان شیوسینا کے چیف ہیں، پر جمعہ کی رات الہاس نگر کے ہل لائن پولیس اسٹیشن پرسینئر پولیس انسپکٹر کے چیمبر کے نیچے اوپن فائر کیا۔ 
گنپت گائیکواڈ نے اپنی حراست سے قبل کہا کہ انہوں نے آتشی اسلحہ اس وقت استعمال کیا جب ان کے بیٹے کو پولیس میں ماراپیٹا جا رہا تھا۔ 

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایکناتھ شندے مہاراشٹر کو ’’مجرمین کا اڈہ ‘‘ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایکناتھ شندے کے خیمے کے لیڈر مہیش گائیکواڈ کو تھانے کے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ان کا آپریشن ہوا تھا جو کامیاب رہا۔ 
ایڈیشنل سی پی شندے کے مطابق گنپت گائیکواڈ کے بیٹے زمین کے جھگڑے کے معاملے میں شکایت درج کروانے آئے تھے جب مہیش گائیکواڈ ساتھیوں کے ساتھ پولیس اسٹیشن پہنچے تھے۔ گنپت گائیکواڈ بھی تب ہی پولیس اسٹیشن پہنچے تھے۔ حکام کے مطابق بی جے پی ایم ایل اے اور شیوسینا لیڈر کے درمیان ہونے والی بحث کے بعد گنپت گائیکواڈ نے مبینہ طور پرسینئر پولیس انسپکٹر کے چیمبر کے نیچے مہیش گائیکواڈ پر گولی چلائی جس کے نتیجے میں مہیش گائیکواڈ اور ان کے ساتھی زخمی ہو گئے ۔
گنپت گائیکواڈ نے یہ الزام قبول کرتے ہوئے کہا کہ ہاں ، میں نے ان پر گولی چلائی ہےجس کا مجھے کوئی افسوس نہیں ہے۔ اگر پولیس اسٹیشن میں پولیس کے سامنے میرے بیٹے کو مارا جا رہا ہے تو میں اور کیا کر سکتا ہوں؟ 

 انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے پانچ مرتبہ گولی چلائی تھی۔ بی جے پی کے ایم ایل اے نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے مہاراشٹر کو ’’مجرمین کی ملکیت ‘‘بنانےکی کوشش کر رہے ہیں۔
حکام کے مطابق گنپت گائیکواڈ کے علاوہ پولیس نے اس کیس میں مزید ۲؍ افراد کو گرفتار کیا ہے۔انہیں انڈین پینل کوڈکےسیکشن ۳۰۷؍ اور ۱۲۰؍ بی کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ گنپت گائیکواڈ نے ایکناتھ شندے کے حوالے سے کہا کہ اگر مہاراشٹر میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے وزیر اعلیٰ رہیں گے تویہاں صرف مجرمین ہی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے میرے جیسے اچھے لوگوں کو آج مجرم بنا دیا ہے۔
 بی جے پی ایم ایل اے نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعلیٰ کے بیٹے اور کلیان کے ایم پی شری کانت شندے ان کے کئے گئے کاموں کا کریڈیٹ خود حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کئی مرتبہ اپنے سینئر لیڈران سے کہا ہے کہ یہ لوگ ہمارے لیڈران کے خلاف تشدد میں ملوث ہیں۔ زمین کے جھگڑے، جو ایکناتھ شندے شیوسینا کے لیڈر پرفائرنگ کی وجہ بنا، کے تعلق سے بات چیت کرتے ہوئے گنپت گائیکواڈ نے کہا کہ میں نے ۱۰؍ سال قبل یہ زمین خریدی تھی۔کچھ قانونی معاملات تھے لیکن ہم نے یہ کیس عدالت میں جیت لیا تھا۔تاہم، مہیش گائیکواڈ نے اپنی طاقت سے زمین پر قبضہ کیا۔
بی جے پی ایم ایل اے نے مزید کہا کہ ان کے بیٹے زمین کے جھگڑے کے تعلق سے پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کروانے گئے تھے۔ انہوں نے شیوسینا لیڈرپر فائرنگ کرنے کے حوالے سے کہا کہ مجھے کوئی افسوس نہیں ہے۔ ایک والد کے طور پر میں یہ برداشت نہیں کروں گا کہ میرے بیٹے پر کوئی ہاتھ اٹھائے۔ انہوں نے شندے کے خلاف بات کرتے ہوئے کہا کہ ایکناتھ شندے نے ادھو ٹھاکرے سے غداری کی ہےتو وہ بی جے پی سے بھی غداری کر سکتے ہیں۔ وہ (ایکناتھ شندے) مجھ پر کروڑوں روپے کے مقروض ہیں۔ اگر مہاراشٹر کو بہتر طریقے سے سنبھالنا ہے تو شندے کو استعفیٰ دینا چاہئے۔ یہ وزیر اعظم نریندر مودی اور نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس سے میری درخواست ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK