• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان: بی ایل او کی ڈیوٹی چوتھے درجہ کے ملازمین انجام دے رہے ہیں!

Updated: December 28, 2023, 7:13 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai

کلیان اور ڈومبیولی کے ۴؍اسمبلی حلقوں کی ووٹرلسٹ کی تیاری کاکام کم پڑھے لکھے ملازمین کو دینے سے بڑے پیمانے پر گڑبڑکا اندیشہ۔ ڈپٹی میونسپل کمشنر کوشکایتیں موصول

Preparation of voter list in assembly constituencies of Kalyan Dombioli Municipal Corporation is in progress.
کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن کے اسمبلی حلقوں میں ووٹرلسٹ تیار کرنے کا کام جاری ہے۔

 کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن( کے ڈی ایم سی) کے چوتھے درجے کے ملازمین کو ۴؍ اسمبلی حلقوں میں بطوربوتھ لیول آفیسر( بی ایل او) تعینات کیا گیا ہےجس کے سبب  ان چاروں اسمبلی حلقوں کی ووٹر لسٹ تیار کر نے کی ذمہ داری کم پڑھے لکھے ملازمین کو دینے سے ووٹر لسٹ میں بڑے پیمانے پرگڑ بڑ کا اندیشہ  ہے۔اس تعلق سے میونسپل کمشنر کو کئی شکایتیں موصول ہوئی ہیں  ۔اسی لئے ایک سابق کارپوریٹر    اس کی ریاستی الیکشن کمیشن سے شکایت کرنے والے ہیں۔  
ووٹرلسٹ میں بے شمارغلطیاں اورخامیاں 
    ۱۴؍ جولائی ۲۰۲۳ء کوریاستی الیکشن کمیشن نے ایک آرڈیننس جاری کرتے ہوئے ۲۸۸؍ اسمبلی حلقوں کی ووٹر لسٹ اور متعلقہ ووٹر رجسٹریشن کی ذمہ داری تیسرے درجہ کے ملازمین کو دینے کی ہدایت دی تھی۔ چیف الیکشن کمیشن کی طرف سے دی گئی ہدایات کے مطابق میونسپل کارپوریشن کی حدود میں بطور بی ایل او کام کر نے والے ملازم کی تعلیمی اہلیت کم از کم اتنی ہونی چاہئے کہ وہ بی ایل او ایپ کا استعمال کر سکیں۔ تاہم کے ڈی ایم سی کے مختلف محکموں میں کام کر نے والے چوتھے در جے کے ملازمین یعنی سپاہیوں اور کار کنوں کو بی ایل او کی ذمہ داری دی گئی ہے جس کے سبب نئے سرے سے تیار ہونے والی ووٹر لسٹ میں بے شمار غلطیاں اور خامیاں پائی جارہی ہیں۔ سوم در جہ کے ملازمین ہی کو  بی ایل او کی ڈیوٹی دینے کے حکم نامہ کے باوجود کم پڑھے لکھے ملازمین کو بی ایل او کی ذمہ داری سونپنے سے کافی  گڑبڑی ہورہی ہے۔
خصوصی سافٹ ویئر کا نظم کیا گیا ہے
 ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق چوتھے در جہ کے ملازمین اینڈ رائڈ فون کا صحیح استعمال نہیں کر پا رہے ہیں اس لئے ووٹر لسٹ میں نام درج یا کم کر نے کے طریقہ کار کو سمجھنے میں انہیں کافی دقتیں پیش آرہی ہیں۔ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کر دہ ہدایت کے مطابق ووٹر لسٹ کی تیار ی میں ناموں کی تصدیق کرنے  اورتصاویر اپ لوڈ کر نے کیلئے خصوصی سافٹ ویئر کا نظم کیا گیا ہے جس کا استعمال ایک پڑ ھا لکھا ملازم ہی کر سکتا ہے۔ 
’’ ریاستی الیکشن کمیشن سے تحریری شکایت کریں گے‘‘
 اس بارے میں کلیان کے سابق کارپوریٹر کاشف تانکی سے استفسار کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ شہری انتظامیہ ووٹر لسٹ کی تیاری میں غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کررہا ہے۔اتنے اہم کام کیلئے تعلیم یافتہ  افراد کی تقرری کرنے کے بجائے  چوتھے درجہ کے ملازمین کو بی ایل او کی ذمہ داری دی گئی ہے جو کسی بھی طرح مناسب نہیں ہے۔  انہوں نے یہ بھی کہا کہ  وہ اس ضمن میں ریاستی الیکشن کمیشن سے تحریری شکایت کریں گے۔
ڈپٹی میونسپل کمشنر کا تحریری حکم
 اس ضمن میں کے ڈی ایم سی کی ڈ پٹی میونسپل کمشنر ار چنا دِوے کو چوتھے درجہ کے ملازمین کی تقرری سے متعلق متعدد شکایات موصول ہورہی ہیں۔انہوں نے کے ڈی ایم سی کے ۱۰؍ وار ڈوں کے وارڈ افسروںکو تحر یری حکم دیا ہے کہ بی ایل او کی ذمہ د اری ایسے کوالیفائیڈ ملازمین کو سونپے جو موبائل ایپ کا بہتر اور صحیح استعمال کر سکیں۔لیکن متعلقہ حکام نے چوتھے در جہ کے ملازمین کو  بی ایل او کی ڈیوٹی پر تعینات کر دیا ہے جس  کے سبب ووٹر لسٹ میں گڑ بڑی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ 

kalyan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK