• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کلیان : مولوی کمپاؤنڈ کی خستہ حال عمارتوں کیخلاف انہدامی کارروائی

Updated: July 02, 2024, 10:24 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai

مکینوں نے شہری انتظامیہ سے ’او سی‘ ملنے کے بعد ہی مکان خالی کئے، تعمیرنو کے بعد دوبارہ گھر دیا جائےگا۔

Officials of the Municipal Corporation can be seen carrying out demolition operations against the damaged building. Photo: INN
میونسپل کارپوریشن کے اہلکار مخدوش عمارت کے خلاف انہدامی کارروائی کرتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی ) نے بالآخر مولوی کمپاؤنڈ میں واقع منا مولوی کی مخدوش عمارتوں کیخلاف، مکینوں دوبارہ گھر دینے کی یقین دہانی کے بعد، انہدامی کارروائی شروع کردی ہے۔ میونسپل انتظامیہ نے۲ ؍دن میں ۸۰ ؍ مکینوں کو اوکیوپینسی (قبضہ) سرٹیفکیٹ (او سی) دیا ہے۔عیاں رہے کہ ۲۲؍ جون کو منامولوی کی مخدوش عمارت کا چھجہ گرنے سے  ماں اور بیٹی زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد کے ڈی ایم سی نے مکینوں کو فوری طور پر گھر خالی کرنے کا انتباہ دیا تھا۔
 پیر کے روز کے ڈی ایم سی کے وارڈ آفیسر تشار سوناونے اور ان کی ٹیم نے مولوی کمپاؤنڈ میں واقع منا مولوی کی ۴؍ منزلہ  مخدوش عمارت کیخلاف انہدامی کارروائی شروع کی۔ عیاں رہے کہ  میونسپل انتظامیہ نے۲ ؍دن میں۸۰؍مکینوں کو اوکیوپینسی (قبضہ)سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے بعد ہی انہدامی کارروائی شروع کی۔ تاہم اس اچانک کارروائی سے مکینوں میں افراتفری مچ گئی کیونکہ بہت سے مکینوں نے اپنا سامان خالی نہیں کیا تھا۔ بعدازاں کے ڈی ایم سی کے انہدامی دستہ نے لوگوں کو سامان نکلنے کا موقع فراہم کرتے ہوئے  مخدوش عمارت کے باہری حصہ پر ہتھوڑا چلایا۔
 اس ضمن میں منامولوی بلڈنگ میں رہائش پذیر سیف شیخ نے بتایا کہ میونسپل انتظامیہ کے  دستہ نے صبح ۱۱؍ بجے کے بعد انہدامی کارروائی شروع کی۔ اس کارروائی سے لوگوں میں ناراضگی پائی جارہی ہے کیونکہ بہت سے لوگوں کا سامان گھروں میں موجودہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بلڈنگ کے مالک منا مولوی جلد سے جلد  نئی عمارت کا کام شروع کرکے  انہیں گھر دیں گے۔اس بارے سماجی کارکن  شفا پاولے نے کہا کہ  پچھلے ۲؍ سال سے سیکڑوں مکیں اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر منامولوی کی مخدوش عمارتوں میں رہائش پذیر تھے۔کے ڈی ایم سی انتظامیہ نے مکینوں کو گھر خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا تھا لیکن کسی کو بھی اوکیوپینسی سرٹیفکیٹ نہیں دیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ روز مخدوش عمارتوں  کےمکینوں اور میں نے میونسپل کمشنر اندورانی جھاکھڑ سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ جب تک مخدوش عمارت میں رہنے والے مکینوں کو تحریری یقین دہانی نہیں دی جاتی کوئی بھی گھر خالی نہیں کرے گا۔اس کا اثر یہ ہوا کہ کے ڈی ایم سی نے منامولوی کی دونوں عمارتوں کے مکینوں کو اوکیوپینسی سرٹیفکیٹ (او سی)جاری کیا اور پھر انہدامی کارروائی شروع کی۔ بلڈنگ کے مالک منیر احمد مولوی نے کہا کہ عمارت کو ۳ ؍سے ۴ ؍سال میں تعمیر کرکےمستحق مکینوں کو گھر دیئے جائیں گے، کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK