کلیان مشرق اسمبلی حلقہ سے گنپت گائیکواڑ کی بیوی سلبھا نے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ راج ٹھاکرے اپنی پارٹی ایم این ایس کے امیدوار راجو پاٹل کی ریلی میں شریک ہوئے
EPAPER
Updated: October 24, 2024, 11:35 PM IST | Mumbai
کلیان مشرق اسمبلی حلقہ سے گنپت گائیکواڑ کی بیوی سلبھا نے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ راج ٹھاکرے اپنی پارٹی ایم این ایس کے امیدوار راجو پاٹل کی ریلی میں شریک ہوئے
کلیان مشرق اسمبلی حلقہ سے مہایوتی کی امیدوار اور گنپت گائیکواڑ کی بیوی سلبھا گائیکواڑ نے طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑی ریلی نکال کر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا لیکن شیوسینا (شندے) گروپ کے تمام اہم لیڈران نےان کی ریلی سے کنارہ کشی اختیار کی۔ کلیان گرامین اسمبلی حلقہ سے مہاراشٹر نو نرمان سینا کے پرمود عرف راجو پاٹل نے پرچہ نامزدگی داخل کیا جبکہ اسی حلقہ سے شیوسینا(ادھو) کے سبھاش بھویئر نے بھی پرچہ نامزدگی داخل کیا۔
مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی شروعات ہوچکی ہیں۔ اس مرتبہ بی جے پی نے فائرنگ معاملے میں جیل میں بند رکن اسمبلی گنپت گائیکواڑ کی بیوی سلبھا گائیکواڑ کو ٹکٹ دیا ہے۔ تاہم شیوسینا (شندے) نے اس کی زور دار مخالفت کرتے ہوئے علی اعلان کہا ہے کہ وہ سلبھا گائیکواڑ کے خلاف کام کریں گے۔شیوسینا (شندے) کے سابق کارپوریٹر وشال پاوشے نے آزاد امیدوار الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ جمعرات کو سلبھا گائیکواڑ نے تیسائی کیبل آفس سے ایک زبردست ریلی نکالی جس میں بی جے پی کے قومی جنرل سیکریٹری ونود تاوڑے، کابینی وزیر رویندر چوہان، سابق رکن پارلیمان کپل پاٹل سمیت بی جے پی کے کئی بڑے لیڈر شامل تھے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کیلئے بڑی تعداد میں پولیس فورس کو تعینات کیا گیا تھا۔
دریں اثناءمہاراشٹر نو نرمان سینا(ایم این ایس) کےامیدوارراجو پاٹل نے مان پاڑہ سے ساولا رام اسپورٹس کمپلیکس سے بڑی ریلی نکالی اور اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس موقع پر راج ٹھاکرے نے بذات خود کار چلائی۔ عیاں رہے کہ پچھلے اسمبلی انتخابات میں ایم این ایس کے راجو پاٹل نے کلیان گرامین اسمبلی حلقہ سے جیت حاصل کی تھی۔ پورے مہاراشٹر میں صرف اسی ایک سیٹ پر ایم این ایس کو کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ جمعرات کو مان پاڑہ کے دفتر سے ہزاروں کارکنان کے ساتھ راجو پاٹل نے ریلی نکالی اور زونل الیکشن کمیشن کے دفتر پہنچ کر راج ٹھاکرے کی موجودگی میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔