نیو گووندواڑی (جے بھارت نگر) میں محض شک کی بنیاد پر ۱۰؍ سے ۱۲؍ لوگوں کے ایک گروپ نے مسلم خاندان کے گھر میں جبراً گھس کر ماں اور بیٹے کی بے رحمی سے پٹائی کردی۔
EPAPER
Updated: September 16, 2024, 11:18 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan
نیو گووندواڑی (جے بھارت نگر) میں محض شک کی بنیاد پر ۱۰؍ سے ۱۲؍ لوگوں کے ایک گروپ نے مسلم خاندان کے گھر میں جبراً گھس کر ماں اور بیٹے کی بے رحمی سے پٹائی کردی۔
نیو گووندواڑی(جے بھارت نگر) میں محض شک کی بنیاد پر ۱۰؍ سے ۱۲؍ لوگوں کے ایک گروپ نے مسلم خاندان کے گھر میں جبراً گھس کر ماں اور بیٹے کی بے رحمی سے پٹائی کردی۔ یہاں مضحکہ خیز بات یہ ہے کہ تلک نگر پولیس نے متاثرہ ماں اور بیٹے، جن کی بری طرح سے پٹائی کی گئی تھی،ان کے ہی خلاف لڑکی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اور مارپیٹ کا کیس درج کیا ۔بعد میںمتاثرین کی شکایت پر مخالف گروہ کے ۸ ؍افراد کے خلاف بھی کیس درج کیا ہے۔پولیس نے اس معاملے میں دونوں فریقین کے ۵؍ افراد کو گرفتار کرلیا ہے بقیہ ۵؍ افراد کی تلاش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق کرینہ چوہان(۲۱) نام کی لڑکی ۱۰؍ ستمبر کو اپنےگھر سے فرار ہوگئی اور ۱۳؍ ستمبر کو لوٹ کر بھی آگئی۔کرینہ کے گھر سے بھاگ جانے کے باوجود اہل خانہ نے پولیس میں گمشدگی کی رپورٹ بھی درج نہیں کروائی۔عیاں رہے کہ ۸ ؍ماہ قبل بھی کرینہ چوہان اختر نام کے ایک لڑکے کے ساتھ بھاگ گئی تھی پھر دوبارہ گھر لوٹ آئی تھی۔اُس وقت اختر نے اپنے شناسا ارحم شیخ کا نمبر کرینہ چوہان کے موبائل میں سیو کردیا تھا اور ایک کاغذ پر بھی لکھ دیا تھا۔ ۱۳؍ ستمبر کو جب کرینہ اپنی مرضی سے گھر لوٹ آئی تو گھر والوں نے اس کے پرس کی تلاشی لی جس میں ارحم شیخ کا نمبر ملا جو ان کے ہی پڑوس میں رہتا ہے۔ تاہم محض شک کی بنیاد پر کرینہ چوہان کے رشتہ دار چیتن پوار،پون چوہان گنیش راٹھوڑ، اوم کار راٹھوڑ،میٹا راٹھوڑ، سچن راٹھوڑ، سویتا راٹھوڑ اور سونا بائی وغیرہ نے ارحم سید کے گھر پہنچ کر اسے اور اس کی والدہ تسلیم شیخ کی لوہے کے پائپ اور ڈنڈوں سے انتہائی بے رحمی سے پٹائی کردی۔پون چوہان کا کہنا تھا کہ ارحم شیخ نے اس کی بہن کا اغوا کیا تھا ۔ اس حملہ میں ارحم شیخ کےسر پر ۲ ؍ٹانکے آئے اور ان کی والدہ کی پیشانی اور آنکھ پر گہرے زخم آئے ہیں۔تسلیم شیخ جب شکایت درج کرنے تلک نگر پولیس اسٹیشن پہنچیں تو پولیس نے جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تسلیم شیخ، ارحم شیخ اور ملزمین کے خلاف گواہی دینے والے ظہیر شیخ کے خلاف ہی لڑکی کیساتھ چھیڑ چھاڑ، دھمکانے اور مارپیٹ کا کیس درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔ بعدازاں متاثرہ تسلیم شیخ کی شکایت پر تلک نگر پولیس نے پون چوہان سمیت ۸ ؍افراد کے خلاف کیس درج کیا اور چیتن پوار، پون چوہان اور سچن راٹھوڑ کے خلاف بھی مارپیٹ کا کیس درج کیا۔فی الوقت گرفتار شدہ سبھی ملزمین کو تلک نگر پولیس نے پی آر بانڈ پر چھوڑ دیاہے۔اس معاملے میں انقلاب نے تفتیشی انسپکٹر ہری راوت سے بات چیت کی تو انہوں نے بتایا کہ مارپیٹ کرنے والے ۵ ؍افراد کو گرفتار کر کے انہیں پی آر بانڈ پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ پیر کے روز سبھی کو کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔