حاجی ملنگ پہاڑ پر حضرت سلطان بابا درگاہ کے قریب واقع ایک مکان پر چٹان گرگئی۔
EPAPER
Updated: June 11, 2024, 2:27 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai
حاجی ملنگ پہاڑ پر حضرت سلطان بابا درگاہ کے قریب واقع ایک مکان پر چٹان گرگئی۔
ابھی مانسون کی شروعات بھی نہیں ہو پائی ہے اور چند گھنٹوں کی معمولی بارش سے کوہ سہیادری المعروف حاجی ملنگ پہاڑ پر حضرت سلطان بابا درگاہ کے قریب واقع ایک مکان پر چٹان گرنے سے ایک شخص کی موت واقع ہوگئی اور اس کی بیوی شدید زخمی ہوگئی ہے جس کاسرکاری اسپتال میں علاج جاری ہے۔اس حادثہ میں متوفی کا ایک سالہ بچہ بھی معمولی زخمی ہوا تھا جسے علاج کے بعد گھر لے جانے کی اجازت دے دی گئی۔
اتوار اور پیر کی درمیانی شب تیز بارش کی وجہ سے پیر کی صبح تقریباً ساڑھے ۶؍ بجے حاجی ملنگ بابا درگاہ سے قریب واقع سلطان بابا درگاہ سے متصل سید بادشاہ نامی شخص کے گھر پر ایک بڑی سے چٹان گر گئی۔اس حادثہ میں سید غلام دستگیر بادشاہ(۳۱) اور اس کی بیوی سید نمیرا (۲۸) بری طرح سے زخمی ہوگئے۔زخمی حالت میں دونوں کو الہاس نگر کے سینٹرل اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے جانچ کے بعد سید غلام دستگیر کو مردہ قرار دے دیا جبکہ اس کی بیوی نمیرا دستگیر کو گہری چوٹیں آنے کے سبب اسپتال میں داخل کیا گیا۔
اس ضمن میں پیر حاجی ملنگ صاحب درگاہ کے ٹرسٹ کے صدر ناصر خان نے بتایا کہ سید غلام دستگیر اور اس کی بیوی ناشتہ کررہے تھے تب اچانک چٹان کا ایک حصہ گرا تو غلام دستگیر اپنے بچے کو بچانے کیلئے گیا اور پتھر کی زد میں آکر خود ہلاک ہوگیا جبکہ اس حادثہ میں اس کی بیوی بھی زخمی ہوگئی۔انہوں نے مزید کہا کہ درگاہ ٹرسٹ نے کئی جگہوں پر نوٹس بورڈ نصب کرکے سیاحوں اور مقامی لوگوں کو ایسی جگہوں پر رہنے اور جانے سے منع کیا ہے۔
حاجی ملنگ بابا درگاہ کے قریب رہنے والے عبدل بھائی عرف بابا جی نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ تقریباً ۲۰ ؍سال پہلے بھی حاجی ملنگ بابا کی درگاہ کے پاس بڑی چٹان گرنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔یہ چٹان اتنی بڑی تھی کہ دھماکہ کی زور دار آواز آئی تھی مگر خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ پیر کو چٹان کا ایک چھوٹا سا حصہ گرنے سے ایک شخص کی موت ہوگئی۔