• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کلیان : نیتولی پہاڑی کے ۳؍ خستہ حال مکان ۲؍گھروں پرگرگئے۔ معمرخاتون زخمی

Updated: July 19, 2024, 10:47 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai

مکینوں کو محسوس ہوا کہ ان کے مکانات آہستہ آہستہ کھسک رہے ہیں تو وہ خوفزدہ باہر آگئے۔ جن گھروں پر یہ مکانات گرے، ان کے مکین موجود نہیں تھے۔

The scene after the collapse of the houses on Nitoli Hill. Photo: Inquilab
نیتولی پہاڑی پر واقع مکانات گرنے کے بعدکا منظر۔ تصویر: انقلاب

جمعرات کی دوپہر  نیتولی ٹیکری پر واقع ۵؍مکانات منہدم ہوگئے۔ ہوا یہ کہ اونچائی پر واقع ۳؍ خستہ حال مکان ۲ ؍گھروں پر گرگئے۔ اس حادثہ میں ایک خاتون زخمی ہوگئی ہے۔ چونکہ مکینوں نے مکان گرنے کی آہٹ کو محسوس کرلیا تھا اس لئے انہوں نےفوراً اپنے گھروں کو خالی کردیا تھا۔ واضح رہے کہ پچھلے ایک ہفتہ سے جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے نیتولی ٹیکری کی زمین آہستہ آہستہ کھسکنے لگی ہے۔
نیتولی ٹیکری پر رہنے والے اننت پوار کے مکان کی خستہ حال دیوار میں بڑا سا شگاف پڑ گیا تھا۔ موسلادھار بارش کے سبب جمعرات کی دوپہر دیوار کا ایک حصہ اور مزید  ۳؍ مکانات ٹیکری کی ڈھلان پر واقع ۲؍ مکانات پر گرگئے۔ اننت پوار نے بتایا کہ مکینوں کو جیسے ہی احساس ہوا کہ گیلی مٹی کی وجہ سے ان کا گھر آہستہ آہستہ کھسک رہا ہے، وہ فوراً باہر آگئے۔ جن ۲ ؍مکانات پر یہ گھر گرے تھے، ان کے اہل خانہ کسی کام کی وجہ سے باہر گئے ہوئے تھے۔ایک گھر میں معمر خاتون سوئی ہوئی تھی جو ملبے کی زد میں آکر زخمی ہوگئی ہے۔
عیاں رہے کہ ۳؍ روز قبل نیتولی ٹیکری سے متصل کچورے ٹیکری چٹان کا تودہ  ایک مکان کے قریب  گرا تھا۔ خوش قسمتی سے اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ جون میں کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن(کے ڈی ایم سی ) نے نیتولی اور کچورے ٹیکری کے ۱۴۰ ؍خاندانوں کو نوٹس دیا تھا۔ شہری انتظامیہ نے پہاڑی پر رہنے والوںکی رہائش کا انتظام ایک میونسپل اسکول میں کیا ہے۔جب تیز بارش ہوتی ہے تو کچھ لوگ عارضی طور پر وہاں چلے جاتے ہیں اور جیسے ہی بارش کا زور کم ہوتا ہے، واپس آجاتے ہیں۔ مانسون کے دوران لوگ اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر پہاڑی پر رہتے ہیںجبکہ بارش میں چٹان کھسکنے اور مکانات گرنے کے واقعات پیش آتے ہیں جس کی وجہ سے یہاں رہنے والے مکینوں کی زندگی کوہمیشہ خطرہ لاحق رہتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK