ایم ایم آر ڈی اے نے بانڈونگری پہاڑی پراس کام کیلئے ٹینڈر طلب کیا ہے۔ ۵؍ مہینے قبل موسلادھاربارش کے دوران چٹان کھسکنے سے ہائی وے پر ٹریفک بری طرح جام ہوگیا تھا
EPAPER
Updated: January 07, 2021, 10:11 AM IST | Ranjeet Jadhav | Kandivali
ایم ایم آر ڈی اے نے بانڈونگری پہاڑی پراس کام کیلئے ٹینڈر طلب کیا ہے۔ ۵؍ مہینے قبل موسلادھاربارش کے دوران چٹان کھسکنے سے ہائی وے پر ٹریفک بری طرح جام ہوگیا تھا
گزشتہ سال ۴؍ اگست کو موسلادھار بارش کے دوران کاندیولی میں ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر اچانک چٹان کھسک گئی جس کی وجہ سے مصروف اوقات میں ٹریفک بری طرح جام ہوگیا تھا۔
اس تعلق سے میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ایم ایم آر ڈی اے) کے ایک افسر نے اس نمائندے کو بتایا کہ ’’چٹان کھسکنے کےاس طرح کے واقعہ کو روکنے کیلئے ہم نے کاندیولی میں ٹائمس آف انڈیا کی عمارت کے قریب چٹان کے استحکام اوراسے کم کرنے کے کام کیلئے ٹینڈر طلب کیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’جسے اس کاٹھیکہ ملے گا ، اسے چٹان کے کمزور حصے کو ہٹانا ہوگا اور کچھ ایسے اقدامات کرنے ہوں گے جس سے سڑک پر چٹان دوبارہ گرنے سے رک جائے۔‘‘
آئی آئی ٹی بامبے نے چٹان کھسکنے کے واقعہ کے بعد وہاں کا دورہ کیا تھا اور سفارشات کے ساتھ ایک تکنیکی رپورٹ پیش کی تھی ۔ ان مشوروں کی بنیاد پر کمزورحصوں کو ہٹانے اور مٹی کو صاف کرنے کا دیگر کام کیا جائے گا۔افسر کے مطابق ’’آئی آئی ٹی بامبے کی پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق کمزور حصوں کو ہٹانے کے بعد چٹان کے نصف حصے تک سیمنٹ کنکریٹ کی حفاظتی دیوار تعمیر کی جائے گی اور چٹان کھسکنے سے روکنے کیلئے اس کے اوپر اسٹیل کی جالیاں لگائی جائیں گی۔‘‘
ایم ایم آر ڈی اے کے میٹروپولیٹن کمشنر آر اے راجیو نے اس تعلق سے کہا کہ ’’آئی آئی ٹی بامبے کے مشورے کے مطابق کام کیا جارہا ہے۔ اس سے نہ صرف متاثرہ علاقے کو محفوظ رکھنے میں مدد ملے گی بلکہ آئندہ چٹان کھسکنے کے واقعہ کو بھی روکا جاسکے گا۔‘‘
ویسٹرن ایکسپریس ہائی دہیسر کو باندرہ سے جوڑنے والی ایک اہم سڑک ہے اور میراروڈ ، تھانے ، گھوڑبندر رو اور احمدآباد وغیرہ کے گاڑی والے باندرہ اور جنوبی ممبئی پہنچنے کیلئے اسی شاہراہ کا استعمال کرتے ہیں۔ اسی کے پیش نظرایم ایم آر ڈی اے نے یہ کام شروع کیا ہے۔